اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

درخواستِ دعا

٭ …مکرم احسان احمد خان صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ ان کے والد صاحب بعارضہ کورونابیمار ہیں اور حالت بہتر نہیں ہے۔ آکسیجن لیول کافی کم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ہسپتال میں داخل ہیں ۔

احباب سے خاص دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و کرم سے معجزانہ شفاعطا فرما دے ۔ آمین

سانحہ ہائےارتحال

٭… مکرم بشارت احمد مسعود صاحب تحریر کرتے ہیں کہ ہمارے والد محترم عبدالحی خان صاحب مندرانی ابن حضرت محمد مسعود خان صاحب مندرانیؓ بعارضہ فالج/برین ہیمریج 22؍اگست 2021ءبروز اتوار قریباً شام 6 بجے مالک حقیقی کے حضور حاضر ہو گئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم موصی تھے۔ان کے جسد خاکی کو ربوہ لے جایا گیا۔ اگلے دن صبح 10.30 بجے بہشتی مقبرہ نصیرآباد میں ان کی نماز جنازہ پڑھی گئی۔ قبر تیار ہونے پر دعا ہوئی۔

آپ پیشہ کے اعتبار سے معلم تھے مگر فرائض منصبی کی ادائیگی کے بعد اپنا بقیہ وقت جماعتی امور کو سرانجام دینے میں صرف کرتے۔ فروری 1993ء میں ان کی ریٹائرمنٹ ہوگئی اس کے بعد اپنا سارا وقت جماعت کےلیے وقف کردیا۔ آپ سالہا سال تک بستی مندرانی کے صدر جماعت اور سیکرٹری مال رہے۔ آپ تونسہ کے گردونواح کی جماعتوں میں مسلسل رضاکارانہ طور پر چندہ جات کی وصولی اور احباب جماعت کی تعلیم اور تربیت کے لیے آتے جاتے رہے۔ انہیں ضلع ڈیرہ غازی خان کی مقامی احمدی جماعتوں میں مسلمہ بزرگ کی حیثیت حاصل تھی۔ شب باش اور دعا گو انسان تھے۔ محترم والد صاحب نے 4بیٹے 2 بیٹیاں اور 25 پوتے پوتیاں نواسے نواسیاں یادگار چھوڑ ے ہیں ۔الحمدللہ ہماری والدہ محترمہ حیات ہیں۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت محمد عثمان خان صاحب مندرانی ؓکی بیٹی ہیں ۔ احباب سے اس مخلص خادم سلسلہ کی بلندیٔ درجات کےلیے درخواست دعا ہے نیز یہ بھی کہ اللہ تعالیٰ ان کی جملہ اولاد کو ان کی نیکیوں کو جاری وساری رکھنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

٭…مکرمہ مبارکہ مقبول الٰہی پاشاصاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ میرے والد محترم خواجہ سلیم احمد ولد خواجہ محمد شریف مرحوم سابق شریف ہوٹل گول بازارربوہ 22؍اگست2021ء کوزندگی کی81 بہاریں دیکھ کر بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنا للہ وانا الیہ راجعون۔

ان کے والد محترم خواجہ محمد شریف مرحوم پیدائشی احمدی تھے اور قادیان دارالامان حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے گھر کے قریب رہائش تھی ۔ ان کی اپنی روایت کے مطابق بچپن میں متعدد مرتبہ حضور علیہ السلام کی زیارت و مصافحہ کیا مگر زیادہ شعور نہ تھا۔ خواجہ سلیم احمد( مرحوم) کی پھوپھی حضرت مولانا جلال الدین شمس مرحوم خالدِ احمدیت کے بھائی بشیر احمد (مرحوم)کے ساتھ بیاہی ہوئی تھیں ۔ ان کے والد کی پھوپھی مولانا قمرالدین فاضل (مرحوم )صدر اول مجلس خدام الاحمدیہ کی والدہ محترمہ تھیں۔ اِسی طرح والد صاحب کی چھوٹی بہن خواجہ صفی الدین قمر سابق انسپکٹر بیت المال حال مقیم لندن سے بیاہی ہوئی ہیں۔ والد محترم 33 سال قبل جب لندن تشریف لائے توانہوں نے جماعت کے کچن میں کافی عرصہ خدمات بجا لائیں، اسی طرح نورِچ، لندن میں متعدد احمدی گھرانوں کے ساتھ بہت حُسنِ سلوک کیا۔آپ جمعۃالمبارک کے دن کھانے وغیرہ کا اہتمام کرتے جو سب بے حدیاد کر رہے ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں۔ والد صاحب نے ایک بیٹی کو تھائی لینڈ سے کینیڈا منتقل ہونے اور ایک بیٹے کو مع فیملی پاکستان سے جرمنی منتقل ہونے میں مدد دی۔ والد صاحب بےحد مہمان نواز ، ملنسار اور عزیزواقارب سے حسنِ سلوک کرنے والے اور خلافت سے والہانہ عشق کرنے والےتھے۔

احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے رحمت و مغفرت کا سلوک فرمائے ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے اور لواحقین کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین

٭ مکرم آصف محمود صاحب جرمنی سے اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی چچا زاد بہن مکرمہ سلمیٰ شاہد صاحبہ اہلیہ مکرم خلیل شاہد صاحب 28؍اگست 2021ءکو بعمر74سال بقضائے الٰہی وفات پا گئیں ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ چودھری محمد حسین صاحب ( مرحوم) کی صاحبزادی ، بھائی محمود آف سرگودھا صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور زینب بی بی صحابیہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ نہایت اعلیٰ صفات کی حامل،دیندار اور خدمت دین کرنے والی نافع الناس وجود تھیں ۔ مہمان نوازی اور خوش مزاجی ان کی شخصیت کا خاصہ تھی۔ مرحومہ موصیہ تھیں اوائل عمری میں نظام وصیت سے منسلک ہونے کی سعادت پائی۔ تدفین بہشتی مقبرہ میں ہوئی ہے ۔مرحومہ نے پسماندگان میں میاں، دو بیٹیاں اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ خدا تعالیٰ ان سے مغفرت کا سلوک فرمائے ، درجات بلند فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔

٭…مکرم ڈاکٹر نصیر احمد طاہر صاحب نیوپورٹ ساؤتھ ویلز سے لکھتے ہیں:

مکرم مبارک احمد تنویر صاحب جماعت احمدیہ بوکیت سنتوسہ ملائیشیا مورخہ 29 ؍اگست 2021ء بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔ انا لله وانا اليه راجعون۔

مبارک احمد تنویر عرصہ دراز سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ ملائیشیا میں ٹیسٹ یا علاج سہولت کے ساتھ ممکن نہیں۔ مگر انہوںنے جب ٹیسٹ کرائے تو ڈاکٹرز نے اوپن ہارٹ سرجری کا مشورہ دیا جس کا خاطر خواہ بندوبست کیا تھامگر ابتدائی چیک اپ اور سرجری کی تیاری میں معلوم ہوا کہ انہیں کورونا ہوگیا ہے۔ کچھ دنوں سے وہ آئی سی یو میں، وینٹیلیٹر پہ تھے، حالت اچھی نہیں تھی۔ ایک دن قبل کچھ بہتر تھے مگر اچانک وفات کی اطلاع ملی ہے۔

مرحوم انتہائی دھیمے مزاج ، شریف النفس، غیرت دین کا جذبہ رکھنے والے، جماعتی خدمات میں اعلیٰ، صوم و صلوٰة کے پابند ،بہت نیک اور خوش الحان قاری تھے۔ بہت سے گروپس میں قرآن مجید کی تلاوت (درس کے ساتھ)شیئر ہوتی تھیں۔ ان کے بچے بہت چھوٹےہیں اور ملائیشیا میں ان کا کوئی کفیل نہیں۔ احبابِ جماعت عالمگیر سے دعا کی درخواست ہے، اللہ تعالیٰ خود کفیل اور کافی ہو۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ان کی نیکیاں اور دعائیں جاری رہیں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button