اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواستہائے دعا

٭…محی الدین عباسی صاحب جماعت سربٹن (یوکے) اعلان کرواتے ہیں:

خاکسار کا بیٹا عزیزم عطاء الاوّل عباسی (واقفِ زندگی، انچارج ایم ٹی اے کینیڈا) چند روز سے کورونا میں مبتلا ہے۔ مورخہ 24؍ اپریل کو اچانک اس کا آکسیجن لیول کم ہونے لگا جس کی وجہ سے اسے ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ اس وقت اسے معمول سے کافی زیادہ آکسیجن دی جا رہی ہے اور سرِدست حالت تسلی بخش نہیں ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیز کو صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے، ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے اور مقبول خدمتِ دین والی عمر دراز عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

٭… ثناءاللہ قمر صاحب سیکرٹری تبلیغ کلانگ ملائیشیا اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار عرصہ 6 ماہ سے دیگر عارضوں کے علاوہ traumatic stress disorder کی وجہ سے شدید بیمار ہے۔ نیز Nasal infection operation اور Hemorrhoid surgery بھی تجویز کی گئی ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ شافی مطلق جلد خاص رحمت سے شفا عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

٭…ناصر احمد گِل صاحب مربی سلسلہ اعلان کرواتے ہیںکہ خاکسار کی والدہ امۃ القیوم صدیقہ صاحبہ اہلیہ ارشاد عالم آفتاب صاحب آف رچنا ٹاؤن لاہور ،حال مقیم ہارٹ لیک جماعت برامپٹن ویسٹ، اونٹاریو،کینیڈا گذشتہ چند سال سے بعارضہ کینسر علیل ہیں۔ تکلیف اور پیچیدگیاں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ جسم میں کمزوری بہت ہے۔ احباب جماعت سے ان کی معجزانہ صحت کاملہ و عاجلہ کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

٭…٭…٭

٭… انس احمد خان صاحب ابن چودھری سکندر خان درویش مرحوم جماعت مسجد فضل ساؤتھ (یوکے) اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کو مورخہ 10؍ اپریل کی صبح دل کا دورہ ہوا جس کے بعد ڈاکٹرز کو ضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد ایک stent ڈالنا پڑا۔خاکسار گھر واپس آ گیا ہے لیکن طبیعت میں بہت کمزوری ہے، بلڈ پریشر بھی کافی low رہتا ہے۔ احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ خاکسار کو صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے۔

نیز جن احباب نے بیماری کے ایام میں خاکسار کی تیمارداری کی یا دعاؤں میں یاد رکھا خاکسار ان سب کا تہ دل سے ممنون ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ سب کو ثوابِ دارین سے نوازے۔ آمین

٭…٭…٭

اعلانات ولادت

٭…انیس احمد خلیل صاحب مربی سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں:

اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کے برادرِ اصغر شکیل احمد صاحب و بھاوج شانزہ عروج صاحبہ آف Esslingenجرمنی کو مورخہ 12؍ دسمبر 2020ء کو پہلے بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے۔نومولود کا نام صارم احمد گلفام تجویز ہوا ہے ۔نومولود مکرم خلیل احمد صاحب آف المیرے ہالینڈ کا پہلا پوتا جبکہ منور احمد صاحب آف کنری ضلع عمرکوٹ سندھ کا پہلا نواسہ ہے۔نومولود مکرم میاں غلام محمد صاحب و میاں جان محمد صاحب صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی نسل سے ہے۔احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کونیک ،صالح اور خادم دین بنائے اور صحت و تندرستی والی درازعمرعطا کرے۔آمین

٭…٭…٭

٭… نصرت خلیل صاحبہ آف المیرے ہالینڈ تحریر کرتی ہیں کہ میرے بڑے بیٹے عزیزم انیس احمد مربی سلسلہ سیرالیون و بہوعزیزہ عمیرہ عرفان کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ یکم اکتوبر 2020ء کودوسری بیٹی سے نوازا ہے۔نومولودہ کا نام ’انوشے ھدین‘تجویز ہوا ہے ۔نومولودہ مکرم خلیل احمد صاحب آف المیرے ہالینڈ کی پوتی جبکہ عرفان احمد صاحب آف دارالعلوم وسطی ربوہ کی نواسی ہے۔نومولود مکرم میاں غلام محمد صاحب و میاں جان محمد صاحب صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی نسل سے ہے۔احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودہ کونیک ،صالحہ اور خادمہ دین بنائے اور صحت و تندرستی والی درازعمرعطا کرے ۔آمین

