حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(26؍اپریل۔ 10:00 GMT)

کل مریض: 147,847,842

صحت یاب ہونے والے: 125,427,122

وفات یافتگان: 3,123,951

٭… اسٹاک ہوم :انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق 2020ء میں فوجی اخراجات میں لگ بھگ دو کھرب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ کورونا وبا کے باوجود دنیا بھر میں فوجی اخراجات 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1981 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے جبکہ عالمی سطح پر جی ڈی پی 4.4 فیصد تک سکڑچکی ہے۔

٭…جو بائیڈن وہ پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے سرکاری طور پر 1915ء میں آرمینیائی باشندوں کے ہونے والے قتل عام کو ’نسل کشی‘ قرار دیا ہے۔ یہ قتلِ عام سلطنت عثمانیہ کے دور حکمرانی کے آخری چند سالوں میں ہوا تھا۔ ترکی میں یہ انتہائی حساس معاملہ سمجھا جاتا ہے اور ترک حکومت اس قتلِ عام اور وہاں ہونے والے مظالم کو تسلیم کرنے کے باوجود’نسل کشی‘ کے لفظ کو استعمال کرنا غلط سمجھتی ہے۔امریکی صدر کے بیان کے بعد ترکی کے وزیر خارجہ میولت چووشولو نے کہا کہ ترکی مکمل طور پر امریکی بیان کو مسترد کرتا ہے۔

٭…صدرجوبائیڈن جون میں ہونیوالے یورپین دارالحکومت برسلز کے دورے کے دوران 14 جون کو نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والی نیٹو کے سربراہی سمٹ میں شریک ہونگے۔ اس سے اگلے روز وہ یورپ اور امریکہ کے درمیان ہونے والی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔برسلز آنے سے قبل امریکی صدر برطانیہ میں منعقد ہونے والی G7 سمٹ میں بھی شریک ہونگے۔

٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے غیرملکی فورسز کے امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے کہا کہ فوجی انخلا کےلیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ جیسے ہی ہماری فورسز یہاں سے مکمل طور پر چلی جائیں گی ہم ملٹری بیسز ابتدائی طور پر افغان وزارت دفاع اور دیگر افغان فورسز کے حوالے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر جوبائیڈن کے افغانستان میں طویل امریکی جنگ کے خاتمے کے فیصلے کی بنیاد پر احکامات پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

٭… میانمار ملٹری کے سربراہ جنرل منگ آنگ ہائنگ آسیان بغاوت کے بعد پہلے غیر ملکی دورہ پر انڈونیشیا کے دارالحکومت میں ہونے والی علاقائی کانفرنس میں شرکت کیلئے جکارتا پہنچ گئے۔ یہ کانفرنس میانمار میں جاری بحران کو حل کرنے کی پہلی بین الاقوامی کوشش ہوگی۔واضح رہے کہ میانمار میں فوج نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں اب تک 700 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

٭…سعودی عرب پر گزشتہ چندماہ کے دوران یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی ہے۔ گذشتہ ہفتے کے دوران سعودیہ کے شہری علاقے اور تنصیبات کو تین بارودی ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم عرب اتحادی افواج نے ان تینوں طیاروں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ عرب اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا نے پہلا طیارہ جنوبی ریجن، دوسرا طیارہ خمیس مشیط اور تیسرا طیارہ جازان کی سمت بھیجا تھا۔

٭…مقبوضہ بیت المقدس میں انتہائی دائیں بازو کے یہودیوں، فلسطینیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 100 سے زائد فلسطینی زخمی جبکہ 50 سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ رات کے وقت شہر کے قدیم حصے میں مارچ کرنے والے یہودیوں نے نعرے لگاکر فلسطینیوں کو ہراساں بھی کیا جس کے بعد پولیس سے جھڑپیں شروع ہوئیں۔ یومیہ بنیادوں پر یہودیوں اور مسلمانوں کے مابین یہ جھڑپیں جاری ہیں۔

