حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(12؍اپریل ۔08:00 GMT)

کل مریض: 136,673,299

صحت یاب ہونے والے: 109,935,663

وفات یافتگان: 2,950,390

٭…جرمنی نے مشرقی یوکرین میں تعینات روسی فوج کی واپسی کا مطالبہ کردیا جبکہ مشرقی یوکرین میں یوکرینی فوج اور روس کےحامی علیحدگی پسندوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ کریملن ترجمان نے رد عمل میں کہا ہے کہ روس کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی زمین پر جہاں چاہے فوج کو منتقل کرے۔ دوسری جانب روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بحیرۂ اسود میں ایسے ملکوں کی سرگرمیاں بڑھنے پر تشویش ہے جن کی سرحدیں بحیرہ اسود سے نہیں ملتیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے اپنے دو جنگی جہاز ترکی کے آبی راستے سے بحیرہ اسود بھیجنے کی لیے ترکی سے رابطہ کیا ہے۔

٭…ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ ڈیوک آف ایڈنبرا بیمار رہنے کے بعد 99 سال کی عمر میں جمعہ 9؍ اپریل 2021ء کو انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر 8 روزہ قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے محل سمیت اہم عمارتوں پر پرچم کو سرنگوں کردیا گیاہے۔

٭… ویانا میںایران جوہری مذاکرات کے دوسرے دور میں فریقین کے مطابق بات چیت تعمیری رہی اور ایران، امریکا کی معاہدے میں واپسی کی کوششوں میں پیش رفت ہوئی۔ مذاکرات کا اگلا دور 14؍ اپریل کو ویانا ہی میں ہوگا۔

٭… امریکی صدر جو بائیڈن نے فلسطین کی امداد بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 235 ملین ڈالرز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہےجو ٹرمپ دور میں روکی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک سے بھی ایسے اقدامات کی امید ہے۔

٭…واشنگٹن میں بدھ 7؍ اپریل کو ہر 4 برس بعد پیش کی جانے والی امریکی حکومت کی نیشنل انٹیلی جنس کونسل کی گلوبل ٹرینڈز رپورٹ برائے جنوبی ایشیا میں ممکنہ جنگ کے خدشات سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت طویل جنگ میں الجھ سکتے ہیںلیکن دونوں میں سے کوئی فریق جنگ نہیں چاہتا۔یہ رپورٹ پالیسی سازوں کو آئندہ 5 سے 20 سالوں میں دنیا کی ممکنہ قوتوں کے حوالے سے اندازہ کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ کچھ عسکریت پسند تنظیموں کی جانب سے حملے کرنے کی صلاحیت کے باعث نئی دہلی کی جانب سے اسلام آباد کے خلاف جوابی کارروائی کا عزم اور پاکستان کا اپنے دفاع کا عزم آئندہ 5 برسوں میں برقرار رہ سکتا ہے یا مزید بڑھ سکتا ہے ۔

٭…برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے میانمار کے سفارتخانے میں میانمار کی فوجی حکومت کی کارروائیوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ بغاوت اورتشدد کے خاتمے نیزجمہوریت کی تیزی سے بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔

٭…ترکی کے شہر انقرہ میں کریمنل کورٹ نے سابق لیفٹیننٹ کرنل، سابق کرنل اور دو سابق میجروں کو ناکام فوجی بغاوت کے الزام میں عمر قیدکی سزا سنادی۔ فوجی افسران پر خاتون اینکر کو سرکاری ٹیلی ویژن پر فوجی بغاوت کا اعلامیہ پڑھنے پر مجبور کرنے، سرکاری نشریاتی ادارے کی عمارت کا محاصرہ کرنے اور صدارتی گارڈ رجمنٹ سے جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز جانے والی ٹیم کی رہنمائی کرنے کا الزام ہے۔

٭…جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق جنوری سے ایران کی تحویل میں موجود جنوبی کوریائی بحری جہاز اور اس کے کپتان کو تین ماہ بعد رہا کردیا گیا ہے۔ یہ اقدام جنوبی کوریا کی جانب سے منجمد اربوں ڈالرز کے ایرانی اثاثے آزاد کرانے میں مدد کرنے کی یقین دہانی پر کیا گیاجو امریکی پابندیوں کے تحت جنوبی کوریا کے بینکوں میں منجمد ہیں۔ ایران نےجنوری میں ماحولیاتی آلودگی کے الزام میں تیل بردار جہاز کو ضبط کر لیا تھا جو آبنائے ہرمز کے نزدیک سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات جا رہا تھا۔

