عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(13؍مئی ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 161,104,881
صحت یاب ہونے والے: 138,933,578
وفات یافتگان: 3,345,815

٭…غزہ میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ داغنے اور اسرائیل کے جنگی طیاروں کے غزہ پر حملوں کی وجہ سے کشیدگی عروج پر پہنچنے کے سبب اقوام متحدہ نے مکمل جنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ 38گھنٹوں میں فلسطینی حزب اللہ کی طرف سے 1000 راکٹ فائر کیے گئے ہیں جبکہ اسرائیل نے بھی غزہ میں سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں اور منگل اور بدھ کے روز کئی منزلہ عمارتوں کو تباہ کر دیا ہے۔ تشدد کی اس لہر میں اب تک 14 فلسطینی بچوں سمیت 53 فلسطینی اور چھ اسرائیلی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے تل ایبب کے قریب واقع، ملک کے وسطی شہر لُد میں ہنگاموں کے بعد وہاں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اسرائیل کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی تمام تر طاقت کا استعمال کرے گی۔

٭…اسرائیلی حملوں کے جواب میں حماس کی جانب سے جوابی راکٹوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، ایک بس تباہ ہوئی جس میں تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔

٭…برطانیہ میں فلسطین کے سفیر حسام زملط نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اسرائیل افواج نے مقبوضہ یروشلم پر حملے میں بچوں سمیت کئی فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جس کی مذمت کرنی چاہیے۔ بی بی سی کی میزبان نے ان سے مسلسل سوال کیا کہ کیا وہ حماس کے راکٹ حملوں کی مذمت کریں گے۔ اس پر فلسطینی سفیر نے جواب دیا کہ اپنے وقار کے لیے ردعمل ظاہر کیا جائے تو اس کی مذمت کے بجائے اصل جارح کی مذمت کرنی چاہیے۔

٭…غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب کو ٹیلی فون پر کشیدگی ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں عام شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی حماس کے راکٹ حملے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے آبائی گھروں سے فلسطینیوں کی بےدخلی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

٭…اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سفیروں نے اسرائیلی جارحیت پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کرنے کی تجویز کی حمایت کی گئی۔ او آئی سی کے مندوبین نے اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے رکن ممالک کا ایک بنیادی گروپ بھی تشکیل دیا۔

٭…اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تشدد بڑھنے پر ‘سخت تشویش’ کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انہیں غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں سے بچوں سمیت بڑی تعداد میں ہلاکتوں اور غزہ سے فائر کیے گئے راکٹ حملوں سے اسرائیلی ہلاکتوں کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر) نے فضائی حملوں اور مظاہرین اور اسرائیلی پولیس کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد قیامِ امن و امان کی کوششوں کو بڑھانے کی اپیل کی ہے۔

٭…امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیل اور فلسطین کے مابین کشیدگی کے بارے میں عوامی بیان سے روک دیا ہے۔ امریکہ کا خیال ہے کہ تشدد کے خاتمے کے لیے پس پردہ کی جانے والی کوششوں کے لیے عوامی نوعیت کا بیان نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے سے جاری اسرائیلی پُرتشدد کارروائیوں کے بعد 15 رکنی سلامتی کونسل نے ایک بیان کی بابت بات چیت کا آغاز کیا تھا جس میں اسرائیلی حملوں اور فلسطینی خاندانوں کی بے دخلی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جائے گا۔ اس بیان میں اسرائیل سے یہودی آباد کاری کی سرگرمیوں کو معطل کرنے، فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرنے سے روکنے اور ان کی بے دخلی کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔

٭…بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی پراسیکیوٹر فتوؤ بینسودا نے اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جنگی جرائم کا ارتکاب ہورہا ہے۔ میں مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے مشرقی حصے سمیت غزہ کے اطراف اور مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔ اس سے قبل انہوںنے مارچ میں فلسطینی علاقوں میں ہونے والے ممکنہ جنگی جرائم کی باقاعدہ تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اس فیصلے پر برہمی ظاہرکرتے ہوئے اوراسے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خالصاً یہود مخالف جذبات ہیں۔

٭…افغانستان کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے عید الفطر پر طالبان کے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام سیاسی مفاہمت اور مستقل جنگ بندی کے حق دار ہیں۔ انہوں نے سیاسی تصفیے کے لیے افغانوں کے درمیان مذاکرات تیز کرنے پر زور دیا۔

٭…جی سیون ممالک کا اجلاس برطانیہ میں 11 سے 13 جون تک منعقد ہوگا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کورونا وبا کے باعث جی سیون اجلاس میں شرکت کے لیے نہیں جائیں گے۔

٭…پینٹاگون کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا 12 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج نے ہلمند میں ایک فوجی بیس بھی افغان فوج کے حوالے کردی ہے۔

٭…امریکہ کی طرف سے حزب اللہ کے سات ارکان پر پابندیاں عائد کر تے ہوئے امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے باعث حزب اللہ کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا مشکل ہوگا۔ حزب اللہ یا القدر الحسن کی طرف سے یہ سات افراد رقم آف شور اکاؤنٹ میں منتقل کرتے تھے۔ وزارت خارجہ نے باقی ممالک سے بھی ایسی تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

