اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

ولادت

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں:

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی بدولت خدا تعالیٰ نے خاکسار کی بھتیجی عزیزہ آصفہ مسرّت زوجہ رانا محمد احسن صاحب کو شادی کے 21 سال بعد پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ پیارے آقا نے نومولود کا نام ’’محمد طلحہ احمد‘‘ عطا فرمایا ہے نیز وقفِ نَو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا ہے۔

نومولود خاکسار کے چھوٹے بھائی رانا فضل احمد صاحب کا نواسہ اور رانا عزیز الرحمان صاحب مرحوم کا پوتا ہے۔ احباب جماعت احمدیہ عالمگیر سے اِس بچے کے نیک، صالح، خادم دین، عمر دراز، والدین اور خاندان کے لیے قرۃ العین، خلافت احمدیہ کے مطیع و فرمانبردار نیز سلطان نصیر ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

٭… مقصود احمد طاہر اٹھوال صاحب، حلقہ mosque south، لندن برطانيہ تحریر کرتے ہيں :

اللہ تعاليٰ نے محض اپنے فضل سے مورخہ 20؍ دسمبر 2020ء کو خاکسار کے بیٹے عزیزم احسن مقصود اٹھوال (مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل) اور بہو ماہم صادق صاحبہ کو پہلی بیٹی سے نوازا ہے۔ حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے ازراہ شفقت بچی کا نام ’’باسمہ مقصود‘‘ عطا فرمانے کے ساتھ اس کو وقفِ نَو کي بابرکت تحريک ميں شامل فرمانے کي منظوري عطا فرمائي ہے۔فالحمدللہ عليٰ ذالک۔

نومولودہ رانا صادق حسین صاحب میلبرن، آسٹریلیا کی نواسی ہے۔ احباِبِ جماعت سے دعا کي درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچی کو نيک، خادمہ دين اور والدين کي آنکھوں کي ٹھنڈک بنائے۔ آمين۔

تقریب رخصتانہ

٭… نفیس احمد کاہلوں صاحب حلقہ Wandsworth Town، لندن برطانیہ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ 14؍فروری 2021ء کو خاکسار کی بیٹی عزیزہ عالیہ صدف کی تقریب رخصتی ہمراہ عزیزم اسحاق احمد ولد طاہر احمد صاحب (Upper Mitcham، لندن) کا انعقاد ہوا۔ دولہا اور دلہن دونوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نَو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں ۔ تمام پروگرام آن لائن ہوا۔ عزیزم ارسلان احمد نے تلاوت کی جس کے بعد محمد اسحاق صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے دعائیہ منظوم کلام کے چند اشعار پڑھے۔ بعد ازاں محترم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے دعا کروائی جس میں تمام عزیز و اقارب نے آن لائن شرکت کی۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جوڑے کو ہمیشہ خوش و خرم اور اپنی حفظ وامان میں رکھے۔ نیز دونوں ایک دوسرے کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک کا موجب بنیں ۔آمین

سانحہ ہائے ارتحال

٭… وحید احمد صاحب (واقفِ زندگی) کارکن الفضل انٹرنیشنل لندن تحریر کرتے ہیں:

