یورپ (رپورٹس)

دو روزہ نیشنل تربیتی، تعلیمی اور تبلیغی کلاس جماعت احمدیہ یونان

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو دو روزہ تعلیمی، تبلیغی و تربیتی کلاس مورخہ 21 و 22؍اگست 2021ء بروز ہفتہ اور اتوار یونان کے وقت کے مطابق صبح 10:30 سے لے کر رات 20:45 تک منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ روزانہ کے پروگرام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلا حصہ تربیتی امور، دوسرا حصہ تعلیمی امور اور تیسرا حصہ تبلیغی امور پر مشتمل تھا۔ پہلا دن انصار اللہ کے ممبران کے لیے رکھا گیا اور دوسرا دن خدام الاحمدیہ کے لیے رکھا گیا۔

پروگرام یونان کے شہر ایتھنز جو کہ یونان کا دارالحکومت ہے کے مشن ہاؤس میں ہوا۔

جو احباب ایتھنز میں رہتے ہیں وہ مشن ہاؤس میں آ کر شامل ہوئے اور جو لوگ دور دراز کے علاقوں میں رہتے ہیں وہ آن لائن بذریعہ زوم ایپ شامل ہوئے۔

کلاس کی صدارت مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ نے کی۔ پروگرام کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم ناصر احمد صاحب نے کی اور اسی طرح تربیتی سیشن کی پہلی تقریر مکرم ناصر احمد صاحب، نائب صدر انصار اللہ نے ’’قیام نماز کی اہمیت اور برکات ‘‘کے موضوع پر کی۔

دوسری تقریر مکرم عبدالقدوس صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے ’’تلاوت قرآن کریم کی اہمیت اور برکات‘‘کے عنوان پر کی۔ تیسری تقریر” مالی قربانی کی اہمیت اور برکات ‘‘ کے موضوع پر تھی۔ یہ تقریر جلسہ سالانہ قادیان 2017ء سے لی گئی جو کہ مکرم شعیب احمد صاحب نے کی تھی۔ اس کی ریکارڈنگ بذریعہ پروجیکٹر دکھائی گئی۔

چوتھی تقریر مکرم عقیل احمد صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان نے کی۔ اس تقریر کا موضوع ’’حضرت مسیح موعودؑ کی کتب پڑھنے کی برکات‘‘ تھا۔

پانچویں تقریر مکرم راحیل احمد گھمن صاحب نے ’’خدمتِ دین کو اِک فضل الہٰی جانو‘‘ کے موضوع پر کی۔

چھٹی تقریر یوٹیوب ریکارڈنگ کی صورت میں پروجیکٹر پر دیکھی گئی۔ یہ تقریر مکرم عبدالماجد طاہر صاحب، ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب نے جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء کے موقع پر ’’عالم اسلام اور خلافت احمدیہ‘‘ کے موضوع پر کی تھی۔

ان تمام تقاریر کے آخر میں مربی صاحب نے ان کے اندر سے چند نکات یاد دہانی کے طور پر دہرائے اور انہیں یاد رکھنے کی تاکید کی۔ چھٹی تقریر کے بعد کھانے اور نماز ظہر کا وقفہ ہوا۔

دوسرا سیشن جو کہ تعلیمی سیشن تھا اس کا آغاز تین بجے ہوا۔ اس میں پہلی تقریر مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی چھ کتابوں کا تعارف‘‘ کے عنوان پر کی۔

دوسری تقریر نیشنل صدر صاحب نے دو موضوعات ’’نماز کا ترجمہ سیکھنے کی اہمیت ‘‘ اور’’قرآن کریم کا تلفظ سیکھنے کی اہمیت ‘‘ پر کی۔ تقریر کے دورا ن بعض دوستوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اسی طرح سورہ فاتحہ تک نماز کے لفظی ترجمہ کی دہرائی کروائی۔ اس کے بعد قاری عاشق حسین صاحب کی یسرنا القرآن کی کلاس نمبر 17 اور 18 کے ذریعہ زیر، زبر اور پیش کی ادائیگی کی مشق کروائی گئی اور ان کلاسوں سے احباب جماعت کو متعارف کروایا گیا۔

