حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(08؍ جولائی۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 185,858,886

صحت یاب ہونے والے: 170,104,431

وفات یافتگان: 4,017,939

٭…یورپی ممالک نے ایران کے یورینیم افزودگی کے حالیہ اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی اقدام کامیاب ویانا مذاکرات کے لیے خطرات پیدا کررہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کے یورینیم افزودگی کے حالیہ اقدامات اشتعال انگیز ہیں۔

٭… ہیٹی کے صدر ترپن سالہ جووینل موئیزے کو ان کی رہائش گاہ میں گھس کر قتل کر دیا گیا جبکہ قاتلانہ حملے میں ہیٹی کی خاتون اوّل زخمی ہوگئیں۔ عبوری وزیر اعظم کلوڈ جوزف کا کہنا ہے کہ صدر کو ایک کمانڈو نےگھر میں قتل کیا۔ عبوری وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ انہوں ملک کا چارج سنبھال لیا ہے۔ جووینل موئیزے فروری 2017ء میں صدارت کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔

٭…بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دہشتگردی جیسے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی معاملات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دوسرے ملکوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ ترقی کے عمل میں ترقی پذیر اور غریب ملکوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ ہم انصاف، برابری اور مشترکہ ترقی کے عالمی نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں انسانیت کی مشترکہ اقدار کو لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔

٭…برطانوی وزیر دفاع رابرٹ بین والیس نے کہا ہے کہ امریکا نے افغانستان سے نکلنے کا فیصلہ خود کیا جبکہ ہم افغانستان سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔ امریکا کے انخلا کے فیصلے کے بعد برطانیہ کے لیے افغانستان میں مشن جاری رکھنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس واپسی کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ مستقبل میں سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

٭…امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے افغانستان سے امریکی افواج کا 90 فیصد انخلا مکمل ہونے اور 7 فوجی اڈے باضابطہ طور پر افغان فورسز کے حوالے کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

٭…افغانستان میں طالبان پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے افغان صوبے بادغیس کے دارالحکومت قلعہ نو پر حملہ کر کے اس میں داخل ہو گئے۔ گورنر بادغیس نے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع پر طالبان کا قبضہ ہو چکا ہے۔

٭…قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی فوجیوں کو مقررہ تاریخ تک افغانستان سے جانا ہو گا۔ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت ردعمل دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سفارتخانوں، این جی اوز اور ان میں کام کرنے والوں کے خلاف نہیں، ہم غیر ملکی فوجی قوتوں کے خلاف ہیں۔

ترجمان افغان طالبان نے یہ بھی بتایا کہ افغان طالبان کا اعلیٰ سطحی وفد ایران پہنچ چکا ہے جہاں متعلقہ حکام سے مشترکہ اہم امور کے متعلق ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان اور افغان سیاسی رہنماؤں نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ افغان رہنما اور افغان عوام افغانستان کے مستقبل کے لیے سنجیدہ فیصلے کریں۔ ایران فریقین کے درمیان مذاکرات کے عمل میں مدد کے لیےتیار ہے۔ افغان طالبان کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے پُر عزم ہونا افغان رہنماؤں اور سیاسی گروپوں کیلئے بہترین انتخاب ہو گا۔

٭…حرم شریف کی انتظامیہ کی جانب سے حج کی تیاریوں کے لیے مطاف میں داخلہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ حرم شریف کی انتظامیہ کے مطابق کارکنان، صفائی اور سینیٹائزنگ کا عملہ اپنے فرائض انجام دے گا، حرم شریف میں پانچوں وقت کی اذانیں و نمازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ اس سال صرف 60ہزار مقامی سعودی شہری اور 150ممالک کے اقامہ ہولڈرز مقیمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔

٭…دنیا میں کورونا وائرس کی نئی اور زیادہ مہلک قسم ‘لیمبڈا’ سامنے آگئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لیمبڈا ویرینٹ اصل کورونا وائرس کی نسبت پھیلاؤ کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی طرح لیمبڈا وائرس کورونا ویکسین کے خلاف بھی زیادہ مزاحمت کی صلاحیت رکھتا ہے۔کورونا کی لیمبڈا قسم سب سے پہلے پرو (Peru) میں دسمبر میں پائی گئی تھی اور یہ نئی قسم چلی سمیت 27 ملکوں میں پھیل چکی ہے۔ برطانیہ میں 23 فروری سے 7 جون کے درمیان لیمبڈا وائرس کے 6 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

٭…ملکہ الزبیتھ نے برطانیہ کے سرکاری ادارے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کی عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران صحت سے متعلق کارکنوں کی خدمات کے اعتراف میں برطانیہ کے اعلیٰ ترین سِول اعزاز ‘جارج کراس’ سے نوازا ہے۔ یہ غیر مسلح طور پر جرأت کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے برطانیہ کا اعلیٰ ایوارڈ ہے۔ بکنگھم پیلس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے بیان جاری کیا ہے کہ ‘یہ ایوارڈ NHS کے تمام عملے کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button