حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ایران کے صدارتی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی نے دیگر تین امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔سبکدوش ہونے والے اعتدال پسند صدر حسن روحانی نے ابراہیم رئیسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘میں لوگوں کو ان کی پسند پر مبارکباد دیتا ہوں۔ میری سرکاری مبارکباد پر مبنی پیغام بعد میں جاری کیا جائے گا لیکن ہم جانتے ہیں کہ اس انتخاب میں کس کو زیادہ ووٹ ملے اور آج عوام نے کس کو منتخب کیا’۔

60 سالہ ابراہیم رئیسی رواں برس اگست میں صدارتی منصب سنبھالیں گے۔ امریکہ سے جوہری معاہدےاور ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم کرانے جیسے اہم معاملات کا انہیں سامنا کرنا ہو گا تاکہ ملک میں معاشی بحران پر قابو پایا جاسکے۔

٭…امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سُلیوان کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان رواں ہفتے ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ترکی کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہنماؤں کی جانب سے واضح عزم ظاہر کیا گیا کہ ترکی، حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حفاظت کے لیے مرکزی کردار ادا کرے گا اور اب ہم کام کر رہے ہیں کہ کس طرح اس طرف بڑھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو طالبان کی جانب سے افغانستان میں بین الاقوامی مشنز کو نشانہ بنائے جانے کے خطرات پر شدید تشویش ہے۔

٭…میانمار میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں حکومت کا تختہ الٹنے کے 4 سے زائد ماہ کے بعد میانمار کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف ایک جنتا (فوجی) عدالت میں غداری کے الزام میں مقدمے کا آغاز کردیا گیا۔ آنگ سان سوچی کی وکیل من من سوئے نے کہا کہ معزول رہنما میانمار کے دارالحکومت نیپیدا کی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں جنتا (فوج)نے ان پر لگائے گئے غداری کے الزام کی حمایت میں پیش کیے گئے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا۔ واضح رہے کہ میانمار میں یکم فروری کی صبح جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرکے آنگ سان سوچی اور ان کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد فوج کے خلاف جمہوریت کے حامیوں کے پُر تشدد مظاہرے جاری رہے۔ ایک مبصر گروپ کے مطابق مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 850 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اگر آنگ سان سوچی پر لگائے گئے تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو 75 سالہ نوبیل انعام یافتہ رہنما کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

٭…برطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو وزیر اعظم بورس جانسن کے حلقے سے محض چند میل دور واقع حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سنہ 1974ء میں اس حلقے کے قیام کے بعد سے کنزرویٹو پارٹی لگاتار ان حلقوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہر موقع پر 50 فیصد سے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب ہوتی چلی آ رہی تھی۔ تاہم 18؍ جون کو آنے والے نتائج میں یورپی یونین کی حامی جماعت لبرل ڈیموکریٹس کے اُمیدوار نے مجموعی طور پر 8 ہزار 28 میں سے اکثر ووٹ حاصل کیے۔

٭…انتونیو گوتریس کو 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے دوسری بار پانچ سالہ مدت کے لیے اقوام متحدہ کا سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس ماہ کے آغاز میں 15 رکنی سلامتی کونسل نے جنرل اسمبلی کو گوتریس کی دوبارہ تقرری کی سفارش کی تھی۔ ان کی دوسری میعاد کا آغاز یکم جنوری 2022ء سے ہوگا۔ 18؍ جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ میں بڑی اور چھوٹی اقوام کے مابین اعتماد کے فروغ کو یقینی بنانے، راہ ہموار اور اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔

٭…اقوام متحدہ کی مہاجرین کے لیے قائم کردہ ایجنسی کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019ء میں پہلے ہی مہاجرین کی نقل و حرکت کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے تاہم 2020ء میں عالمی سطح پر نقل مکانی کے اعداد و شمار میں 30 لاکھ کے قریب اضافہ ہوا۔ اس رپورٹ میں روشنی ڈالی گئی کہ شام، افغانستان، صومالیہ اور یمن جیسے ممالک میں جاری بحرانوں نے لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا جبکہ ایتھوپیا اور موزمبیق جیسے مقامات پر تشدد کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی۔ لگاتار نویں سال بھی مہاجرین کی تعداد میں اضافہ فکر انگیز ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کی وجہ سے توقع کی جارہی تھی کہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد میں کمی آئے گی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2020ء کے آخر تک ریکارڈ 8کروڑ 24لاکھ افراد مہاجرین یا پناہ گزینوں کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں، یا اپنے ہی ملکوں میں نام نہاد داخلی نقل مکانی میں ہیں۔ یاد رہے کہ 2011ء میں یہ تعداد 4کروڑ تھی۔

٭…اسرائیلی پولیس کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں کو روکنے پر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس پر پولیس کی جانب سے اسٹن گرینیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہزاروں مظاہرین نے جلوس نکالا۔

٭…فرانس کی ایک عدالت نے سویڈن کی مقبول اور دنیا کی سب سے بڑی فرنیچر ریٹیلر قرار دی جانے والی کمپنی آئیکیا (IKEA)پر فرانسیسی عملے کی جاسوسی کے جرم میں 10 لاکھ یورو (12 لاکھ ڈالرز) کا جرمانہ عائد کردیا۔ سویڈش کمپنی کی فرانسیسی شاخ پر کئی سالوں سے ملازمین کی جاسوسی کرنے، ان کے بینک اکاؤنٹس کے ریکارڈز کا جائزہ لے کر پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنے اور کبھی کبھار عملے کے بارے میں رپورٹ لکھنے کے لیے جعلی ملازمین کا استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ یہ الزامات 2009ء سے 2012ء تک کے دوارنیے پر مشتمل ہیں۔

٭…شمالی کروشیا کے ایک چھوٹے قصبے میں گھروں کو محض ایک کیونا (کروشین کرنسی) میں فروخت کیا جارہا ہے تاکہ وہاں کی گھٹتی آبادی کو بڑھایا جاسکے۔ قصبے کے میئر ایوان سابولک نے اتنی کم قیمت میں گھروں کو فروخت کرنے کے حوالے سے بتایا کہ اس کا مقصد قصبے کو پھر نقشے میں واپس لانا ہے۔ لیگارڈ نامی قصبے میں 2 ہزار 2 سو سے زیادہ افراد مقیم ہیں اور گزشتہ ایک صدی کے دوران وہاں سے زیادہ تر افراد دیگر علاقوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے گھروں کی تزئین و آرائش کے لیے 25 ہزار کیونا سے زائد دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ مگر اتنے سستے گھروں کی خرید کے ساتھ کچھ شرائط بھی ہیں جن میں مجوزہ خریداروں کی عمر 40 سال سے کم ہونا، مالی طور پر خودمختار ہونا نیز یہ کہ انہیں کم از کم 15 سال تک اس قصبے میں رہائش اختیار کرنے پر رضامندی ظاہر کرنا شامل ہیں۔

٭…فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیل سے کورونا کی ویکسین لینے کے معاہدے کو منسوخی کا علان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں فراہم کی جانے والی ویکسین زائد المعیاد ہونے کے قریب ہیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button