متفرق

قرارداد تعزیت بروفات مکرم ومحترم خالد محمود الحسن بھٹی صاحب وکیل المال ثالث تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ وسیکرٹری کمیٹی آبادی

از مجلس تحریک جدید

مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ کا یہ غیرمعمولی اجلاس منعقدہ 11.3.21مکرم ومحترم خالد محمود الحسن بھٹی صاحب وکیل المال ثالث تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان، ربوہ و سیکرٹری کمیٹی آبادی کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

آپ مورخہ 16؍فروری 2021ء کو طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں قریباً3ہفتے علالت کے بعد وفات پا گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

مکرم و محترم خالد محمود الحسن بھٹی صاحب مورخہ یکم جنوری 1955ء کو مکرم حکیم رحمت خان بھٹی صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیدائشی احمدی تھے۔ ابتدائی تعلیم تعلیم الاسلام ہائی سکول ربوہ سے حاصل کی۔ اس کے بعد تعلیم الاسلام کالج ربوہ سے ایف اے کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ اور پھر اسی یونیورسٹی سے 1978ء میں پولیٹیکل سائنس اور 1980ء میں تاریخ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد آپ نے بطور لیکچرارگورنمنٹ سروس شروع کی۔ مگر دو سال کے بعد ہی وہاں سے استعفیٰ دے کر نومبر 1982ء میں اپنی زندگی وقف کر دی۔ یکم دسمبر 1982ء سے آپ کا تقرر وکالت تعمیل و تنفیذ میں ہوا۔ جولائی 1986ء میں آپ کو وکالت علیا میں انچارج دفتر مقرر کیا گیا۔ یکم جنوری 1990ء میں آپ کا تقرر بطور نائب وکیل تعمیل وتنفیذ ہوا۔ جہاں آپ نے اکتوبر 1999ء تک کام کیا۔ اکتوبر1999ء میں آپ کو وکیل الدیوان مقرر کیا گیا۔ آپ نے جون 2020ء تک بطور وکیل الدیوان خدمت کی توفیق پائی۔ اسی دوران مئی 1999ء تا23؍اکتوبر2000ء آپ کوبطور نائب وکیل التعلیم بھی خدمت کا موقع ملا۔

مورخہ 20؍جون 2020ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم خالد محمود الحسن بھٹی صاحب کا تقرر بطور وکیل المال ثالث و سیکرٹری کمیٹی آبادی فرمایا۔ تا وفات آپ اسی خدمت پر مامور تھے۔ آپ کو آخری دم تک سلسلہ عالیہ احمدیہ کی خدمت کی توفیق ملی۔ آپ کا عرصہ خدمت تقریباً38سال پر محیط ہے۔

آپ نے اندرون و بیرون ملک جماعتی دورہ جات کی بھی توفیق پائی۔ بیرونی ممالک میں آپ نے انڈونیشیا، سنگاپور، برما، سری لنکا، نیپال اور یوگنڈا کا دورہ کیا اور جماعتوں کو نظام جماعت سے آگاہی دی۔

اس کے علاوہ آپ نے بطور

٭…ممبر مجلس کار پرداز

٭…چیئرمینO.R.P.co

٭…صدر جامعہ احمدیہ سوسائٹی

٭…نائب افسر جلسہ سالانہ ربوہ

٭…نائب صدر مجلس انصار اللہ پاکستان

٭…نیز کچھ عرصہ بطور ممبر قضابورڈ ربوہ بھی خدمت کی توفیق پائی۔

1978ء میں آپ کی شادی محترمہ نصرت ناہید صاحبہ بنت مکرم سارنگ خاں بھٹی صاحب سے ہوئی۔ آپ کے ایک بیٹے عزیزم خرم عثمان خالد واقف زندگی کارکن ایم ٹی اے لندن اور دو بیٹیاں عزیزہ ڈاکٹر صائمہ خالد صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالحئی مظفر صاحب جرمنی اور عزیزہ عاصمہ خالد صاحبہ اہلیہ مکرم عمران چیمہ صاحب سویڈن ہیں۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے تینوں بچے شادی شدہ اور صاحب اولاد ہیں۔

آپ کاخلافت کے ساتھ بے حد اخلاص، اطاعت اور محبت کاتعلق تھا۔ آپ بہترین منتظم، پر وقاراور نفیس شخصیت کے مالک تھے۔ جماعتی قواعدو ضوابط سے خوب آگاہی رکھتے تھے۔ غریب پرور، ضرورت مندوں کی خبرگیری کرنے والے، اپنے کام پرپوری دسترس رکھنے والے، متحمل ومنصف مزاج، معاملہ فہم اور صائب الرائے تھے۔

سیدناحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 26؍فروری2021ء کو نہایت خوبصورت اور شاندار الفاظ میں آپ کاذکرخیر فرمایا۔ حضور پر نور نے ارشاد فرمایا کہ

’’…جہاں بھی دوروں پر جاتے تھے، بڑی گہرائی سے جاکے سارے جائزے لیتے تھے اور ان کی رہنمائی کرتے تھے اور ان جماعتوں میں جہاں یہ گئے ہیں خاص طور پر برما میں اور سری لنکا میں تو بہت کچھ انہوں نے سیکھا ہے، جماعتوں نے…میں نے بھی دیکھا ہے کہ بڑی محنت سے کام کرنے والے تھے اور بڑی وفا سے اور وقف کی روح کو قائم رکھتے ہوئے انہوں نے ہمیشہ خدمت کی ہے…انہوں نے پاکستان میں بھی اور بیرون ملک جہاں بھی گئے بڑا اچھا اثر قائم کیااور خدمت کے جذبے سے کام کیا۔ اور بڑی وفا سےاپنے وقف کو نبھایا۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے، ان کی اولاد کو بھی ان کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔‘‘

ہم جملہ ممبران مجلس تحریک جدیدانجمن احمدیہ پاکستان وکارکنان تحریک جدیدمکرم و محتر م خالد محمود الحسن بھٹی صاحب (مرحوم) کے انتقال پرملال پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمت اقدس میں اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔

نیزمرحوم کے جملہ پسماندگان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے، دعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ اس خادم سلسلہ کی مغفرت فرماتے ہوئے، جنت الفردوس میں جگہ دے اورپسماندگان کوصبرجمیل عطا فرمائے اوران کاحافظ وناصرہو۔ مرحوم کی اولاداورآئندہ نسلوں کو مرحو م کی نیکیوں کا وارث بنائے۔ اور اللہ تعالیٰ جماعت اور خلافت احمدیہ کو باوفا، مخلص، معاون و مددگارخادم دین ہمیشہ عطا فرماتاچلاجائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button