حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(29؍اپریل۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 150,266,133

صحت یاب ہونے والے: 127,821,974

وفات یافتگان: 3,164,897

٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے 28؍ اپریل کو اپنے صدر بننے پر 100 دن پورے پورے ہونے پر کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے ایک گھنٹہ پانچ منٹ لمبا پہلا خطاب کیا۔ حاضرین میں دو سو کے قریب افراد موجود تھے۔

٭…سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہم تہران کے ساتھ اچھے اور خاص تعلقات چاہتے ہیں۔ ولی عہد کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور سعودی عرب کے سینئر عہدیداران کے مابین عراق میں ہونے والے مذاکرات کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

٭…انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے 213 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف نسلی عصبیت اور ایذا رسانی کی پالیسیوں کے تحت فلسطینیوں کی نقل و حرکت کو محدود کرکے ان کی زمین پر قبضہ کرلیاہے۔اسرائیل کےجرائم انسانیت کے خلاف ہیں۔ اسرائیل نے ان الزامات کو مسترد اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ اسرائیل مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

٭… یورپین پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مستقبل میں تجارت اور تعلقات کے قواعد طے کرنے والے معاہدے ‏( TCA‏) کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے ہونے والی ووٹنگ میں 660 ارکان نے حمایت جبکہ 5 ارکان نے مخالفت کی اور 32 ممبران غیر حاضر رہے۔ یہ معاہدہ فریقین میں اس سال یکم جنوری کو عارضی طور پر نافذ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے مستقل نفاذ کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری لینا ضروری تھا، جس پر حتمی فیصلہ یورپین کونسل 30 اپریل 2021ء کو کرے گی۔

٭…افغان این ڈی ایس چیف احمدزئی سراج نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا ہے کہ طالبان تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے افغان فورسز کے خلاف متشددانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ طالبان امن میں دلچسپی نہیں رکھتے، دوحہ معاہدے کے بعد طالبان کی کارروائیوں میں 24 فیصد اضافہ ہواجبکہ رہا کیے گئے بہت سے قیدی دوبارہ جنگ میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی امن عمل میں مددگار ثابت نہیں ہوئی۔ افغانستان میں طالبان کی مدد کے بغیر کوئی دہشتگرد گروپ آپریٹ نہیں کرسکتا اورطالبان کے دہشتگرد گروپوں سے اب بھی رابطے ہیں۔

٭…برسلز میں یورپی یونین نے افغان مہاجرین کی افغانستان واپسی کے معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے مہاجرین سے رضاکارانہ واپسی کی درخواست کی ہے۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کو چارٹرڈ فلائٹوں کے ذریعے واپس بھیجا جائے گا۔

٭…بھارتی شہر مدراس کی ہائی کورٹ نے اپنی آبزرویشن میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔ الیکشن کمیشن نے ملک میں سیاسی جماعتوں کو بڑی بڑی ریلیاں نکالنے کی اجازت دی جہاں عوام اور سیاسی رہنماؤں نے کورونا احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں پر کورونا احتیاطی تدابیر نظر انداز کرنے پر قتل کے چارجز لگنے چاہئیں۔

٭… روس کے Roscosmos سپیس سینٹر کے سربراہ Dmitry Rogozin نے بدھ کو کہا کہ صدر پوٹن کی اجازت کے بعد روس 2030ء تک انٹرنیشنل سپیس سٹیشن ISS کو چھوڑ کر اپنا سپیس سٹیشن خلا میں چھوڑے گا۔ ڈپٹی پرائم منسٹر Yuri Borisov نے بتایا کہ 2025ء میں روس اپنے دیگر ساتھیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دےگا۔ یاد رہے کہ روس امریکہ اور دیگر 16 ممالک کے ساتھ 1998ء سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر مل کر کام کر رہا ہے۔

٭…برطانیہ کے الیکٹورل کمیشن نے وزیرِ اعظم بورس جانسن کی 11 ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع سرکاری رہائشی فلیٹ کی تزئینِ نو کے بارہ میں الزامات کی باقاعدہ تحقیقات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے کہ فلیٹ میں کام کے اخراجات کی ادائیگیاں مناسب طریقے سے ڈیکلیئر کی گئی تھیں یا نہیں۔ ایک اعلیٰ اہلکار سائمن کو کیس کا تحقیقاتی افسر بنایا گیا ہے۔

٭…سعودی وزارت دفاع کے مطابق سعودی بحری فوج نے ینبع شہر کے پاس بحیرۂ احمر میں بارود سے لدی کشتی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے اسے تباہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ریموٹ کنٹرول کشتی تھی، اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

٭…افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے گورنر اقبال سید کے کمپاؤنڈ میں قرآن کی قراءت کے مقابلہ کے دوران راکٹ سے حملہ کیا گیا۔ حملہ میں 16 بچوں کے علاوہ افغان سیکیورٹی فورس کے 3 اور مذہبی امور کے بعض عہدیدار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے چند بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

