حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(15؍ جولائی۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 189,190,568

یاب ہونے والے: 172,815,216

وفات یافتگان: 4,074,788

٭… سابق صدر پاکستان جناب ممنون حسین 14 جولائی 2021ء کو علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ ان کے گھر والوں کے مطابق ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں بعارضہ کینسر زیر علاج تھے۔ ممنون حسین پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ آپ 2013ء سے 2018ءتک صدر پاکستان رہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر افسوس ہے، دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

٭… متحدہ عرب امارت (یو اے ای) نے اسرائیل میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کردیا۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات گزشتہ سال 13؍ اگست کو بحال ہوئے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے ایک معاہدہ طے پایا تھا جس پر ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کیا ہے۔یہ سفارتخانہ تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں کھولا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنے سفارتخانے کا افتتاح کیا تھا۔

٭… ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نےکہا ہےکہ دنیا افغانستان میں طاقت کے زور پربنائی گئی حکومت قبول نہیں کرے گی۔ افغانستان میں اُسی حکومت کو تسلیم کیا جائے گا جسے عوامی حمایت حاصل ہو اور جو واضح اکثریت رکھنے کے ساتھ ساتھ خاص طور پر انسانی حقوق کا احترام کرتی ہو۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں حالیہ دنوں کےتشدد میں زیادہ حصہ طالبان کا ہے۔ چالیس سال سے جاری تشدد کے خاتمےکا واحد ذریعہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت ہے۔

٭… وزیرِاعظم پاکستان عمران خان جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر ازبکستان روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزراء فواد چوہدری، شیخ رشید اور علی زیدی، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور عاطف خان بھی وزیرِاعظم عمران خان کے ہمراہ ازبکستان گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورۂ ازبکستان علاقائی و دو طرفہ تجارت، روابط اور سیکیورٹی کے ضمن میں انتہائی اہم ہے۔ اس دورے کے دوران پاک ازبک مفادات کے مختلف امور میں اہم معاہدے اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

٭… ہیٹی میں پولیس نے صدر کے قتل کیس میں اہم گرفتاری کا دعویٰ کردیا۔ ہیٹی کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص نے صدر جووینل موئز کے قتل کے لیے سہولت کاری کی ہے۔ گرفتار کیے جانے والے مشتبہ شخص کی عمر 63 برس ہے اور اس کی شناخت کرسچن عمانوئل کے نام سے ہوئی جبکہ یہ شخص گزشتہ ماہ ایک پرائیویٹ جہاز کے ذریعے ملک میں داخل ہوا۔ ملزم کے گھر سے گولیاں، دو گاڑیاں اور دیگر سازو سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

٭…امریکہ نے افغان شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا انٹرویوز بحال کردیے۔ کابل میں امریکی ناظم الامور نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس ہفتے افغان شہریوں کے لیے امیگرنٹس کے ویزا انٹرویو شروع کررہے ہیں، اس عمل سے درخواست دہندگان کے لیے ویزے کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے گا۔خصوصی امیگرنٹس ویزے سے پندرہ ہزار سے زیادہ افغان شہریوں کو امریکہ منتقل کرنے میں مدد ملی ہے۔

٭…سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 3 افراد کو گرفتار کرکے10 ہزار سعودی ریال جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔حج سیکیورٹی فورسز کے بریگیڈیئر جنرل سمیع الشوائخ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کی جارہی ہے اور رواں ماہ کی 23 تاریخ تک جس نے بھی بغیر اجازت خانہ کعبہ سمیت عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر جانے کی کوشش کی ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ حجاج کو 17 اور 18 جولائی کو بس کے ذریعے مکہ مکرمہ لایا جائے گا جہاں وہ مقدس مقامات کو جانے سے قبل طواف کریں گے۔خیال رہے کہ وزارت حج نے 150 ممالک سے تعلق رکھنے والے منتخب شدہ 60 ہزار ایسےسعودی رہائشی افراد کو حج کرنے کی اجازت دی ہےجنہوں نے اس سے قبل کبھی فریضۂ حج ادا نہیں کیا۔

