یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ و مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کے سالانہ اجتماعات 2021ء

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ عالمگیر کو امسال مختلف ممالک میں اپنے جلسہ جات و اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے فرانس کی مجلس انصار اللہ و مجلس خدام الاحمدیہ کو بھی اپنے اپنے اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اجتماع مجلس انصار اللہ فرانس

بفضلہ تعالیٰ مورخہ 15؍اگست 2021ء بروز اتوار مجلس انصاراللہ فرانس کو اپنا 27واں سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمداللہ۔ حضور انور نے کمال شفقت سے اجتماع کی اجازت مرحمت فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا تھا کہ کورونا کے حوالہ سے احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔

حضور انور کے اس ارشاد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کووڈ SOPs کا خاص خیال رکھا گیا اور ہر ناصر کے لیے ماسک، ویکسین کی تصدیق یا PCR کی نیگیٹو رپورٹ کی چیکنگ کا انتظام کیا گیا۔ نیز ہر ناصر کا اجتماع کے پنڈال میں داخلہ سے قبل درجہ حرارت چیک کرنے کا بھی التزام کیا گیا نیز sanitizer ہر ناصر کو مہیا کیا گیا۔

اجتماع کا آغاز لوائے انصار لہرانے سے کیا گیا اور بیت العطاء کا وسیع وعریض احاطہ نعرہ ہائےتکبیر سے گونج اٹھا۔ دعا کے بعد تلاوت قرآن کریم سے اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس کے بعدمکرم فہیم احمد نیاز صاحب نے بڑی خوش الہانی سےحضرت اقدس کا منظوم کلام پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم سید طیب احمد شاہ صاحب صدر مجلس انصار اللہ فرانس نے اپنے خطاب میں انصار بھائیوں کو تقریباً دو سال بعد منعقد ہونے والے اجتماع پر اکٹھے ہونے پر مبارکباد دی نیز وبا کے دنوں میں بھی انصاراللہ فرانس کی طرف سے کئےگئے چیدہ چیدہ پروگرام خاص طور پر شعبہ ایثار کی مساعی کا ذکر کیا اور انصار بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

اس کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ امسال تلاوت قرآن کریم، اذان ،نظم اور تقاریر فرنچ و اردو کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

کھانے اور نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں رسہ کشی، والی بال، گولہ پھینکنا، تیز چلنااور میوزیکل چیئر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ تمام انصار نے بڑھ چڑھ کر ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

اجتماع کے اختتامی اجلاس میں مکرم اشفاق احمد ربانی صاحب امیر جماعت احمدیہ فرانس نے مقابلہ جات میں اعزاز پانے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور خلافت کے ساتھ تعلق پختہ رکھنے کی طرف بھی تلقین کی۔ مکرم صدر صاحب انصار اللہ فرانس نے آخر میں تمام انصار کا شکریہ ادا کیا اور حضور انور کی ہدایات سے بھی سامعین کو آگاہ کیا گیا۔

دعا کے بعد حاضرین کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔

یہ اجتماع اگرچہ وبا کی وجہ سے صرف ایک دن کے لیے منعقد ہوا مگر بفضلہ تعالیٰ اجتماع میں فرانس کے طول و عرض سے 79 انصار نے شرکت کی۔ خدام واطفال کے ساتھ شاملین کی مجموعی تعداد 101رہی الحمداللہ۔

اللہ تعالیٰ جماعت کو اس اجتماع کے بہترین ثمرات سے نوازے۔ آمین

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ فرانس

امسال کورونا وائرس کی وجہ سے اجتماع کا انعقاد بظاہر غیر یقینی تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور حضور انور کی دعاؤں سے مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کو اپنا 33واں سالانہ اجتماع مورخہ 21 و 22؍ اگست 2021ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

امسال اجتما ع کے دوران وباء کی وجہ سے اجتماع گاہ میں صرف بیرون از پیرس مجالس کے خدام کی رہائش کا انتظام تھا۔ جبکہ کورونا کی وجہ سے اجتماع گاہ کےداخلے پرویکسین پاسز کا کنٹرول، ماسک اور sanitizer دستیاب تھے ، اورجن خدام کے پاس ویکسین پاس نہیں تھے انکے لئے پی سی آر ٹیسٹ کا انتظام تھا۔

ہفتہ کے روز صبح 10 بجے معائنہ اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد مشنری انچارج فرانس مکرم نصیر احمد شاہد صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے معاً بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ خدام نے 100 میٹر دوڑ، 1500 میٹر دوڑ اور والی بال کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

نماز ظہر اور عصر کے بعد تلاوت قرآن کریم ، نظم، پیغام رسانی، تقریر اردو و فرنچ و تقریر فی البدیہہ کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

جس کے بعد خدام کے مابین کرکٹ اور فٹ بال کے میچز کھیلے گئے۔ شام کو نماز مغرب و عشاء کے بعد خدام کارنر میں خدام نے لطائف سنائے اور علمی و ادبی گفتگو کی۔

دوسرے دن کا آغاز تہجد کی نمازسے ہوا۔ فجر کی نماز و درس کے بعد جماعت احمدیہ فرانس کی روایت کے مطابق تمام حاضرین نے اجتماع گاہ میں ہی بیٹھ کر انفرادی تلاوت کی، یعنی قرآن کریم کا جو بھی حصہ ان کو زبانی یاد تھا وہ انہوں نے پڑھا۔ دوسرے روز صبح مشاہد ہ معائنہ، ٹیبل ٹینس، تحریری امتحان، کرکٹ فائنل اور رسہ کشی کے مقابلہ جات کروائے گئے۔

دوران اجتماع انصار اور خدام کے درمیان رسہ کشی اور والی بال کا دوستانہ نمائشی مقابلہ بھی کروایا گیا۔

نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مکرم امیر صاحب فرانس کی صدارت میں اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال کل حاضری 162 رہی۔ خدام 120، اطفال 15(اطفال الاحمدیہ کااجتماع آن لائن ہوا تھا۔مگر خدام کے اجتماع کے موقع پر معیار کبیر کے بعض اطفال کو بلایا گیا تھا تاکہ انکی ڈیوٹی وغیرہ لگائی جا سکےاور اس لحاظ سے انکی تربیت کرنے کا موقع ملا۔) جبکہ انصار 29 تھے۔

قارئین الفضل سے درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ فرانس کے انصار و خدام کو مزید ترقیات سے نوازے اور اجتماعات کے انعقاد کا جو حقیقی مقصد ہے وہ پانے والے بنیں۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button