٭… سری لنکا کی پولیس نے2019ء کےایسٹر سنڈے کے حملوں کے سلسلے میں ہفتہ کو ایک اعلیٰ مسلم قانون ساز کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایسٹر سنڈے کے حملوں میں 279 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔ کولمبو میں گرفتاری کا یہ اقدام تحقیقات کو تیز کرنے کے لئے دباؤ بڑھنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان اجیت روحانہ نے بتایا کہ آل سیلون مکل پارٹی (اے سی ایم پی) کے رہنما رشاد بطی الدین اور ایک سابق وزیر کو انسداد دہشت گردی ایکٹ پی ٹی اے کے تحت تحویل میں لیا گیا ہے۔

٭… بدھ 21؍ اپریل کو مشقوں کے دوران لاپتا ہونے والی انڈونیشن آبدوز کی باقیات پانچ روز بعد تین ٹکڑوں میں ٹوٹی ہوئی سمندر کی تہ میں ڈھونڈ لی گئی۔انڈونیشین بحریہ کے سربراہ یودو مرگونو نے عملے کے تمام 53 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا آبدوز بالی کے سمندر کی تہ سے ٹوٹی ہوئی ملی۔

٭…عراقی دارالحکومت بغداد کے دیالہ پل کے علاقے میں ابن خطیب اسپتال کے کورونا وائرس کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں 24؍اپریل کو حادثاتی طور پر آکسیجن ٹینک پھٹنے کے بعد آگ لگ گئی۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 82 ہو گئی۔

٭… امریکی کمپنی ٹیسلا کی بغیر ڈرائیور کے خودکار طریقے سے چلنے والی کار کو حادثے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔کار ایک درخت سے ٹکرانے سے آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور ہمیں 99.9 فیصد یقین ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی خودکار طریقے سے چل رہی تھی۔پولیس کے مطابق جب جائے حادثہ پر پہنچے تو ایک شخص ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر جبکہ دوسرا پچھلی سیٹ پر تھا۔

٭… زمبابوے کی فضائیہ کا تربیتی ہیلی کاپٹر آبادی پر گرکر تباہ ہوگیا، جس میں پائلٹ اور ایک ٹیکنیشین سمیت تین افراد اور ایک کمسن ہلاک ہوگیا۔ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر اچانک ریڈار سے غائب ہوکر ہرارے کے نواحی علاقے میں گھر پر گرکر تباہ ہوا۔

٭… نیپال میں موجود دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں موجود کورونا پازیٹو نارویجین کوہ پیما ارلینڈ نیس (Erlend Ness) کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر کھٹمنڈو کے اسپتال پہنچا دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ 15؍ اپریل کو ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ جمعرات کو ایک اور ٹیسٹ ہوا ہے جو نیگیٹو آ گیا ہے۔ دوسری جانب نیپالی ماؤنٹینئرنگ آفیشل نے کورونا وائرس کے ایکٹیو کیس کی تردید کی ہے۔

٭… دنیا کو کرونا وائرس وائرس کی تیسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انڈیا اور پاکستان بالخصوص اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بھارت سے نقل و حرکت پر فوری پابندی کا مطالبہ کردیا۔ عالمی ادارۂ صحت نے کہا کہ بھارت میں کورونا وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تشویش ناک صورت حال خطرے کی گھنٹی ہے۔دنیا کے کئی ممالک نے بالخصوص بھارت ،پاکستان سمیت کئی ممالک کو ریڈ لسٹ کرتے ہوئے قرنطینہ سمیت داخلہ کی پابندیاں لگا دی ہیں۔ جبکہ کئی ممالک نے جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن کا اطلاق کیا گیا ہے۔ اتوار کو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران روزانہ لاکھوں کی تعداد میں نئے کیسز آنے پر ریڈیو خطاب میں کہا ہے کہ اس طوفان نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کورونا کی پہلی لہر سے کامیابی سے نمٹتے کے بعد ہمارے حوصلے بلند تھے لیکن اس طوفان نے قوم کو ہلا دیا ہے۔نریندر مودی نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔ یاد رہے کہ انڈیا میں گزشتہ چار دنوں سے یومیہ تین لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ روز ساڑھے تین لاکھ کے لگ بھگ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دو ہزار 767 اموات ہوئیں۔ایک ارب 30کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیلی ہے اور دارالحکومت دہلی میں لاک ڈاؤن کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔

٭… برطانیہ نے بھارت کے لیے طبی سامان کی ترسیل کا اعلان کرتے ہوئے چھ سو سے زائد آکسیجن کنسنٹریٹر اور وینٹی لیٹرز روانہ کردیے۔ یورپی یونین نے بھی بھارت کو طبی امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کردیا جبکہ امریکا نے AstraZeneca ویکسین کے خام مال کی برآمد پر عائد پابندی اٹھاتے ہوئے طبی اور حفاظتی سامان بھیجنے کا اعلان کیا۔ پاکستان بھی بھارت کو امدادی سامان مہیا کرنے کی پیشکش کرچکا ہے۔

٭… سعودی مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا دوسرے لوگوں سے میل جول حرام ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ عوام وبا کی روک تھام کے لیے کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں۔ صحت عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے۔ انسان کو اس کی قدر کرنی چاہیے۔

٭…کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو موٹر شو کو 67 سال میں پہلی بار منسوخ کردیا گیا ہے۔ جاپان کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ٹویوٹا کے صدر اکیو ٹویوڈا کا کہنا ہے کہ ہمارے مرکزی پروگرام کو محفوظ ماحول میں پیش کرنا مشکل تھا۔ کورونا وبا کے دوران آن لائن منعقد ہونے والی دیگر اہم نمائشوں کے برعکس اس کو ورچوئل ایونٹ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

٭…کورونا کی وبا نے دُنیا بھر کی بڑی بڑی ایئر لائنز کو یا تو کنگال کر دیا ہے یا بہت بڑا معاشی نقصان پہنچایا ہے جس سے باہر آنے کے لیے انہیں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ فضائی کمپنی ایمریٹس (Emirates)کا شمار دُنیا کی بہترین ایئر لائنز میں ہوتا ہے۔ ایمریٹس ایئر لائن کے پریزیڈنٹ ٹِم کلارک نے بیان دیا ہے کہ اگر ہوائی سفر کی طلب میں اضافہ نہ ہوا تو ایئرلائن کو حکومت سے مالی امداد لینے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

٭…اینڈروئڈ ٹیلی فونز کو نقصان پہنچانے والا ایک ٹیکسٹ میسج کی شکل میں بھیجا گیا پیغام پورے برطانیہ میں پھیل گیا ہے۔ مبینہ طور پر پیکج ڈیلوری کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے اس پیغام میں صارفین کو ایک ٹریکنگ ایپ انسٹال کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے لیکن اصل میں یہ ایک خطرناک قسم کا ’سپائی ویئر‘ ہوتا ہے۔ اسے ’فلو باٹ‘ کا نام دیا جا رہا ہے اور یہ جس فون میں داخل ہوتا ہے اس کا انتظام سنبھالنے کے بعد اس سے خفیہ معلومات مثلاً بنک وغیرہ سے متعلق معلومات اکھٹی کرتا ہے۔

٭…سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پھلوں میں منشیات کی سمگلنگ کے سبب لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ کویتی تجارتی حکام اور بڑے درآمد کنندگان کی ملاقات کے دوران ہوا۔ اس پابندی کا اطلاق 25؍اپریل سے ہو جا چکا ہے۔

٭… پاکستان نے تیسرے ٹی 20 میں زمبابوے کو شکست دے کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ یہ پاکستان کی ملک سے باہرلگاتار دوسری سیریز میں فتح ہے۔ہرارے اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 165رنز کا ہدف دیا۔زمبابوے کی ٹیم ہدف کےتعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بناسکی۔ یوں پاکستان نے یہ میچ 24 رنز اور سیریز 1-2 سے جیت لی۔پاکستان کی طرف سے اوپنر محمد رضوان نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے بنائے جانے والے 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ حسن علی کو میچ کا اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

٭… پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اتوار کے روز زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں تیز ترین 2000 رنز بانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ کیریئر کی 52ویں اننگ میں سرانجام دیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2000 رنز بنانے کا اعزاز اس سے قبل انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 56 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا جبکہ اس سے قبل ایرون فنچ نے 62، برینڈن میککولم نے 66 اور مارٹن گپٹل نے 68 اننگز کھیل کر تیز ترین 2000 رنز بنائے تھے۔چند روز قبل بابر اعظم انڈین کپتان سے ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین کی پوزیشن بھی حاصل کر چکے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button