٭…بھارت نے امریکی بحری بیڑوں کے بغیر اجازت سمندری حدود اور خصوصی اقتصادی زون میں داخل ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے امریکا سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ امریکہ کے ساتویں بیڑے نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ یو ایس ایس جان پال جونز نے بدھ کے روز عالمی قوانین کے تحت بھارت کی جانب سے منظوری لیے بغیر لکشادپ جزیرے سے تقریباً 130 ناٹیکل مائلز میں اپنے حقوق اور آزادی کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زون میں داخلے سے قبل اجازت طلب کرنے کا بھارتی مطالبہ بین الاقوامی قانون سے مطابقت نہیں رکھتا اور جہاں بھی بین الاقوامی قانون اجازت دیتا ہے، امریکا اس سمت میں سمندر میں بھی جائے گا، پرواز بھی کرے گا اور کام بھی کرے گا۔دوسری جانب ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندام باغچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے خصوصی اقتصادی زون سے امریکی بحری جہاز کے گزرنے کے حوالے سے سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکی حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

٭…سعودی کابینہ اجلاس میں شاہ سلمان نے برادر اور دوست ممالک کے سربراہان کے ساتھ ہونے والے رابطوں کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ نے ایک بار پھر اردن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت مکمل طور پر اردن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

٭…سعودی سرحدی سیکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے صوبے کے جدہ اور رابغ سیکٹرز میں 245 کلوگرام منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ اس حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ جدہ سیکٹر سے 211 کلوگرام سے زائد جبکہ رابغ سیکٹر میں ساڑھے 34 کلوگرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔

٭…شمالی آئرلینڈ میں برطانیہ نواز گروہ اور قوم پرستوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے ایک ہفتے سے جاری فسادات اور جلاؤ گھیراؤ میں زخمی اہلکاروں کی تعداد 55 ہوگئی۔ بچوں سمیت مشتعل افراد نے پولیس پر پیٹرول بموں اور پتھروں سے حملے کیے۔ اہلکاروں نے مظاہرین پر پانی کی توپیں چلا کر جواب دیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور وائٹ ہاؤس نے مظاہرین سے تشدد ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

٭…سینٹرل نائیجریا کی ریاست بینوے میں مسلح افراد کے فوجی قافلے پر حملے سے گیارہ فوجی ہلاک ہوگئے۔ ترجمان نائیجیرین فوج کے مطابق ریاست بینوے میں فوج کے کئی دستے تعینات ہیں جنہیں معمول کے آپریشنل ٹاسک کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

٭… سعودی اعلیٰ عدالتی کونسل نے رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے گواہی قریبی عدالت میں ریکارڈ کروانے کے لیے بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں سے رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ریاض سے جاری اپیل میں کہا گیا ہے کہ جو بھی رمضان کا چاند دیکھے گواہی قریبی عدالت میں ریکارڈ کروا سکتا ہے۔

٭…تائیوان کی چائنا ایئرلائنز کے ذریعہ شہد کی ہزاروں مکھیوں کو خصوصی جال کے پنجروں میں بند کرکے آسٹریلیا سے کولمبیا منتقل کیا گیاہے۔ برٹش کولمبیا حکومت کے ایک خاص منصوبے کے تحت انہیں پھلوں کے درختوں کیلئے لایا گیا ہے اور انہیں برٹش کولمبیا بھر میں اسٹریٹجک مقامات پر چھوڑا جائے گا۔

٭…پاکستانی ڈاکٹر آمنہ خان نے مالٹا یونیورسٹی میں ہڈیوں کے سرطان کے علاج کے لیے نوویل کیمیکلز میں تحقیق کرنے والی دنیا کی پہلی طالبہ ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔انہوں نے مالٹا کے نیشنل ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں پہلی دفعہ ان قدرتی اجزاسے ہڈیوں کے سرطان کے علاج پر تحقیق کی جا رہی ہے۔ یہ نوویل اجزا حشرات الارض اور نباتات سے حاصل کیے جاتے ہیں اور ان کے ذریعے سے ہڈیوں کے سرطان کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ یہ کیموتھراپی کی طرح صحت مند ہڈیوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ صرف سرطان کے خلیوں کو ختم کرتے ہیں۔ڈاکٹر آمنہ نے اس تحقیق پر لکھی گئی اپنی کتاب مالٹا کے صدر جارج ویلا کو پیش کی جس پر مالٹا کے صدر نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر آمنہ کی تحقیق دورِ حاضر کی انمول ایجاد ثابت ہو گی اور ہمیں یہ فخر ہے کہ یہ تحقیق مالٹا کی یونیورسٹی میں کی گئی ہے۔

