حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(یکم جولائی۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 182,996,461

صحت یاب ہونے والے: 167,577,871

وفات یافتگان: 3,963,159

٭… اسرائیل کے وزیر خارجہ يائير لابيد 29؍ جون کو نہایت اہم دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے۔ اس دورے کو عرب دنیا کے لیے بالعموم اور یو اے ای کے لیے بالخصوص ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے نو ماہ قبل اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کی غرض سے کیے گئے اس معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد یہ کسی بھی اسرائیلی وزیر کا یو اے ای کا پہلا دورہ تھا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی نیز انہوں نے ابوظہبی اور دبئی میں اسرائیلی سفارت خانے اور قونصل خانے کے دفاتر کا افتتاح بھی کیا۔ اس دورے کی عرب دنیا کے لیے نہ صرف علامتی اہمیت ہے بلکہ مئی میں اسرائیل، غزہ تنازع کے بعد یہ دونوں فریقوں کے مابین پہلا باقاعدہ سرکاری رابطہ تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل، حماس تنازع کے دوران غزہ میں کم از کم 256 افراد جبکہ اسرائیل میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

٭…پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے عراق اور شام میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ڈرون حملوں کے جواب میں ‘آپریشنل اور ہتھیار ذخیرہ کرنے والی سہولیات’ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے خلاف فضائی حملوں کا یہ دوسرا دور ہے۔ عراق میں مقیم امریکی افواج حالیہ مہینوں میں ڈرون حملوں سے متعدد بار نشانہ بنی ہیں۔ایران نے ان ڈرون حملوں میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔پینٹاگون کے بیان کے مطابق ان فضائی حملوں کے دوران شام میں دو اور عراق میں ایک ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔

٭… پینٹاگون نے افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر واپس دیکھنا چاہتے ہیں، حالیہ پُرتشدد واقعات طالبان کی امن عمل میں شرکت پر سوال اٹھاتے ہیں۔افغانستان میں مذاکرات سےلڑائی کےپرامن اختتام کےحق میں ہیں۔

٭… اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی صدر جوبائیڈن سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت تہران پر تمام عائد پابندیاں ختم کرے یا ان میں نرمی کرے۔سیکریٹری جنرل کی جانب سے جوہری معاہدے سے متعلق بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر عائد پابندیاں ختم نہیں کی گئیں تو جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات اور جوہری نگراں ادارے آئی اے ای اے کو پلانٹ کے اندر کی تصاویر نہیں دی جائیں گی۔یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری معاہدہ منسوخ کرکے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں جس کے بعد ایران نے 2019ء میں جوہری معاہدے کی چند شقوں کے خلاف ورزی کی۔

٭…سعودی عرب کے ایک علاقے سے وہیل مچھلی کا 3 کروڑ 70 لاکھ سال قدیم ڈھانچا دریافت ہوا ہے ۔یہ ڈھانچا سعودی جیالوجیکل ٹیم نے مملکت کے شمالی مغربی صحرا میں دریافت کیا ہے۔

٭…سرد ترین ملک کینیڈا میں شدید گرمی پڑنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے، اچانک اور غیر معمولی گرمی سے کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جمعے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 233 ہو گئی۔ جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔تاریخ میں پہلی وہاں کا درجہ حرارت 49 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ہے۔ صرف برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میں 69 اچانک اموات رپورٹ ہوئیں۔

٭… پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خوشاب میں توہین مذہب کا الزام لگا کر اپنے ہی بینک کے مینیجر کو قتل کرنے والے سکیورٹی گارڈ کو انسداددِشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم دیا ہے۔قتل کا یہ واقعہ گزشتہ سال نومبر میں خوشاب کے علاقے قائدآباد میں پیش آیا تھا۔ مجرم احمد نواز نے محمد عمران حنیف پر اس وقت فائرنگ کردی تھی جب وہ صبح کے وقت بینک میں داخل ہو رہے تھے۔

٭…آسٹریلیا میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاؤ جاری ہے۔حالیہ وبا سے ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا کے مقامی منتقلی کے 22 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈیلٹا ویرنٹ پر قابو پانے کیلئے سڈنی سمیت چار بڑے شہروں میں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ آسٹریلیا میں ہر دو میں سے ایک شخص کورونا پابندیوں کے زیر اثر ہے۔دوسری جانب فرانس میں بھی رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز میں20 فیصد ڈیلٹا ویرنٹ کے کیسز ہیں۔

٭…اُڑنے والی گاڑی یا فلائنگ کار کے ایک آزمائشی ماڈل نے سلواکیا کے شہروں نیترا اور براٹیسلاوا کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے درمیان ایک گھنٹہ 35 منٹ کی پرواز کامیابی سے مکمل کی ہے۔کار اور ہوائی جہاز کی ٹیکنالوجی کے ملاپ سے تیار کردہ ‘ایئر کار’ کے اس ماڈل میں بی ایم ڈبلیو کا انجن نصب ہے جبکہ اس میں کسی عام پٹرول پمپ کا ایندھن ڈالا جاتا ہے۔اس کے موجد پروفیسر سٹیفن کلین کا دعویٰ ہے کہ یہ کار ایک ہزار کلومیٹر اور 8200 فٹ کی بلندی پر اُڑ سکتی ہے اور اس نے ہوا میں اب تک 40 گھنٹے گزارے ہیں۔اسے کار سے ہوائی جہاز بننے میں صرف دو منٹ 15 سیکنڈ لگتے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button