امریکہ (رپورٹس)

رمضان المبارک 2021ء کے دوران جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی

(لئیق احمد مشتاق ۔ مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ)

مسجد ناصر کی پچاس سالہ تقریب کے موقع پر چار وزراء کی افطار میں شرکت

الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں جماعتی خبروں کی اشاعت

شَھرعظیماورشَھرمبارکرمضان اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اپریل کے دوسرے ہفتے میں جنوبی امریکہ کے ممالک پر سایہ فگن ہوا۔ امسال یہ ماہِ مقدس اس لیے بھی یادگار تھا کہ جماعت سُرینام کی پہلی مسجد ناصر کی تعمیر کے پچاس سال مکمل ہو رہے تھے۔

بدقسمتی سے اپریل کے آغاز سے ہی کورونا کی تیسری لہر نے اس ملک پر اپنے پنجے گاڑ دیے جس کی وجہ سے مختلف پابندیوں کے ساتھ اس ماہ مبارک کا آغاز ہوا۔

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جماعت احمدیہ سُرینام کو دسمبر 2001ء سے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں روزانہ پندرہ منٹ کا ایک ٹی وی پروگرام پیش کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اور اس ملک کے ٹی وی چینلز مذہبی رواداری کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے ان پروگرامز کے لیے حسب منشا وقت بھی دیتے ہیں اور انتہائی مناسب معاوضہ بھی لیتے ہیں۔ امسال بھی ہم نے مارچ کے شروع میں مختلف ٹی وی چینلز سے رابطے کیے۔ آج کل سُرینام میں ٹی وی پر پندرہ منٹ وقت کا کمرشل ریٹ 275سے 300سُرینامی ڈالرز ہے، لیکن ملک کے معروف ٹی وی چینل (.T.B.N) ’’تری شول براڈ کاسٹنگ نیٹ ورک‘‘ نے ہمیں صرف 50سُرینامی ڈالرز فی پروگرام معاوضے پر شام چھ بجے کا وقت دینے کی حامی بھری۔ چنانچہ ہم نے پروگرامز کی تیاری اور ترتیب و تدوین کا کام شروع کیا اور بفضل خدا 12؍اپریل کو پہلا پروگرام ’’رویت ہلال‘‘ کے حوالے سے نشر ہوا۔

مسجد کی تزئین و آرائش

امسال جماعت کی مرکزی مسجد ناصر کے پچاس سال بھی اِسی بابرکت مہینے میں پورے ہورہے تھے، اس لیے مسجد کی تزئین و آرائش کا کام بھی مارچ میں شروع کیا گیا۔ مسجد کو پینٹ کرنے کے لیے تقریباً چودہ میٹر کی مچان یا آہنی ڈھانچا (Scaffolding) درکار تھا۔ اس مقصد کے لیے ہم نے مختلف جگہوں پر رابطہ کیا، تو آٹھ میٹر فریم کا یومیہ کرایہ 250سُرینامی ڈالرز بتایا گیا۔ پھر ملک کی ایک معروف کمپنی کے مالک سے رابطہ کیا گیا اور انہیں اپنی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔ باوجود اس کے کہ وہ غیر مسلم ہیں انہوں نےکہا کہ مسجد کے کام کے لیے میں بلا معاوضہ آپ کو مچان فراہم کروں گا اور جتنے دن چاہیں استعمال کریں۔ چنانچہ انہوں نے اپنا 15میٹر کا فریم اپنے ٹرک پر مسجد بھجوایا۔ جسے ہم نے دو ہفتے استعمال کیا اور مسجد کے چاروں میناروں کے پینٹ کاکام مکمل ہونے کے بعد جماعت کی طرف سے شکریہ کے خط کے ساتھ انہیں سامان واپس بھجوادیا۔

ماہِ مقدس کا آغاز

مورخہ 12؍اپریل2021ء بروز پیر پہلی تراویح ادا کی گئی اور منگل 13؍اپریل کو سرینام میں مسلمانوں کی اکثریت نے پہلا روزہ رکھا۔ لیکن روزانہ شام کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے مساجد میں تراویح کا انتظام نہیں ہو سکا اور افراد جماعت کو گھروں میں نماز باجماعت اور نوافل کی ادائیگی کی تلقین کی گئی۔ خاکسار نے روزانہ رات نو بجے آن لائن درس کا سلسلہ شروع کیا، جس کے بعد سوال وجواب کا پروگرام بھی ہوتا رہا۔

