افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے پورٹ لوکو ریجن میں مسجد کا افتتاح اور تقریبِ آمین

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 4؍اپریل 2021ء کو سیرالیون جماعت کو پورٹ لوکو ریجن کی جماعت مفوکی Maforkie میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ افتتاح کے ساتھ ایک تقریب آمین کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں کی مختصر رپورٹ قارئین کے لیے پیشِ خدمت ہے۔

جماعت مفوکی کی اس مسجد کا سنگ بنیاد مکرم سفیر احمد صاحب مبلغ پورٹ لوکو ریجن نے اگست 2020ء میں رکھا اور آپ کو ہی اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف احاطہ 37×54 فٹ ہے اور اس میں 350 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر پر 76 ملین لیونز خرچ ہوئے اور یہ تمام خرچ مکرم طاہر منصور اجمل صاحب آف یوکے نے ادا کیا۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔

افتتاح و آمین کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن 11بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد معزز مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم سعید الرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون نے پورٹ لوکو ریجن کی مختلف جماعتوں سے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ کل 31 بچے اور بچیوں کو قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں حاضرین کو سیرالیون میں جماعت کی آمد کے بارے میں بتایا کہ کس طرح یہاں سو سال پہلے جماعت کے پہلے مبلغ پہنچے اور کس طرح اس سو سال کے عرصہ کے دوران احمدیہ جماعت نے یہاں کے مسلمانوں میں پائی جانے والی بدعتوں کا خاتمہ کیا اور انہیں حقیقی اسلام سے روشناس کروایا اور ہر قسم کی مشکلات اور مخالفتیں برداشت کیں۔

آپ نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد مسجد میں نمازظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ریجنٹ چیف مفوکی چیفڈم، ریجنٹ چیف بیکے لوکو چیفڈم، ایک ممبر آف پارلیمنٹ، پورٹ لوکو کے ڈپٹی میئر، ڈپٹی ایس ڈی او پورٹ لوکو ڈسٹرکٹ، ایک کونسلر، مفوکی چیفڈم کے چیف امام، پورٹ لوکو کی پرانی مسجد کے چیف امام، مفوکی چیفڈم کی کونسل آف امام کے چیف امام، چیف امام بشریہ مسجد اور 20 جماعتوں کے خواتین و مرد و بچوں سمیت کل 390 احباب نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button