٭…میانمار میں فوجی بغاوت اور آنگ سان سوچی کے اقتدار کے تختہ الٹنے کو 100 دن مکمل ہوگئے۔ میانمار کی فوج نے یکم فروری کو آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کیا اور ملک کے تمام شعبوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا جس کے بعد ملک میں مظاہرے اور ہنگامے ہو رہے ہیں۔

٭…پاکستان کے سابق سفیروں کی ایسوسی ایشن نےوزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستانی سفارت کاروں کی سرزنش پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کو خط لکھےگئے خط میں کہا ہے کہ سفیروں پر بغیر تحقیقات تنقید ناقابل فہم ہے، خامیوں کی تصحیح کرنی چاہیے نہ کہ عوامی سطح پر سرزنش کی جائے، غیر جانب دار اور جامع تحقیقات کے بغیر پورے ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

٭…بھارت میں ایک شخص سے یورینیم کی برآمدگی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایٹمی دہشت گردی عالمی برادری کو درپیش سیکیورٹی چیلنج ہے۔ جوہری مواد کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ضوابط مضبوط بنانا تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل بھارت میں ایک غیر مجاز شخص کے قبضے سے 7 کلو گرام یورینیم برآمد کی گئی تھی۔

٭…روس کے مسلم اکثریتی روسی صوبے تاتارستان کے دارالحکومت قاذان میں سالانہ چھٹیوں کے بعد سکول کے پہلے دن 19سالہ مسلح نوجوان کی فائرنگ سے آٹھویں جماعت کے 7 بچوں، اور ایک استاد سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق 18 بچوں سمیت 20 افراد ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔ صدر پوٹن نے متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہتھیاروں کی اقسام کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر نئی قانون سازی کا حکم دیا ہے۔

٭…انسٹاگرام اور ٹوئٹر نے مقبوضہ بیت المقدس سے فلسطینیوں کے ممکنہ انخلا کے بارے میں پوسٹوں کو حذف کرنے کے معاملے میں کسی سازش کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے اسے تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز رکھنے والی غیرمنافع بخش تنظیم کو پیر تک اس سے متعلقہ دو سو سے زائد پوسٹس ڈیلیٹ یا اکاؤنٹس معطل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ ڈیجیٹل حقوق کی تنظیم ایکسز ناؤ کی پالیسی ایڈوائزر مروہ فتافتا نے کہا کہ ٹوئٹر اور انسٹاگرام صارفین کو گزشتہ ہفتے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ خودکار نظام کی خرابیوں کو بطور عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔

٭…پاکستانی کوہِ پیما سرباز خان نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر 24گھنٹوں میں پاکستانی پرچم دوسری مرتبہ لہرا دیا۔ ایک روز قبل شہروز کاشف نامی 19 سالہ نوجوان نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے وہاں پاکستانی پرچم لہرایا تھا۔ سرباز خان نے گزشتہ ماہ دنیا کی دسویں سب سے اونچی چوٹی اناپورنا سر کی تھی۔ وہ اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔

٭…سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس سال کے حج کے سفر کے لیے عملی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔ محکمہ صحت، انسانی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت کی کووڈ 19 کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم کی سربراہ ماریہ وان کرکوف نے بھارت میں دریافت ہونے والی کورونا کی قسم کو عالمی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ بھارتی قسم پر ویکسین بےاثر ہے۔ بھارتی نظام صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہونے والی کورونا کی قسم بی 1617 ایک عالمی خطرہ ہے، اگرچہ ابتدائی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ تیزی سے پھیلتی ہے، مگر اس قسم میں موجود تبدیلیوں کے لیے ہمیں مزید تفصیلات کی ضرورت ہےجس کے لیے مزید سیکونسنگ کرنا ہوں گی۔ صرف ویکسینز کے ذریعے موجودہ صورتحال کو قابو میں کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

٭…امریکی ادارے ایف ڈی اے نے کم عمر بچوں کو فائزر بائیو این ٹیک ویکسین لگانے کی اجازت دے دی۔ اب 12 سے 15 سال کے بچوں کو بھی ویکسین لگوائی جاسکے گی۔

٭…نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ 16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی رجسٹریشن کھول دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی میں بہتری آ رہی ہے، وفاق کی تمام اکائیوں میں ویکسین کی استعدادِ کار بڑھ رہی ہے۔ کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے اہل افراد کی کیٹیگری میں اضافہ جاری ہے۔

٭…جاپان نے 152 ملکوں کے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ وزارت خارجہ جاپان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔وزارت خارجہ نے بتایا کہ پاکستان، بھارت اور دیگر کئی ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندیوں کا اطلاق اسی ہفتہ سے ہوگا جس کے دوران جاپان میں مستقل رہائش رکھنے والوں یا ورک ویزا والے غیر ملکیوں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ صرف جاپانی شہریوں کو جاپان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

٭…آسٹریلیا میں کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بند سڈنی ایئرپورٹ کے ایسٹ ویسٹ رن وے کو قریباً ایک سال بعد پروازوں کیلئے کھول دیا گیا۔ سڈنی ایئر پورٹ حکام کے مطابق کورونا بحران کے سبب مختلف ایئر لائنز کے 50 سے زائد ہوائی جہاز اس رن وے پر ایک سال سے زائد عرصے تک پارک رہے۔ آسٹریلیا میں اندرون ملک پروازوں میں بتدریج بہتری آنی شروع ہوگئی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button