٭…٭…٭

سانحہ ارتحال

محمد فاروق سعید صاحب جماعت سٹن (یوکے) سے تحریر کرتے ہیں:

انتہائی افسوس سے اطلاع دی جاتی ہے کہ خاکسارکے بہنوئی محترم مقصود احمدصاحب ولد عبدالمجید ثانی صاحب حال مقیم جرمنی 2؍ اور 3؍ اپریل 2021ء کی درمیانی شب حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

وقتِ وفات آپ کی عمر51سال تھی۔

آپ کے ددھیال گورداسپور کے نزدیک واقع گاؤں بھٹیاں اور ننھیال لنگروال کے علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔ آپ کے والد صاحب نے حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ کے ہاتھ پہ احمدیت قبول کی اور قیام پاکستان کے بعد سندھ منتقل ہوگئے۔ مرحوم علاقہ کرونڈی صوبہ سندھ پاکستان میں پیدا ہوئے۔ 1996ء میں راولپنڈی منتقل ہوئے اور 2012ء میں پاکستان سے ہناؤ جرمنی ہجرت کر گئے۔ جب 2013ء میں بیت الواحد ہناؤ کی تعمیر شروع ہوئی تو مرحوم نے روزِ اول سے مسجد کے افتتاح مئی 2015ء تک تقریباً دو سال روزانہ 8سے 10 گھنٹے مسجدمیں وقارِ عمل کرنے کی توفیق پائی۔ ہناؤ جماعت کے سابقہ جنرل سیکرٹری عبدالمجید خان صاحب کے مطابق مسجد بیت الواحد میں 95% بجلی کا کام مرحوم نے کیا۔ مسجد کا کوئی کونہ ایسا نہ ہو گا جہاں مرحوم نے وقارِ عمل نہ کیا ہو۔ اکثر رات کو بھی مسجد میں کام کرتے نظر آتے۔ اس دوران پیر پر چوٹ بھی لگی مگر جونہی زخم ٹھیک ہوا دوبارہ خدمت کے لیے حاضر ہو گئے۔

مرحوم نے اپنی جرمنی آمد کے بعد ابتدائی جلسہ سالانہ پر لنگر خانہ میں ڈیوٹی کی توفیق پائی جس کے بعد گذشتہ کئی سال سے بجلی کے شعبہ میںخدمت سرانجام دے رہے تھے۔

مرحوم ایک نرم دل اور صلح میں پہل کرنے والے انسان تھے۔ خاکسار کی ہمشیرہ کے ساتھ آپ کی بائیس سال کی خوشگوار رفاقت رہی اور ان بائیس سالوں میں ہمشیرہ محترمہ نے ایک مرتبہ بھی مرحوم کے متعلق شکوے کے کلمات نہیں کہے۔ آپ اپنے اہل و عیال کا بہت خیال رکھنے والے اور لوگوں کی مدد کرنے میں جلدی کرنے والے تھے۔ کچھ عرصہ پہلے ہناؤ سے Glenhausen منتقل ہو گئے تھے اور یہیں پر ان کی وفات ہوئی۔

بدھ 7؍ اپریل کو مکرم ظافر احمد صاحب مربی سلسلہ نے مسجد بیت الواحد ہناؤ میں ان کا جنازہ پڑھایا جس کے بعد ہناؤ کے مقامی قبرستان میں ایک مرتبہ پھر نمازجنازہ اداکی گئی اور پھرتدفین عمل میں آئی۔ قبر کی تیاری کے بعد محترم مربی صاحب موصوف نے دعا کروائی۔

مرحوم نے اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ سب سے چھوٹا بیٹا محض چار برس کا ہے۔

احباب کرام سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام عطا کرے۔ تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطاکرے اور تمام بچوں کو صراطِ مستقیم پر چلائے، خلافتِ احمدیہ سے وابستہ رکھے اور انہیں حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button