٭…سعودی عرب میں غداری کے الزام ثابت ہونے پرسعودی وزارت دفاع میں ملازمت کرنے والے تین فوجیوں کو سزائے موت دیدی گئی۔ تینوں فوجیوں کو دشمنوں کے ساتھ تعاون نیز ریاست اور فوج کے مفادات کی خلاف ورزی پر غداری کا مرتکب قرار دیا گیا۔ وزارت دفاع نے تینوں فوجیوں کو سزائے موت دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

٭…ترکی نے اطالوی وزیر اعظم ماریو ڈریغی کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان پر یورپی کمیشن کے صدر ارسلا وان ڈیر لیین کی توہین کرنے اور انہیں ’ آمر ‘ کہنے کے الزامات عائد کرنے کی مذمت کی ہے۔ وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے منگل کے روز انقرہ میں ترک صدر سے ملاقات کی تھی۔

٭…انڈونیشیا میں 3 ایرانی، ایک پاکستانی اور 9 انڈونیشین باشندوں سمیت 13 مشتبہ افراد کو 400 کلوگرام میتھامفیتیمین نامی منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت سنا دی گئی ہے جس پر فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ انڈونیشیا میں ایک وقت میں سزائے موت پانے والے منشیات اسمگلروں کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں انسداد منشیات کے خلاف دنیا کے سب سے سخت قوانین موجود ہیں لیکن یہاں گزشتہ کئی برس سے پھانسیوں کا سلسلہ بند تھا۔

٭…دبئی میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے مشہور شاہراہ امارات پر 28 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سڑک پر ٹریفک بحال کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔

٭…چین کے صوبے شانسی میں واقع تائیوان سیٹلائٹ سینٹر سے لانگ مارچ 4 ۔ بی کیریئر راکٹ کے ذریعے شیعان 6 سیریز کا ایک نیا سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ مدار میں بھیجا گیا ہے۔ اس کا مقصد خلائی ماحول کا سروے اور متعلقہ ٹیکنالوجیز پر تجربات کرنا ہے۔

٭…نیوزی لینڈ کی سرحد پر کورونا وائرس کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 17کا تعلق بھارت سے تھا۔ اس وجہ سے بھارتی مسافروں پر ملک میں داخلے پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگا دی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق 11؍ سے 28؍ اپریل تک ہوگا۔ یاد رہے کہ وطن واپس آنے والے کیوی شہری بھی اس سے متاثر ہوں گے۔

٭… فروری میں کرونا پابندیوں کے باوجود ناروے کی خاتون وزیراعظم Erna Solberg کی سالگرہ کی تقریب میں 13افراد نے شرکت کی ۔نارویجین پولیس نے کورونا کی سماجی فاصلے سے متعلق 10 سے زائد افراد کے اجتماع کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر وزیراعظم پر 2352 امریکی ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا۔ وزیراعظم نے سالگرہ کا اہتمام کرنے پر معافی بھی مانگی تھی۔

٭…مصر: اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج اور سٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب نے خود کو 500 مصری پاونڈ جرمانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ مقدمہ سے ہٹ گئی۔ جس پر انکوں نے خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے جرمانہ کردیا۔ واضح رہے کہ جسٹس کلوب دوسرے جج حضرات اور وکلا کو مقدمات کی سماعت کےدوران اپنے فون بند رکھنے کی تاکید کرتے رہےہیں۔

٭…پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف محمد رضوان کے 74 رنز کی بدولت ٹی 20 میچ میں پہلی بار 189 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کر کے اپنا ہی ایک ریکارڈ توڑ دیا۔ پاکستان نے اس سے قبل 2018ء میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف 184 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 189 رنز کا ہدف 20ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا جبکہ 184 رنز کا ہدف اس نے 19 اعشاریہ 2اوورز میں حاصل کیا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button