یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کی تیسری چیریٹی واک

(عمیر احمد ناصر۔ نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک)

مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک سال بھر خدمت خلق کے مختلف کاموں میں مصروف رہتی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی چیریٹی تنظیم جینیریشن گولڈ ہے جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس ارشاد کی تعمیل میں قائم کی گئی تھی جس میں حضور انور نے مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کو تبلیغ کے لیے ذرائع تلاش کرنے کی تاکید فرمائی تھی۔ اس سلسلے میں مورخہ 20؍جون 2021ء کے دن جینیریشن گولڈ چیریٹی کو اپنی تیسری چیریٹی واک منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی فالحمدللہ علیٰ ذالک۔

اس واک کا مقصد HVIDOVREکے علاقے میں موجود 4 اولڈ ہومز کے لیے رقم اکٹھی کرنی تھی۔ کورونا کی وبا کے باعث امسال اس واک کاآغاز VIRTUAL یعنی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے ہوا جس میں شرکاء نے 17 مئی سے 19؍جون کے دوران انفرادی طور پر واک مکمل کی۔

20؍جون کو منعقد ہونے والی چیریٹی واک کی اختتامی تقریب میں امیر جماعت ڈنمارک محترم محمد زکریا خان صاحب نے شرکت کی۔ اس موقع پر HVIDOVRE کی میئر بھی موجود تھیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر معزز مہمانان نے اپنے خیالات پیش کیے۔ جینیریشن گولڈ چیریٹی کے کوآرڈینیٹر نے اس موقع پر جماعت احمدیہ ڈنمارک کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت احمدیہ کا ڈنمارک میں آغاز سال 1956ء میں ہوا اور 1967ء میں مسجد نصرت جہاں تعمیر ہوئی جو کہ ڈنمارک کی پہلی باقاعدہ گنبد والی مسجد تھی۔ حاضرین کو یہ بھی بتایا گیا کہ جماعت حب الوطنی، امن و امان، اعتدال اور انصاف کے فروغ کے لیے کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ آخر میں میئر نے خطاب کرتے ہوئے جماعت اور چیریٹی تنظیم جینیریشن گولڈ کی کوششوں کو بہت سراہتے ہوئے اس بات پر بہت خوشی کا اظہار کیا کہ جماعت اس شہر میں موجود ہے اور شہر کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ میئر نے واک میں پوزیشن حاصل کرنے والوں اور واک کے منتظمین میں سرٹیفیکیٹ، میڈل اور انعامات تقسیم کیے۔

اختتام پر محترم امیر صاحب نے میئر کو ڈیڑھ لاکھ کرونز کا چیک پیش کیا۔ مہمانان کی تواضع لذیذ پاکستانی پکوان سے کی گئی۔ اس دوران مسجد میں ڈینش زبان میں ترجمہ شدہ کتب سلسلہ کی نمائش بھی لگائی گئی۔ مہمانان گرامی اور واک کے شرکاء نے اس تقریب اور اس کے مقصد کو بہت سراہا۔

اس دوران مقامی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مقامی اخبار میں اس تقریب کے بارے میں مضمون شائع ہوا۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واک اور اس کے مقصد کو بہت سراہا گیا۔

جینیریشن گولڈ چیریٹی تنظیم اس سے پہلے 2019ء میں بھی چیریٹی واک منعقد کر چکی ہے جس کی ذریعے مقامی اولڈ ہومز کو ایک لاکھ ڈینش کرونز عطیہ کیے گئے تھے۔

ان پروگراموں کے ذریعے جماعت کا پیغام پہنچانے میں بہت مدد حاصل ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس خدام الا حمدیہ ڈنمارک کی اس حقیر خدمت انسانیت کی مساعی میں بے پناہ برکت و قبولیت عطا فرمائے اور یہ تبلیغ کے نئے سے نئے مواقع کے حصول کا پیش خیمہ ثابت ہو نیز آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھنے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: عمیر احمد ناصر۔ نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button