خاکسار کی خالہ جان و خوشدامن رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مولوی محمد جمیل صاحب آف ربوہ 9؍ مارچ کو طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں حرکت قلب بندہونے کی وجہ سے وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ صحابی حضرت مسیح موعودؑ حضر ت میاں محمد عبداللہ صاحب ؑ(موسیٰ سائیکل ورکس نیلاگنبد۔لاہور) کی نواسی تھیں۔ نوعمری میں اغلباً سات سال کی تھیں کہ آپ کے والد غلام محمدصاحب کو تقسیم ہند کے معاً بعد معاندین نے شہید کردیا۔ اسی طرح 1974ء کے فسادات کے دوران لاہور میں بلوائیوں نے گھر میں گھس کر آپ کی نانی جان کو شہید کردیا۔آپ کی شادی ایک واقفِ زندگی سے ہوئی۔ آپ خلافت سے عشق کرنے والی، عبادت گزار، خاموش طبع،صابرہ و شاکرہ، ہردلعزیز اور نیک سیرت خاتون تھیں۔آپ کے نمایاں اوصاف میں مہمان نوازی اور قناعت پسندی شامل تھی۔ میکے اور سسرالی رشتہ داروں میں توازن اور برتاؤ اس قدر منصفانہ تھا کہ دونوں خاندانوں میں ہمیشہ ایک پُل کا کردار ادا کیا۔دونوں اطراف کے خاندانوں کے کئی بچوں کو ربوہ میں اپنے گھر میں رکھ کر زیورِتعلیم سے آراستہ کیا۔جلسہ سالانہ کے موقعے پر ابتداءً آپ کا کوارٹر واقع صدر انجمن احمدیہ اور پھر گھر واقع دارلعلوم غربی سارے بیرون از ربوہ خاندانوں اور عزیز و اقارب کی آماجگاہ ہوتا۔ جلسہ سالانہ 1983ء کے موقعے پر بھی آپ کے گھر میں ستر سے زیادہ افراد نے قیام کیا۔ آپ کے پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں ۔تین بیٹیاں کارکنا ن سلسلہ سے بیاہی ہوئی ہیں۔ اللہ کرے آپ کے اخلاص وو فا اور جماعت سے محبت اور للہی تعلق کا سلسلہ آپ کی نسلوں میں بھی ہمیشہ جاری و ساری رہے۔آمین

مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ آپ کو 1957ء میں نظام وصیت میں شامل ہونے کی توفیق ملی ۔ آپ کی نمازِ جنازہ احاطہ صدر انجمن احمدیہ میں ادا کی گئی جس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پُر شفقت منظوری سے بہشتی مقبرہ دارالفضل میں تدفین ہوئی۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین

٭…فہیم احمد شاہد صاحب تحریر کرتے ہیں:

خاکسار کی والدہ محترمہ عزیزہ بیگم صاحبہ 15؍ اپریل 2021 کو 75 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ خلافت سے بے انتہا محبت کرنے والی، مہمان نواز، عاجز، تہجد گزار، نمازوں کی پابند اور قرآن کریم کی سچی عاشقہ تھیں۔ اونچی آوازمیں تلاوت کرنا آپ کا شعار تھا۔ آپ اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل توکل رکھتی تھیں۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

آپ عبدالمومن طاہر صاحب (انچارج عربی ڈیسک لندن) کی ممانی اور ڈاکٹر عبدالحنان صاحب حال مقیم ڈنمارک کی چچی تھیں۔

٭…عباس احمد سیّد صاحب جماعت بریڈفورڈ یوکے سے تحریر کرتے ہیں:

میرے والد محترم سلیم احمد سیّد صاحب ولد سیّد محمد عبداللہ صاحب مورخہ 8؍ اپریل بروز جمعرات بریڈفورڈ میں بعمر 62 برس وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 13؍ اپریل کو مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ بریڈفورڈ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ بریڈفورڈ میں ہی تدفین عمل میں آئی جس کے بعد مربی صاحب مذکور نے دعا کروائی۔

مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت فیروز علی باجوہ صاحب رضی اللہ عنہ اسٹیشن ماسٹر قادیان کے پوتے تھے۔احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین

٭…طاہر احمد صاحب جماعت بریڈفورڈ یوکے سے تحریر کرتے ہیں:

خاکسار کی والدہ محترمہ وزیر بیگم صاحبہ زوجہ نیاز احمد صاحب مرحوم مورخہ 13؍ اپریل بروز منگل 92 سال کی عمر میں قضائے الٰہی سے بریڈفورڈ میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ صحابی حضرت اقدس مسیح موعودؑ حضرت مولوی خیرالدین صاحب بٹؓ کی بیٹی تھیں۔ آپ بفضل اللہ تعالیٰ موصیہ تھیں۔ 15؍ اپریل بروز جمعرات آپ کی نماز جنازہ مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی جس کے بعد بریڈفورڈ میں ہی تدفین عمل میں آئی۔ تدفین کے بعد دعا بھی مربی صاحب نے ہی کروائی۔

آپ کے دو بیٹے فرانس اور دو بیٹے بریڈفورڈ یوکے میں مختلف حیثیتوں میں خدماتِ دینیہ بجا لانے کی توفیق پا رہے ہیں۔ احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں مقام عطا کرے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button