٭…جنوبی افریقہ میں سابق صدر جیکب زوما کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پُرتشددہنگاموں میں اب تک 45 افراد ہلاک اور متعدد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ احتجاجی مظاہروں میں سینکڑوں شاپنگ مالز، بینک اور دفاتر لوٹ لیے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری ہنگامے 1990ء میں ہونے والے فسادات سے زیادہ برے ہیں۔خیال رہے کہ 79 سالہ سابق جنوبی افریقی صدر نےگذشتہ ہفتے خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا۔ جیکب زوما پر اپنے دورِ صدارت کے دوران مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کا الزام ہے۔ اس الزام میں عدالت نےانہیں 15 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق صدر نے اپنے اوپر لگنے والے بد عنوانی کے الزامات کی تردید کی ہے۔

٭…عراق کے شہر ناصریہ میں ہسپتال کے کورونا آئسولیشن وارڈ میں آگ لگنے سے 92 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق الحسین نامی ہسپتال کے کورونا وارڈ میں خراب تاروں کی چنگاریوںسے آکسیجن سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔عراقی وزیر اعظم نے ہسپتال کے مالک کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئےکہا کہ ہسپتال میں لگی یہ آگ عراقیوں کے لیے گہرے زخم کی مانند ہے۔ اسپتال کے میڈیکل اسٹاف نے حکام کو تین ماہ قبل حادثے کے خدشے سے متعلق آگاہ کردیا تھا لیکن انہوں نے ہر مرتبہ پیسوں کی عدم موجودگی کا بہانہ کیا۔

٭…یونیورسٹی آف نیوکاسل آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے ایسی اسٹرپ تیار کی ہے جس کی مدد سے اب خون کے بجائےلعابِ دہن کے ذریعے گلوکوز کی مقدار کو چیک کیا جاسکےگا۔ اب مریض اسٹرپ کو اپنی زبان پر رکھیں گے اور کچھ دیر کے انتظار کے بعد انہیں ٹیسٹ کا نتیجہ اسمارٹ فون ایپ پر آ جائے گا۔فی الحال یہ ٹیسٹ کٹ آزمائشی مراحل میں ہے اور کلینکل ٹرائلز میں کامیابی کے بعد اسے بڑے پیمانے پر تیار کیا جائے گا جس کے بعد یہ لوگوں کی پہنچ میں ہو گی۔

٭…متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ائیر لائن ایمریٹس نے کورونا وبا کے باعث پاکستان، بھارت ، بنگلادیش اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں پر 21؍جولائی تک پابندی میں توسیع کردی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے شہریوں، گولڈن ویزا ہولڈرز اور سفارتی مشن کے ممبران پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

٭…بحرین نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے تیونس، ایران، عراق، میکسیکو، فلپائن اور انڈونیشیا سمیت مزید 16 ممالک سے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی۔ یاد رہے کہ مئی میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال اور ویتنام پر پہلے ہی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ اس پابندی سے بحرینی شہری اور اقامہ ہولڈرز مستثنیٰ ہوں گے۔

٭…امریکی ادارے سی ڈی سی (Center for disease control) اور ایف ڈی اے (Food and drug administration)کا کہنا ہے کہ جن افراد کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگ چکی ہیں وہ کورونا کی تمام قسموں بشمول ڈیلٹا سے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ نیز دونوں ڈوز لینے والوں کو کسی قسم کا بوسٹر شاٹ یعنی تیسری خوراک لگوانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

دوسری طرف فائزر کمپنی کا کہنا ہے کہ جن افراد نے کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوا لی ہیں ان کو چھ مہینے بعد بوسٹر شاٹ لگوانا چاہیے تاکہ ڈیلٹا جیسے ویرینٹ سے تحفظ حاصل رہ سکے۔

٭…آسٹریلیا میں رواں سال عالمی وبا کرورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی ہے۔ ہلاک ہونی والی 90 سالہ خاتون کا تعلق آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز سے ہے جن میں ہلاکت سے کچھ گھنٹوں قبل ہی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ ریاست میں مزید 77 نئے کیسز کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ قبل ازیں آسٹریلوی حکومت نے اپنے سب سے بڑے شہر سڈنی میں لاک ڈاؤن نا فذ کردیا تھا جو 16؍جولائی کو ختم ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم پھیلنے اور ویکسین کی عدم فراہمی کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع کردی ہے۔

٭… انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا،کھلاڑی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ بھارتی کرکٹر کے ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، وائرس کے شکار کھلاڑی کو فوری طور پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پندرہ جولائی کو بھارتی کھلاڑیوں کو اکٹھا ہونا تھا۔ دوسری جانب بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کو احتیاط اور رش والی جگہوں پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button