آسٹریلیا (رپورٹس)

ساؤتھ آسٹریلیا کے تین ریجنل ٹاؤنز کا تبلیغی دورہ

(عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ)

مورخہ 15؍اگست 2021ء بروز اتوار جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ساؤتھ کے دس احباب پر مشتمل ایک گروپ کو ساؤتھ آسٹریلیا کے تین ریجنل ٹاؤنز میں تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

ہمارا یہ گروپ صبح پانچ بجے مسجد نور میں اکٹھا ہوا اور نماز تہجد کی ادائیگی کے بعد سیکرٹری تبلیغ مکرم سلیم شوکت صاحب نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کیا۔ خاکسار (مربی سلسلہ) نے تبلیغ کے حوالے سے چند گزارشات کیں۔ دعا کے بعد ہم مسجد نور سے شمال کی طرف تقریباً دوسو کلومیٹر دور ایک چھوٹے ٹاؤن ’’سنو ٹاؤن‘‘ (Snow Town) کے لیے روانہ ہوئے۔ وہاں پہنچ کر ٹاؤن کی مارکیٹ میں ہمیں قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ ہمارا اس ٹاؤن کا دوسرا دورہ تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں یہاں پہلے سے موجود تبلیغی روابط کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کرنے اور نئے تبلیغی روابط بنانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

پروگرام کے مطابق تین احباب جماعت بک سٹال پر تبلیغ کرتے رہے جبکہ باقی سات احباب وہاں سے 62 کلومیٹر دور شمال میں ایک دوسرے چھوٹے ٹاؤن ’’ون ڈئیراہ‘‘ (Wandearah) میں تبلیغ کے لیے گئے۔ اس ٹاؤن کی کل آبادی 186 نفوس پر مشتمل ہے۔ وہاں پہنچ کرہم نے ایک Uniting چرچ کو وزٹ کیا۔ خاکسار کو وہاں اسلام کی پرامن تعلیم اور جماعت کا تعارف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ پروگرام کے بعد ہم نے وہاں موجود لوگوں کو انفرادی طور پر تبلیغ کی۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایسا پہلا موقع تھا، اس سے قبل کبھی مسلمانوں کے کسی گروپ نے ان کو وزٹ نہیں کیا تھا۔ ہم نے ان کو قرآن کریم، ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ اور’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتابیں بطور تحفہ پیش کیں۔ چرچ کی سیکرٹری جماعت کی پرامن تعلیم سے اس قدر متاثر ہوئی کہ اس نے ہمیں مسقبل قریب میں دوبارہ وزٹ کرنے اور چرچ میں اسلام کے متعلق presentation اور مجلس سوال و جواب کے لیے دعوت دی۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے ہمارے لیے تبلیغ کے نئے مواقع پیدا فرمادئی۔ الحمدللہ

اس کے بعد ہم وہاں سے ایک تیسرے ٹاؤن ’’کرسٹل بروک‘‘ (Crystal Brook) میں تبلیغ کے لیے روانہ ہوئے۔ وہاں ہم نے street campaign کی اور مقامی لوگوں میں اسلام کی پرامن تعلیم پر مبنی پیس پمفلٹس جیسے ’’Muslims for Peace‘‘ اور ’’Muslims for Loyalty‘‘ تقسیم کیے اور ان سے اسلام سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی بات کی اور ان کے سوالوں کے ان کو تسلی بخش جواب دیے۔ الحمدللہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تبلیغی دورہ انتہائی کامیاب رہا اور پورے دورہ کے دوران کل 1600 پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور تین قرآن کریم اور دس جماعتی کتب مختلف احباب کو پڑھنے کےلیے دی گئیں۔ الحمدللہ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ:عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ، آسٹریلیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button