اختلافی مسائل

کیاحضرت عیسیٰ علیہ السلام نبی اکرمﷺ کے امّتی ہوسکتے ہیں؟

غیر احمدی مسلمان علماء ایک طرف تو بڑی شد و مد سے اور متعدد احادیث پیش کرکےکہتے ہیں کہ نبی اکرمﷺ قطعی طور پر آخری نبی ہیں اور آپﷺ کے بعد کسی بھی قسم کا کوئی نبی نہیں آسکتا اور نہ ہی آئے گا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی وہ قربِ قیامت میں ایک نبی یعنی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد کا عقیدہ رکھتے ہیں۔ جب ان سے اس تضاد کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے تو وہ اس کی یہ تاویلات پیش کرتے ہیں:

1.حضرت عیسیٰ علیہ السلام بطور نبی نہیں آئیں گے۔

2.وہ نبی اکرمﷺ کے امّتی کی حیثیت سے آئیں گے اور اسلامی شریعت پر عمل کریں گے۔

3.نبی اکرمﷺ کے بعد کوئی نیا نبی پیدا نہیں ہوگا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نبوت نبی اکرمﷺ سے پہلے مل چکی تھی۔

اس مختصر مضمون میں ہم صرف نکتہ نمبر2پر بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا قرآن و حدیث کی رو سے کوئی نبی اپنے بعد مبعوث ہونے والے نبی کی امت کا فرد بن سکتا ہے یا نہیں۔ یاد رہے کہ یہ متنازعہ نکتہ تاریخِ مذاہب میں پہلی دفعہ نہیں اٹھایا گیا بلکہ اس سے پہلے بھی اٹھایا جاچکا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس کا یہ فیصلہ فرمادیا ہوا ہے کہ ایک نبی اپنے سے پہلے مبعوث ہونے والے نبی کی امت کا فرد تو کہلایا جاسکتا ہے لیکن اپنے سے بعد مبعوث ہونے والے نبی کی امت کا فرد نہیں بن سکتا۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام یہودی تھے یا عیسائی؟

قرآن مجید میں ذکر ہے کہ یہودونصاریٰ کا آپس میں اس بات پر تنازعہ تھا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام یہودی ہیں یا عیسائی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نہ یہودی تھے اور نہ عیسائی اور اس کی دلیل یہ دیتا ہے کہ کوئی بھی امت کتاب کے نزول سے معرض وجود میں آتی ہے۔ چونکہ تورات اور انجیل حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بعد نازل ہوئی تھیں اور ان کے نزول سے یہودی اور عیسائی امتیں وجود میں آئیں لہٰذا حضرت ابراہیم علیہ السلام ان دونوں امتوں کے فرد نہیں کہلائے جاسکتے۔ یہ ایک معقولی بات ہے لہٰذا اس آیت کے آخر میں کہا گیا ہے کہ کیا تم عقل نہیں کرتے۔

یٰۤاَہۡلَ الۡکِتٰبِ لِمَ تُحَآجُّوۡنَ فِیۡۤ اِبۡرٰہِیۡمَ وَ مَاۤ اُنۡزِلَتِ التَّوۡرٰٮۃُ وَ الۡاِنۡجِیۡلُ اِلَّا مِنۡۢ بَعۡدِہٖ ؕ اَفَلَا تَعۡقِلُوۡنَ۔ ہٰۤاَنۡتُمۡ ہٰۤؤُلَآءِ حَاجَجۡتُمۡ فِیۡمَا لَکُمۡ بِہٖ عِلۡمٌ فَلِمَ تُحَآجُّوۡنَ فِیۡمَا لَیۡسَ لَکُمۡ بِہٖ عِلۡمٌ ؕ وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ۔ مَا کَانَ اِبۡرٰہِیۡمُ یَہُوۡدِیًّا وَّ لَا نَصۡرَانِیًّا وَّ لٰکِنۡ کَانَ حَنِیۡفًا مُّسۡلِمًا ؕ وَ مَا کَانَ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ۔

(آل عمران: 66تا68)

اے اہلِ کتاب! تم ابراہیم کے بارے میں کیوں جھگڑتے ہو حالانکہ تورات اور انجیل نہیں اتاری گئیں مگر اُس کے بعد۔ پس کیا تم عقل نہیں کرتے؟ سنو! تم ایسے لوگ ہو کہ اُس بارہ میں جھگڑتے ہو جس کا تمہیں علم ہے۔ تو پھر ایسی باتوں میں کیوں جھگڑتے ہو جن کا تمہیں کوئی علم ہی نہیں۔ اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔ ابراہیم نہ تو یہودی تھا نہ نصرانی بلکہ وہ تو (ہمیشہ اللہ کی طرف) جھکنے والا فرمانبردار تھا۔ اور وہ (ہرگز) مشرکوں میں سے نہیں تھا۔

حضرت ابراہیمؑ حضرت نوحؑ کے امّتی

مذکورہ بالا آیت کریمہ میں بیان کردہ اصول کے مطابق حضرت ابراہیمؑ حضرت موسیٰؑ یا حضرت عیسیٰؑ کے امّتی تو نہیں کہلائے جاسکتے لیکن ایک اور آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے انہیں ان سے پہلے نبی یعنی حضرت نوحؑ کے گروہ میں شامل قرار دیا۔

