حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭… پاکستانی وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعاون اور تعلقات کو منظم اور مربوط کرنے کے لیے ‘سعودی-پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل’ قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کی کابینہ دو روز پہلے ہی اس کونسل کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔ جس کا مقصد دونوں ممالک کے دو طرفہ تعاون کو بہتر اور ہموار کرنا ہے تاکہ فروری 2019ء کے سعودی ولی عہد کے پاکستان کے دورے کے دوران جو سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے تھے ان کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ نیزفریقین نے سعودی عرب کے وژن 2030ء اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور معاشی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔انہوں نے دو طرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعلقات کی مضبوطی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےمشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مزید تعاون پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے عالم اسلام کی طرف سے انتہا پسندی اور تشدد کا مقابلہ کرنے اور فرقہ واریت کو مسترد کرنے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے حصول اور دہشت گردی کے اس رجحان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔

٭…لندن کے میئر صادق خان مجموعی طور پر 1,206,034 ووٹ حاصل کر کے دوبارہ میئر لندن منتخب ہو گئے۔ جبکہ ان کے حریف حکومتی جماعت کنزرویٹیو پارٹی کے امیدوار شان بیلی 9,77,601 ووٹ حاصل کر سکے۔ صادق خان نے 55.2 فیصد جبکہ شان بیلی نے 44.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔میئرصادق خان نے قبل ازیں وانڈزوَرتھ کونسل میں 1994ء سے 2006ء تک بطور کونسلر جبکہ 2005ء میں لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ خدمات سر انجام دیں۔ موصوف پہلی مرتبہ 2016ء میں لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے۔

٭…پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت تحفظ والدین آرڈیننس 2021ء جاری کردیا جس کے تحت والدین کو گھروں سے نکالنا قابل سزا جرم ہوگا جس کی خلاف ورزی پر ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔ گھر بچوں کی ملکیت ہونے یا کرائے پر ہونےکی صورت میں بھی والدین کو نہیں نکالاجاسکےگا، جبکہ گھر والدین کی ملکیت ہونے کی صورت میں والدین کو بچوں کو گھر سے نکالنے کا اختیار ہوگا۔ والدین کی جانب سے بچوں کو تحریری نوٹس دیے جانے کی صورت میں انہیں گھر خالی کرنا لازمی ہوگا، وقت پر گھر خالی نہ کرنے کی صورت میں 30 دن تک جیل، جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا اطلاق ہوگا۔ اس آرٹیکل کا مقصد بچوں کی جانب سے والدین کو زبردستی گھروں سے نکالنے کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہے۔

٭…سعودی تجزیہ کار ڈاکٹر عبداللہ العساف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دہشتگردی کے خلاف اتحاد کے اہم ستون ہیں۔ سعودی عرب، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خطرے سے طاقتور ترین ریاست بھی تنہا نہیں نمٹ سکتی۔ دہشتگردی سے نمٹنے اور اس کی جڑیں اکھاڑنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔

٭…مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس کے جوتوں سمیت داخل ہونے پر فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان ہونے والے تصادم میں 163 فلسطینی اور 6 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں بھی فائر کیں۔

٭…یروشلم میں موجوہ کشیدگی دور کرنے کے لیے اسرائیلی حکام سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے ترجمان پیٹر سٹانو نے کہا کہ مغربی کنارے خصوصاً مشرقی یروشلم میں تناؤ اور تشدد خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ مسجد اقصٰی کے اردگرد شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اور اشتعال انگیزی ناقابلِ قبول ہے اور اس کے تمام مجرموں کو جوابدہ ہونا چاہیے، اس لیے حکام موجودہ کشیدگی کو دور کرنے کے لیے اشتعال انگیز اقدامات سے اجتناب کرتے ہوئے سٹیٹس-کو کا احترام کریں۔

٭…مسیحی روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مقبوضہ بیت المقدس میں تشدد روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تشدد سے تشدد جنم لیتا ہے۔بیت المقدس تشدد کی نہیں عبادت کی جگہ ہے۔ کثیرالمذاہب اور کثیرالثقافتی پہچان رکھنے والے مقدس شہر کا احترام اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے سب کو ایک مشترکہ قرارداد کی دعوت دیتا ہوں۔اس حوالے سے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس کل قاہرہ میں ہوگا جبکہ تیونس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بھی ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

٭…ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے القدس ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ اسرائیل، فلسطین اور دیگر مسلمان ممالک کے خلاف دہشت گردوں کا اڈہ ہے۔ مسلمان ممالک فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کا زوال شروع ہوچکا ہے۔

٭…بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پانچ مئی کو دو غیر مجاز افراد سے 21 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی سات کلو گرام سے زائد قدرتی یورینیم کی برآمدگی نے اس انتہائی حساس ریڈیوایکٹو مواد پر ریاستی کنٹرول پر سوالات اٹھا دیے۔ بھارتی بھابھا اٹامک ریسرچ سنٹر نے تصدیق کی کہ پکڑا جانے والا یورینیم انتہائی ریڈیوایکٹو ہے۔ بھارت میں اجتماعی و انفرادی یورینیم چوری اور اسمگلنگ کے درجنوں واقعات پر امریکہ اور ایٹمی دہشت گردی سے بچاؤ کے ادارے سمیت کئی ممالک اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دہشت گرد ریڈیو ایکٹو مواد کو کسی بھی روایتی ہتھیار سے جوڑ کر دھماکہ کرسکتے ہیں، جسے ڈرٹی بم کا نام دیا گیا ہے۔ ڈرٹی بم دھماکے کے نتیجے میں اگرچہ نقصان ایٹم بم جتنا نہیں ہوگا، تاہم بم پھٹے کے مقام اور نزدیک علاقوں میں تابکاری اور طویل مدت تک رہنے والی آلودگی پھیلنے کے امکانات ہوں گے۔ ڈرٹی بم میں استعمال ہونے والا تابکاری مواد بہت زیادہ خالص یورینیم نہیں ہوتاجسے کسی بھی ریڈیو ایکٹو سورس سے حاصل کیا جا سکتا ہے مثلا ایسا جو ادوایات یا انڈسٹری میں زیر استعمال ہو۔