٭… سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں انکم ٹیکس کسی بھی قیمت پر لاگو نہیں ہوگا۔ 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (vat)عارضی ہے۔ سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح 14 فیصد سے کم ہوکر دوران سال 11 فیصد تک آجائے گی۔ وبا کے باوجود تمام شعبوں میں کامیابی کے اعداد و شمار بہترین ہیں۔

٭…بھارتی ریاست آسام اور بہار میں بدھ 28؍اپریل کی صبح 6 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز سونت پور کے قریب زیر زمین 17 کلومیٹر بتایا گیا ہے۔ لوگ خوف کی وجہ سے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے سے سڑکوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کے بعد ایک گھنٹہ کے اندر 7 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ رواں ماہ 6؍اپریل کو بھی 2.7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔

٭…21؍اپریل سے لاپتہ آبدوز کے ریسکیو عمل کے بارہ میں انڈونیشیا کی بحریہ کے حکام نے بتایا کہ کے آر آئی ننگالہ 402 نامی آبدوز کے صحیح مقام کا سراغ ملنے کے بعد انھوں نے سنگاپور کی زیر سمندر ریسکیو وہیکل کو استعمال کرتے ہوئے اس آبدوز کو سطح سمندر سے آٹھ سو میٹر نیچے ڈھونڈ نکالا۔جرمن ساخت کی 40 سال سے زائد پرانی آبدوز کے ڈوبنے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں کیا جاسکا۔

٭…27؍اپریل کو رواں سال کا پہلا سپر مون جسے گلابی سپر مون کا نام دیا گیا ہے، دنیا کے کئی ممالک میں دیکھا گیا۔ سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین ہوتا ہے۔ ایسے موقعہ پر چاند اپنی اوسط ظاہری جسامت کے مقابلے میں 7 فیصد تک بڑا نظر آتا ہے جبکہ اس کی روشنی بھی دیگر مہینوں میں پورے چاند کی نسبت 15 فیصد تک زیادہ ہوتی ہے۔

٭…27 اپریل کو مکہ مکرمہ میں حرم شریف اور خانہ کعبہ میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا البتہ مکہ مکرمہ اور حرم شریف کے ارد گرد کے علاقوں کی سڑکیں زیر آب آنے کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے، متعدد گاڑیاں بارش کے پانی میں بہ گئیں، جبکہ درجنوں افراد محصور ہوگئے۔

٭…سعودی وزارت حج و عمرہ نے بچوں کو نماز یا عمرہ کے لیے مسجدالحرام نہ لانےکی ہدایت کی ہے۔ وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ، نماز کے اجازت نامے 18 سے 70 برس تک والے ان افراد کو بھی جاری ہوں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد بھی اجازت نامے کے اہل ہوں گے۔

٭…لندن میں کورونا پابندیوں کے خلاف 10 ہزار سے زائد افراد نے احتجاجاً مارچ میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کی آڑ میں ان کے انسانی حقوق چھین رہی ہے۔ اس دوران پولیس سے جھڑپوں آٹھ پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ پانچ افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں لوگوں نے کرفیو توڑ کر احتجاجی مظاہرے کیے۔

٭…عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارت میں کورونا کی صورتحال کو گھمبیر قرار دے دیا، برطانیہ کی جانب سے 100 وینٹی لیٹرز، 95 آکسیجن سلنڈرز اور ضروری ادویات پر مشتمل امداد کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں مسلسل چھ روز کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زائد نئے متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں، بیشتر ہسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم اور آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے۔ بھارتی چیف آف ڈیفینس اسٹاف بپن راوت نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی ذخیرہ کردہ آکسیجن ملک بھر میں فراہم کی جائے گی جبکہ فوج کے ریٹائرڈ ڈاکٹرز بھی طبی عملے کی مدد کو پہنچیں گے۔ دوسری جانب وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر برطانیہ سمیت کئی ممالک بھارت اور پاکستان پر سفری پابندیاں لگا چکے ہیں۔ دونوں ممالک نے کورونا بحران پر قابو پانے کے لیے اپنی اپنی فوج سے مدد مانگ لی ہے۔

٭…ترکی میں کورونا کے مریضوں میں اضافے کے بعد صدر طیب اردگان نے 29؍ اپریل سے17؍ مئی تک ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران سفر کرنے کے لیے خصوصی اجازت درکار ہوگی جبکہ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ انٹرسٹی سروس چلائی جائے گی۔ترک وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 312 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 353 افراد جاں بحق ہوئے۔ نئے کیسز کے بعد ترکی میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 38 ہزار 711 جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 46 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

٭…برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے کورونا لاک ڈاؤن اور اموات سے متعلق مبینہ بیان پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ جبکہ انہوں نے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ چاہتے ہیں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ ان کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن کا حکم دینے کے بجائے لاشوں کے ڈھیر دیکھیں گے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button