جوبلی تقریبات

25؍اپریل 2021ء بروز اتوار مسجد ناصر کے افتتاح کو پچاس سال مکمل ہوئے۔ حسن اتفاق سے پچاس سال قبل 25؍اپریل 1971ء بھی اتوار کا دن تھا۔ اِس دن کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث میل جول کے قواعد مزید سخت کر دیے گئے تھے، اس لیے اس موقع پر انتہائی محدود پیمانے پر تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسجد کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا اور چراغاں کیا گیا۔ مسجد کی تصویر سے مزین لوگو اور سووینیئر تیار کروایا گیا۔ چار وزراء اورچند دیگر مہمانوں کو پروگرام میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ مورخہ 25؍اپریل کو افطار کے وقت پہلی تقریب منعقد ہوئی جس میں تین وزرا اور چند افراد جماعت شامل ہوئے۔ معزز مہمانوں میں وزیر دفاع محترمہ کرشنا حسین علی صاحبہ، منسٹرپبلک ورکس پروفیسر ڈاکٹر ریاض نور محمد صاحب ، لیبر، ملازمت اور نوجوانوں کے امور کی وزیر مس ریشما کلدیپ سنگھ صاحبہ شامل ہیں۔ تینوں مہمانوں کو پر تکلف عشائیے کے بعدجماعتی کتب اور یادگاری سووینیئر پیش کیے گئے۔ مہمانوں کی طرف سے پروفیسر ڈاکٹر ریاض نور محمد صاحب اور جماعت کی طرف سے خاکسار نے شاملین کا شکریہ ادا کیا۔

مورخہ 26؍اپریل کو دوسرے افطار میں وزیر داخلہ مسٹر برونتو سلام سوموہارجو،وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر مسٹرمحمد نصیرایسکاک اور مجلس عاملہ کے چند ممبران شامل ہوئے۔ کھانے اور نماز مغرب کےبعد محترم صدر صاحب نے جماعت کا مختصر تعارف کروایا اور مسجد کی تعمیر کی تاریخ بیان کی۔ ہوم منسٹر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ان مہمانوں کو بھی جماعتی لٹریچر اور سووینیئر پیش کیا گیا۔ جماعت سُرینام کے ابتدائی ممبران میں شامل محترم عبد المطلب محمود صاحب جو پچاس سال قبل مسجد کی افتتاحی تقریب میں بھی شامل تھے انہیں خاص طور پر اس تقریب میں مدعو کیا گیا اور انہیں بھی سووینیئر پیش کیا گیا۔

ان تقاریب کے حوالے سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ جب ڈاکٹر ریاض نور محمد صاحب کو شمولیت کا دعوت نامہ بھجوایا گیا تو انہوں نے اپنی اہلیہ کو رقم دے کر مسجد بھجوایا اور درخواست کی کہ اس پروگرام کا تمام خرچ وہ ادا کریں گے۔

اشاعت

مسجد کے پچاس سال کی تکمیل کو ہم نے اس طرح بھی یادگار بنایا کہ 46صفحات پر مشتمل ’’نمازکی کتاب‘‘ تیار کی۔ جس میں عبادت کا فلسفہ، نماز کے احکام و مسائل، مسنون دعائیں، چند چھوٹی سورتیں شامل کرکے دیدہ زیب کور پیج کے ساتھ شائع کروائی گئی۔ اس کتاب کی اشاعت کاتمام خرچ سُرینام کے سب سےپہلے احمدی محترم عبد العزیز جمن بخش صاحب کے بچوں نے اپنے والدین کی طرف سے ادا کیا۔

میڈیا کوریج

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان کے ساتھ اس موقع پر ہمیں بھر پور میڈیا کوریج ملی۔ سب سے پہلے ملک کے سب سے قدیم اخبار ’’دا وار تیڈ‘‘ (De Ware Tijd) نے 25؍اپریل کو مسجد کی رنگین تصویر کے ساتھ مفصّل رپورٹ شائع کی۔ اس خبر کو پانچ نیوز ویب سائٹس نے اپنے مرکزی صفحہ پر شیئر کیا۔

26؍اپریل کو ملک کے معروف اخبار ’’داخ بلاد سُرینام‘‘ (Dagblad SURINAME) نے فرنٹ پیج پر مسجد کی رنگین تصویر شائع کی اور اندر کے رنگین صفحہ 9پر پانچ تصاویر کے ساتھ تفصیلی خبر شائع کی۔

اِسی روز ایک اور روز نامہ ’’ٹائمز آف سُرینام‘‘ (Times of SURINAME) نے بھی صفحہ نمبر 4پر تین تصاویر کے ساتھ تفصیلی خبر شائع کی۔