وَ اِنَّ مِنۡ شِیۡعَتِہٖ لَاِبۡرٰہِیۡمَ

(الصّٰٓفّٰت: 84)

اور یقیناً اُسی کے گروہ میں سے ابراہیم بھی تھا۔

علامہ ابی حیّان الاندلسی لکھتے ہیں:

’’بأن شریعۃ الیھود والنصاری متأخرۃ عن ابراہیم و ھو متقدم علیھما، و محال أن ینسب المتقدم الی المتأخر، ولظھور فساد ھذہ الدعوی (أفلا تعقلون) أي ھذا کلام من لا یعقل‘‘

(تفسیر البحر المحیط۔ زیر تفسیر آیت مندرجہ بالا)

کیونکہ یہودونصاریٰ کی شریعت بعد میں تھی اور حضرت ابراہیمؑ ان سے پہلے تھے اور پہلے والے کو بعد سے نسبت دینا محال ہے اور اس دعویٰ کے فساد کے ظاہر کرنے کو فرمایا (کیا تم عقل نہیں کرتے) یعنی یہ کہ اس کلام میں کوئی عقل نہیں۔

اس امّت کا نبی اسی میں سے ہوگا

اس قرآنی اصول کی تصدیق ایک حدیث سے بھی ہوتی ہے جسے علامہ جلال الدین سیوطیؒ نے اپنی کتاب ’’الخصائصالکبریٰ‘‘ میں درج کیا ہے۔ مشہور دیوبندی عالم مولوی اشرف علی تھانوی صاحب نے بھی اپنی کتاب ’’النشر الطیب فی ذکر النبی الحبیبؐ ‘‘ میں اس حدیث کو نقل کیا ہے۔

’’ابونعیم نے ’’حلیہ‘‘ میں حضرت انسؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا بنی اسرائیل کے نبی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے وحی فرمائی کہ جو شخص مجھ سے اس حال میں ملے کہ وہ احمد مجتبیٰ کا منکر ہے تو میں اسے جہنم میں داخل کروں گا۔ موسیٰ علیہ السلام نے کہا: اے ربّ! احمد کون ہیں؟ فرمایا: ’’میں نے کسی مخلوق کو ان سے بڑھ کر مکرم نہیں بنایا۔ اور میں نے ان کا نام تخلیق زمین و آسمان سے پہلے عرش پر لکھا۔ بلاشبہ میری تمام مخلوق پر جنت حرام ہے جب تک وہ ان کی امت میں داخل نہ ہو۔‘‘ موسیٰؑ نے کہا: ان کی امت کیسی ہے؟ فرمایا: وہ بہت زیادہ حمد کرنے والی امت ہے جو چڑھتے اور اترتے ہر حال میں خدا کی حمد کرنے والی ہے۔ وہ اپنی کمریں باندھیں گے اور اعضاء کو پاک کریں گے۔ وہ دن میں روزہ دار اور شب میں ذکر واذکار اور عبادت گزار ہوںگے۔ ان کے قلیل عمل کو قبول کروں گا اورلَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ کی شہادت پر ان کو جنت میں داخل کروں گا۔ عرض کیا: اس امت کا نبی مجھے بنادے! فرمایا: اس امت کا نبی انہیں میں سے ہوگا۔ عرض کیا: مجھے اس امت کا فرد بنادے! فرمایا: تمہارا زمانہ پہلے ہے اور ان کا زمانہ آخر میں، لیکن بہت جلد میں تم کو اور ان کو دارالجلال میں جمع کردوں گا۔‘‘

قرآن و حدیث میں بیان کردہ ان اصولوں کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام امّت محمدیہ علیٰ صاحبھا الصلوٰۃ والسلامکے نبی یا فرد اس لیے نہیں بن سکتے کیونکہ یہ امت قرآن کریم کے نزول سے معرض وجود میں آئی ہے اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام نزول قرآن سے پہلے مبعوث ہوچکے تھے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرح ان کا زمانہ بھی امت محمدیہ سے پہلے کا ہے۔ چنانچہ جو رکاوٹ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اس امت کا نبی یا فرد بننے میں ہے بعینہٖ وہی رکاوٹ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لیے بھی ہے۔ لہٰذا ثابت ہوا کہ احادیث میں جس ابن مریم کے آنے کا ذکر ہے وہ اسی امت میں پیدا ہونے والا ایک فرد ہے نہ کہ باہر سے آنے والا کوئی اور شخص، جیسا کہ اس حدیث میں کہا گیا کہ اس امت کا نبی انہی میں سے ہوگا۔ ایک اور بات جو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ثابت ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ غیراحمدی علماء جس دین کے پیروکار ہیں اس کی بنیاد قرآن و سنّت کی بجائے خودساختہ اور من گھڑت اصولوں پر رکھی گئی ہے جس سے وہ احمدیہ مسلم جماعت کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کا نتیجہ ہمیشہ کی طرح اُن کی ناکامی و نامرادی کی صورت میں نکلتا ہے۔

(مرسلہ: انصر رضا۔واقف زندگی کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button