ایڈیٹر کے نام خطوط

ایڈیٹر کے نام خطوط

مکرم ملک عبدالرحمٰن وسیم صاحب لندن سے تحریر کرتے ہیں:

الفضل انٹرنیشنل کے 30؍ مارچ 2021ء کے شمارے میں شائع ہونے والے مضمون ’’مصلح عالم مسیح محمدی علیہ السلام کی اعجازی برکات‘‘ میں حضرت مولانا محمد ابراہیم صاحب بقاپوریؓ کی قبولیت دعا کا واقعہ جس میں ان کی دعا سے اللہ تعالیٰ نے ان کے بیٹے اسحاق بقاپوری صاحب کے ڈاکٹری میں داخلہ کےلیےکمزوری صحت کے باوجود سامان فرما دیے تھے پڑھ کر ڈاکٹر اسحاق بقاپوری صاحب کی خوشگوار یادیں اور ان کا چہرہ ذہن میں تازہ ہو گیا۔ الفضل میں آپ کے بارے میں مضمون پڑھنے سے پہلے خاکسار کو علم نہ تھا کہ آپ کے ڈاکٹر بننے کے پیچھے دعا کا معجزہ بھی کارفرما تھا۔ یہ واقعہ پڑھ کر خاکسار خاص لطف اور سکینت محسوس کرتا ہے کیونکہ خاکسار اس بات کا چشم دید گواہ ہے کہ آپ دبلے پتلے اور بظاہر کمزور جسم کے مالک تھے۔ آپ ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دعا گو اور قرآن کریم سے عشق کرنے والے بزرگ تھے۔ میری پہچان آپ سے اُس وقت ہوئی جب مسجد بیت النور ماڈل ٹاؤن لاہور میں نمازِ تراویح کے دوران اکثر اوقات آپ حافظ صاحب کو لقمہ دیا کرتے تھے۔ اگر میں یہ کہوں کہ آپ ہی حافظ صاحب کی تصحیح کا فریضہ سرانجام دیتے تھے تو مبالغہ نہ ہو گا۔ کئی بار آپ کو امتحان میں کامیابی اور دیگر مسائل کے لیے درخواستِ دعا کی بھی توفیق ملی۔ فالحمدللہ۔ آج الفضل کی بدولت خاکسار کو یہ علم ہوا کہ ایک درویش صفت بزرگ جن سے ہم سب نے فیض اٹھایا دراصل اللہ تعالیٰ کے مسیح پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ایک صحابی کی قبولیتِ دعا کا چلتا پھرتا نشان تھے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مسیح پاک ؑ کےسب غلاموں کو مقبول دعائیں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button