متفرق مضامین

کھمبی (mushroom) کے فوائد

(محمد فاروق سعید۔ لندن)

اگلی مرتبہ جب آپ سلاد بنانے لگیں تو شاید یہ مضمون پڑھ کر آپ اس میں مشروم ڈالنا نہیں بھولیں گے کیونکہ 16؍مارچ 2020ءکو Penn State study میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق مشروم کا استعمال کینسر جیسی موذی بیماری کی روک تھام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوا ہے۔

1996ء سے لے کر 2020ء تک کینسر کی سترہ اہم تحقیقات میں سے یہ منظم جائزہ حاصل کیا گیا ہے۔ کینسر کے انیس ہزار پانچ سو مریضوں پرتجربات سے محققین نے تحقیق کی کہ مشرومز کے استعمال سے کینسر پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

مشروم جنہیںکھمبیاںبھی کہتے ہیں وٹامنز سے بھرپور، مقوی غذائی اجزاء کے حامل اور اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں۔ اِس ٹیم کو یہ بھی معلوم ہواکہ یہ سب اجزاءمل کر کینسر سے جسم کی حفاظت کرتے ہیں۔

سائنسدانوں کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ اپنے روزانہ کے معمولات میں مشرومز/کھمبیوں کو استعمال کرتے ہیں ان میں کینسر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ جو لوگ 18گرام مشرومز جو کہ 8/1سے4/1 کپ کے برابر ہوتے ہیں روزانہ استعمال کرتے ہیں ان میں کینسر ہونے کا امکان بہ نسبت ان لوگوں کے جو مشرومز نہیں کھاتے 45فیصد کم ہوتا ہے۔

Penn State College of Medicine کے ڈاکٹر جبریل کے مطابق مشرومز میں پایا جانے والا اینٹی آکسیڈنٹ عنصر ’’ایرگوتھائیونائن‘‘ (Ergothioneine) بنیادی اور انوکھا عنصر ہے جو کہ خلیات کی حفاظت کرتا ہے۔ جسم میں اس کی مقدار بڑھانے سے یا اس کے صحیح استعمال سے جسم میں کینسر کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔

پنسلوانیا اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ جان رچی (John Richie)کہتے ہیں کہ اس ضمن میں ہم مزید تحقیقات کریں گے کہ آخر ’ایرگوتھائیونائن‘ کس طرح کینسر سے بچاتا ہے لیکن یہ بات طے ہوچکی ہے کہ مشروم سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں اسے کھانے والوں میں کینسر کا خطرہ 40 سے 45 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

(https: //news.psu.edu/story/655156/2021/04/21/research/higher-mushroom-consumption-associated-lower-risk-cancer)

مشروم/کھمبیوں کے دیگر فوائد

میڈیکل نیوز ٹوڈے کے ایک آرٹیکل کے مطابق مشروم پھیپھڑوں، مثانے، چھاتی کے کینسرز کو روکنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ اور اس میں وٹامن ڈی کی موجودگی اس کو مزید فائدہ مند بناتی ہے۔ اور یہ شوگر سے بھی بچاتے ہیں جبکہ ٹائپ ٹو شوگر کے مریضوں میں اس کا استعمال ان کے خون میں گلوکوز کی مقدار کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مشرومز میں موجود فائبر، پوٹاشیم اور وٹامن سی دل کے امراض سے بھی بچانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ پوٹاشیم فشارِ خون کو معمول کےمطابق باقاعدہ رکھتا ہے۔ ایک مخصوص قسم کے فائبر بیٹا گلوکینز Beta-Glucansکے استعمال سے خون میں کولیسٹرول لیول بھی کم ہوتا ہےاور اس قسم کا فائبر مشرومز کی بہت سی اقسام کے خلیوں میں پایا جاتا ہے۔ یہاں یہ بات اہم ہے کہ حاملہ خواتین احتیاط اور اپنے ڈاکٹر کےمشورے سے ہی مشرومز کا استعمال کریں۔

یاد رہے کہ اس وقت دُنیا میں دوہزار سےزائد مشرومز کی اقسام پائی جاتی ہیں اور ہر مشروم کھانے والا نہیں ہوتابلکہ بعض زہریلے بھی ہوتے ہیں۔ عام طور پر جو بازاروں میں مشروم پائے جاتے ہیں وہ سفید یا بٹن مشروم، براؤن سریمنی، پوٹوبیلو، شائیٹیک، اوئی ایسٹر، وُوڈ ایئر اینوکی، مورل، اور شانٹریلے کہلاتے ہیں۔ مشروم خریدتے وقت یہ بات یاد رکھیں کہ مشروم سخت اور خشک ہوں۔ رگڑے ہوئے یا چھِلے ہوئے نہ ہوں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button