٭…لندن کے ٹاور برج پر پہلی بار لاؤڈ سپیکر کے ذریعے قاضی شفیق الرحمان نے اپنی خوب صورت آواز میں اذان دی۔ اس موقع پر لندن کے ٹاور برج پر سکوت طاری ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری زندگی کے یادگار لمحات تھے ۔

٭…اردو کے معروف ادیب و دانشور شمیم حنفی کورونا وائرس کے باعث 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ شمیم حنفی بھارتی ریاست اترپردیش کے شہرسلطان پور میں 17؍ مئی 1939ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے الہ آباد یونیورسٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں شعبۂ تدریس سے وابستہ رہے۔ انہوں نے تنقید کے ساتھ ساتھ ڈرامے بھی لکھے اور شاعری بھی کی، جبکہ انہوں نے ابوالکلام آزاد کی مشہور کتاب انڈیا ونز فریڈم کا ترجمہ بھی کیا۔ ان کی مشہور کتابوں میں ‘جدیدیت کی فلسفیانہ اساس’ اور ‘منٹو! حقیقت سے افسانے تک’ شامل ہیں۔

٭…مالدیپ کے دارالحکومت مالے کے علاقے نیلوافرو ماگو میں سابق صدر اور سپیکر پارلیمنٹ محمد نشید کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

٭…افغان دارالحکومت کابل میں طالبات کے سکول سیدالشہداء پر کار بم حملے سے 55 افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں غالب تعداد طالبات کی ہے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب طالبات سکول سے باہر نکل رہی تھیں۔ افغان صدر اشرفی غنی نے اس واقعہ پر منگل کو ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے سکول پر حملے میں طالبان کو ملوث قرار دیدیا جبکہ طالبان کے ترجمان ذبیح للہ مجاہد کی جانب سے الزام کی سختی سے تردید اور حملے کی مذمت کی گئی ہے۔افغان حکام نے کہاہےکہ کار بم دھماکے کے بعد اسکول کے باہر ڈیوائسز کے ذریعے مزید دو دھماکے بھی ہوئے تھے۔

٭…چین کا لانگ مارچ 5B نامی راکٹ چینی خلائی سٹیشن کے لیے سامان کی ترسیل کے بعد واپس آتے ہوئے کنٹرول سے باہر ہوگیا۔قریباً دو دن زمین سے باہر مدار میں گھومنے کے بعد راکٹ کا ملبہ جزائر مالدیپ کے قریب بحرِ ہند میں گر گیا۔ یہ راکٹ 29؍اپریل کو لانچ کیا گیا تھا۔

٭…انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے ایشیا پیسیفک ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو نے جنوبی ایشیائی ممالک میں قابو سے باہر ہوتی کورونا وبا کی لہر کو انسانی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اسے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ وائرس کی نئی اقسام پورے ایشیا میں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال میں کورونا سے اموات کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز اور اموات رپورٹ ہونے والی تعداد سے کہیں زیادہ ہیں۔

٭…روس میں کورونا کی صورتحال پر روسی حکام سے ویڈیو کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ روس کی کورونا ویکسین کا شمار دنیا کی محفوظ اور قابل اعتبار ویکسینز میں ہو رہا ہے۔ ویکسین مؤثر ٹیکنالوجی کے ساتھ سالوں سے کام کرنے والے معتبر پلیٹ فارم سے بنائی گئی ہے۔ روسی کورونا ویکسین سپوتنک روس کی بنائی گئی کلاشنکوف رائفل کی طرح ہی محفوظ اور قابل بھروسہ ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت کی جانب سے چین کی سائنو فارم کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔ یہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف 78 فیصد مؤثر ہے۔

٭…قطر میں کی گئی تحقیق میں اس خوش آئند بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ کورونا وائرس کی جنوبی افریقی اور برطانوی اقسام کے خلاف فائزر ویکسین 75 فیصد تک مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

٭…نیپال میں کورونا وائرس کی ابتر صورتحال کے باعث یومیہ مثبت آنے والے کیسز کی شرح 47 فیصد ہوگئی۔بھارت سے ہزاروں نیپالی تارکین وطنوں کی واپسی سے یوپی سے متصل سرحدی علاقے میں کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے سے نیپال کو بھارت کی طرح بڑی انسانی تباہی کا سامنا ہے۔ نیپال میں ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے جبکہ اسے ویکسین کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

٭…برطانیہ نے مزید تین ممالک ترکی، مالدیپ اور نیپال پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے انہیں ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ نے 17؍مئی سے شہریوں کو 12 ممالک کے سفر کی اجازت دے دی۔ گرین لسٹ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سنگا پور، پرتگال، اسرائیل، برونائی، آئس لینڈ اور جبرالٹر بھی شامل ہیں جبکہ ان ممالک سے آنے والوں کوقرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔

٭… نیپالی کوہ پیما کامی ریٹا نے 25 ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ‘‘ ماؤنٹ ایورسٹ ’’ سر کر کے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے 848 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی بار 1994 میں سر کیا تھا جس کے بعد وہ تقریباً ہر سال اسے سر کرتےآئے ہیں۔وہ گائیڈ ہونے کے علاوہ اس بارہ رکنی ٹیم کا بھی حصہ ہیں جو پہاڑ پر مہم جوئی کے لیے لگائی گئی رسیوں کی درستی کرتی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button