ملک کی معروف نیوز ویب سائٹ ’’جی ایف سی نیوز‘‘ (GFC Nieuws) نے بھی 26؍اپریل کو تصاویر کے ساتھ اپنے مرکزی صفحہ اور فیس بک پیج پرتفصیلی خبر شائع کی۔

حالات حاضرہ کے مقبول پروگرام ’’ٹی بی این پرائم الرٹ‘‘ کی ٹیم نے مسجد آکر محترم شمشیر علی صاحب صدر جماعت کا 15منٹ دورانیہ کا انٹرویو لیا جو 26؍اپریل کی رات 8بجے ٹی وی پر نشر ہوا۔

رمضان پروگرامز

تری شول ٹی وی پر روزانہ رمضان پروگرامزکا سلسلہ چاند رات تک جاری رہا۔ راپار براڈکاسٹنگ نیٹ ورک (RBN Ch.5) جہاں سے جماعت کا ہفتہ وار پروگرام نشر ہوتا ہے، اس چینل کو بھی پانچ پروگرام رمضان المبارک کے حوالے سے تیار کرکے دیے گئے۔ امسال رویت ہلال، روزے کی اہمیت، فضیلت، برکات، روزے کے مسائل، سفر اور روزہ، روزہ رکھنے کی عمر، عورت اور روزہ، تلاوت قرآن مجید کی اہمیت وبرکات، اعتکاف کی اہمیت و فضیلت، لیلۃ القدرکی فضیلت اور اس کی تلاش کی سعی، صدقۃ الفطر کی اہمیت اور ادائیگی کا طریق، مسجد کا احترام، عیدالفطر اور سنت رسولﷺ، ایسے موضوعات پر کل 36پروگرام پیش کیے گئے، جن پر 9گھنٹےوقت صرف ہوا۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں اہل سرینام مسلم اور غیر مسلم افراد نے ہمارے پروگرام دیکھے اور ان کے معیار کی تعریف کی ۔ حسب روایت تمام پروگرامز کا خرچ افراد جماعت کی ڈونیشن سے پورا کیا گیا اور خدا تعالیٰ کے فضل سے ممبران نے اس مقصد کے لیے بھر پور جذبے کے ساتھ قربانی کی۔ ہر سال خدا تعالیٰ کے فضل سے رمضان المبارک کے دوران نہ صرف ان مخصوص پروگرامز بلکہ سال بھر جاری رہنے والے ہفتہ وارٹی وی پروگرام کے لیے بھی کافی حد تک رقم جمع ہو جاتی ہے۔

مستحقین کی امداد

رمضان المبارک کے دوران ’’لائنز کلب سُرینام‘‘ کی انتظامیہ نے مسجد سے رابطہ کیا کہ ہم آپ کی جماعت کے توسط سے غرباء کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ ہم نے آس پاس کے15مستحق خاندانوں کی لسٹ انہیں بھجوا دی۔ مورخہ 26؍اپریل کی سہ پہر لائنز کلب کے ممبران نےمسجد میں اشیائے خورونوش کے یہ پیکٹس تقسیم کیے۔ اسی طرح جماعتی نظام کے تحت بھی اشیائے خورونوش کے 15پیکٹ غیر از جماعت مستحقین اورضرورتمند افراد جماعت میں تقسیم کیے گئے اور جماعت کے کچھ بچوں کے لیے کپڑوں کا انتظام کیا گیا۔

عید الفطر

سُرینام میں عیدین کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے۔ امسال بھی 4مئی کو گورنمنٹ کی طرف 13مئی کو عید الفطر کے دن عام تعطیل کا اعلان کیا گیا اور مجلس عاملہ نے افراد جماعت کی سہولت کو مدنظر رکھ کر چار مختلف جگہوں پر نماز عید اداکرنے کا پروگرام ترتیب دیا، لیکن10مئی کو ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا، جس کی وجہ سےاس پروگرام پر عمل کرنا ممکن نہ رہا اور افراد جماعت کو نماز عید پڑھانے کا طریق بتا کر اور خطبہ فراہم کرکےاپنے اہل خانہ کے ہمراہ نماز عید پڑھنے کی تلقین کی گئی۔ جس کے لیے ساڑھے نو بجے کا وقت مقرر کیا گیا اور دن دس بجے خاکسار نے آن لائن عید کا خطبہ دیا اور اجتماعی دعا کروائی۔

دائیں سے بائیں: سرینام کے تین وزرائے مملکت، خاکسار اور محترم صدر صاحب جماعت، (25؍ اپریل 2021ء)

قارئین الفضل انٹر نیشنل کی خدمت میں جماعت سرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لیے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔

(رپورٹ: لئیق احمد مشاق۔ مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button