امریکہ (رپورٹس)

سالانہ ریلی 2021ء مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ

(سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ)

مکرم سید رضا احمد صاحب، مہتمم اطفال مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ تحریر کرتے ہیں کہ

مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 28 اور 29 اگست 2021ء کو سالانہ اطفال ریلی آن لائن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سالانہ اجتماع ملتوی ہونے کے باعث یہ مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کے تحت منعقد ہونے والا سال کا سب سے بڑا پروگرام تھا۔ اطفال ریلی کے ناظم اعلیٰ، عالم زیب خان صاحب (نائب مہتمم اطفال) اور (نائب ناظم اعلیٰ)، عاصم احمد صاحب (معاون مہتمم اطفال) مقرر ہوئے۔ علاوہ ازیں مجلس عاملہ اطفال الاحمدیہ امریکہ کے دس سے زائد ممبران پر مشتمل کمیٹی نے اس پروگرام کی منصوبہ بندی، تیاری اور اطفال کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے محنت اور تندہی سے کام کیا۔

اطفال ریلی کا آغاز مورخہ 28 اگست 2021ء بروز ہفتہ صبح بارہ بجے ہوا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز مکرم انور محمود خان صاحب سیکرٹری تحریک جدید جماعت احمدیہ امریکہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے ہوا جس کے بعد صدر اجلاس نے اطفال سے ’’قرب الہٰی کے حصول کے طریق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ آنمکرم نے سورۃ لقمان کی آیات کی روشنی میں اطفال کو اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق پیدا کرنے کی ترغیب دلائی۔ بعد ازاں سید عادل احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’اللہ تعالیٰ کی صفات‘‘، نور محمد صاحب نے ’’اسوہ حسنہ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘، رحمان ناصر صاحب نے ’’اسلامی تعلیمات کی روشنی میں صحت مند زندگی کے اصول‘‘ اور عاصم احمد صاحب نے ’’وقت کا دانشمندی سے استعمال‘‘ کے موضوعات پر اطفال سے خطاب کیا۔ اعظم اکرم صاحب مربی سلسلہ نے حضرت چوہدری ظفر اللہ خان صاحبؓ کی تصنیف ’’ایک عزیز کے نام خط‘‘ کے حوالے سے گزارشات پیش کیں۔ پہلے دن کے اختتام پر عثمان امبو صاحب نائب سیکرٹری رشتہ ناطہ جماعت امریکہ نے دس سال اور اس سے بڑے اطفال کے ساتھ ایک گفتگو بعنوان ’’دو مخلص دوست‘‘ کا اہتمام کیا۔

اطفال ریلی کے دوسرے اور آخری دن کا آغاز مورخہ 29 اگست 2021ء بروز اتوار تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم ڈاکٹر بلال رانا صاحب سیکرٹری امور عامہ جماعت احمدیہ امریکہ نے ’’سوشل میڈیا کےصحیح استعمال‘‘ پر اطفال کو نصائح کیں۔ آنمکرم نے جدید سوشل میڈیا کے مضرات پر اطفال سے گفتگو کی۔ نیز ان سے بچنے اور سوشل میڈیا کو مثبت رنگ میں استعمال کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ بعدہ مکرم محمد احمد چوہدری صاحب صدر جماعت احمدیہ سلیکون ویلی نے ’’تعلیمی نظام کو فتح کرنا‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی جس میں اطفال کو ابتدائی عمر سے سکول میں کامیابی حاصل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ لیکچرزکےاختتام پر اطفال کے ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہتا۔ اطفال ریلی کے دوران چار حصوں پر مشتمل ایک آن لائن کوئز مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں خطابات سے متعلق سوالات پوچھے گئے تھے۔

اطفال ریلی کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم صاحبزادہ ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر مدیل عبداللہ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے وعدهٔ طفل دہرایا۔ منظوم کلام حضرت مصلح موعودؓ کے بعد خاکسار (مہتمم اطفال مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ) نے اطفال ریلی کی رپورٹ پیش کی۔ نیز دوران سال مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنےوالے اطفال کا اعلان کیا۔ ان مقابلہ جات میں شعبہ صحت جسمانی کے زیر اہتمام انفرادی ورزشی مقابلہ، شعبہ تربیت کے زیر اہتمام حضور انور ایدہ اللہ کے خطبات جمعہ پر مشتمل ہفتہ وار کوئز مقابلہ، نیز اطفال ریلی کے دوران ہونے والا کوئز مقابلہ شامل ہے۔ رپورٹ کے بعد مکرم امیر صاحب امریکہ نے اطفال سے زندگی کی تمام مصروفیات پر اللہ تعالیٰ سے تعلق کو فوقیت دینے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے موضوع پر خطاب کیا۔ مختصر خطاب کے بعد سوال و جواب کی نشست ہوئی جو ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی۔ اجلاس کے آخرمیں مکرم صدر صاحب مجلس نے تمام شاملین اور مقررین کا شکریہ اداکیا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نےاجتماعی دعا کے ساتھ اطفال ریلی کا اختتام کیا۔

الحمد للہ ثم الحمد للہ کہ مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کو مرکزی اطفال ریلی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ریلی میں تقریباً 700 کے قریب اطفال ملک بھر سے بذریعہ زوم شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اطفال ریلی کے انعقاد میں معاون تمام خدام و اطفال اور مقررین کو جزائے خیر عطا کرے اور ان کو خدمت دین میں بڑھاتا چلاجائے۔ نیز اللہ تعالیٰ امریکہ کے اطفال کو خلافت احمدیہ سے ہمیشہ وابستہ رکھے اور مستقبل میں جماعت احمدیہ کا علمبردار بننے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button