افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ مغربی ریجن، عوامی جمہوریہ کونگو کا دوسرا ریجنل اجتماع

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ عوامی جمہوریہ کونگو کو اپنے مغربی ریجن (Congo West)کا دوسرا ریجنل اجتماع مورخہ 27 تا 28؍مارچ 2021ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ اس اجتماع میں مغربی حصہ کے مندرجہ ذیل ریجنز کے انصار شامل ہوئے: Bandundu، Kikwit، Central Kongoاور Kinshasa۔

کووڈ۔19کے تناظر میں بڑے بڑے اجتماعات پر پابندی تھی۔ اس لیے تمام ریجنز سے صرف چنیدہ انصار کو کوٹہ کے تحت اجتماع میں شمولیت اور اپنے ریجن کی نمائندگی کی توفیق ملی۔ اجتماع کی تیاری کے لیے مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا کی رہنمائی کے مطابق تمام تیاری کے امور کو ایک کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔ اس کمیٹی کے ناظم اعلیٰ مکرم ابو بکر Tshitengeصاحب تھے اور ان کے ساتھ معاونت کے لیے مکرم امیر صاحب نے خاکسار (مبلغ سلسلہ کنشاسا) کو بھی ہدایت فرمائی تھی۔

یہ اجتماع مرکزی مشن ہاؤس کنشاسا اور احمدیہ سکول کنشاسا میں منعقد ہوا۔ اس کے انعقاد سے قبل لوکل اتھارٹیز سے تحریری اجازت حاصل کی گئی۔ اس اجتماع کے لیے ایک مہینہ قبل ہی مقابلہ جات کا نصاب ریجنز میں بھجوا دیا گیا۔ مورخہ 26؍ماچ کو سب ریجنز کے انصار کے وفود کنشاسا پہنچ گئے۔

27مارچ بروز ہفتہ اجتماع کا پہلا دن تھا۔ جس کا آغاز نماز فجر سے ہوا۔ نماز کے بعد سچائی کے موضوع پر درس ہوا۔ صبح آٹھ بجے تمام شاملین کی ناشتہ سے تواضع کی گئی۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب کے لیے سب تیار ہوئے اور دس بجے صبح افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ اس تقریب کی صدارت مکرم یونس احمد Bembaصاحب صدر مجلس انصار اللہ نے کی۔

تلاوت کلام پاک کے بعد تمام حاضرین نے مکرم صدر صاحب انصار اللہ کی اقتدا میں عہد دہرایا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب انصار اللہ نے خطاب کیا جس میں انصار اللہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔

امسال اس ریجنل اجتماع میں 7علمی اور 3ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ جن میں تلاوت، تقریر، اذان، مشاہدہ معائنہ، پیغام رسانی، حفظ قرآن اور نماز سادہ، رسہ کشی، پنجہ آزمائی اور سوئی میں دھاگہ ڈالنا شامل تھے۔ تمام ریجنز کے انصار نے ان مقابلوں میں بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔

دوپہر دو بجے تک تمام علمی مقابلہ جات اختتام پذیر ہوگئے۔2بجکر20منٹ پر نماز ظہر و عصر اداکی گئیں۔

بعدازاں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد ایک مختصر وقفہ ہوا اور پھر ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ رسہ کشی کا مقابلہ بہت دلچسپ رہا جس میں ریجن کنشاسا نے ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد فتح حاصل کی۔ اسی طرح پنجہ آزمائی کا مقابلہ بھی قابل دید رہا۔ آخر پر سوئی میں دھاگہ ڈالنے کا مقابلہ ہوا۔ مقابلوں کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں اور شام کا کھانا پیش کیا گیا۔

28مارچ کے دن بھی نماز فجر سے آغاز ہوا۔ بعد ازاں نماز کی اہمیت پر درس ہوا او ر ناشتہ کے بعد سب شاملین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ فرمودہ 26؍مئی2017ء فرنچ ترجمہ کے ساتھ سنایا گیا۔ اس خطبہ میں حضور انور نے خلافت کی اہمیت و برکات کا ذکر فرمایا تھا۔

دن گیارہ بجے اختتامی تقریب کا آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد تمام شاملین نے عہد مجلس انصار اللہ مکرم امیر صاحب کی اقتدا میں دہرایا۔ اس کے بعد اردو نظم مع فرنچ ترجمہ پیش کی گئی۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ فائزین میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی خطاب کیا اور دعا کروائی۔تقریب کے بعد نماز ظہر و عصر با جماعت ادا کی گئیں۔ بعد ازاں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ کے فضل و کرم سے امسال اس اجتماع میں 102؍احباب شامل ہوئے جن میں سے 87انصار تھے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام شاملین کو جماعت احمدیہ کی حقیقی تعلیم پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button