تیسری تقریر مکرم راحیل احمد گھمن صاحب نے ’’قرآن کریم کا تعارف‘‘ کے موضوع پر کی ۔

چوتھی تقریر نیشنل صدر صاحب نے ’’صحاح ستہ کا تعارف‘‘ کے موضوع پر کی جس میں قرآن، سنت اور حدیث کے متعلق جماعتی عقائد پر بھی روشنی ڈالی۔ اس تعلیمی سیشن کے آخری موضوع ’’ حضرت مصلح موعودؓ کی پانچ کتب کا تعارف ‘‘ کے لیے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 19؍فروری 2021ء کا کچھ حصہ سنا گیا جس میں حضور انور نے حضرت مصلح موعودؓ کی بعض کتب کا تعارف کروایا تھا۔ اس کے بعد نماز عصر اور چائے کے لیے وقفہ کیا گیا۔

تیسرا سیشن تبلیغی سیشن تھا جس میں’’ صداقت حضرت مسیح موعودؑ ‘‘ کے موضوع پر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب بیان فرمودہ 12؍دسمبر 2004ء یوٹیوب سے بذریعہ پروجیکٹر دیکھا گیا۔

اس کے بعد’’ وفات مسیح‘‘ اور ’’ختم نبوت ‘‘کے مضمون پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی مجالس عرفان میں سے کچھ یوٹیوب وڈیوز دکھائی گئیں۔

ہر تقریر کے بعد مکرم صدرِ مجلس سب سے باری باری پانچ پوائنٹ پوچھتے تا کہ جو تقریر یا ریکارڈنگ سنی ہے سب کو اس کی اچھی طرح سمجھ آجائے اور ذہن نشین ہو جائے۔

پہلے دن کے اختتام پر نیشنل صدر صاحب نے خطاب کیا اور آخر پر اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد کھانے کا انتظام تھا اور نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ پہلے دن کے اختتام پر کلاس میں آن لائن اور حاضر شاملیں کی تعداد 20 رہی جن میں 8 انصار اور 12 خدام تھے۔

دوسرے دن کا پروگرام خدام کے لیے اور ان انصار کے لیے مخصوص تھا جو گزشتہ روز شامل نہیں ہو سکے تھے۔ تینوں سیشنز میں پہلے دن کے عناوین اور موضوعات پر ہی تقاریر ہوئیں اور ویڈیوز دکھائی گئیں۔ دوسرے دن مقررین خدام میں سے مقرر کیے گئے تاکہ ان کی اس حوالہ سے بھی تربیت ہوسکے۔

تربیتی سیشن کی تقاریر میں جن نئے مقررین نے تقاریر کیں ان کے اسماء اور تقاریر کے عناوین کچھ یوں رہے: ’’قیام نماز کی اہمیت اور برکات ‘‘پر تقریر مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے کی۔ ’’تلاوت قرآن کریم کی اہمیت اور برکات‘‘ کے موضوع پر تقریر مکرم راحیل احمد گھمن صاحب نے کی۔ ’’مالی قربانی کی اہمیت اور برکات ‘‘کے موضوع پر تقریر مکرم عرفان لطیف صاحب، نیشنل سیکرٹری مال نے کی۔’’ حضرت مسیح موعودؑ کی کتب پڑھنے کی اہمیت اور برکات ‘‘کے عنوان پر تقریر مکرم مبشر احمد صاحب نے کی۔ ’’خدمت دین کو اک فضلِ الہٰی جانو‘‘ کے موضوع پر تقریر مکرم محمد احمد صاحب نے کی ۔

تعلیمی سیشن میں نئے مقررین کےاسماء اور ان کی تقاریرکے عناوین یہ ہیں: ’’حضرت مسیح موعودؑ کی چھ کتب کا تعارف‘‘ کے عنوان پر تقریر مکرم شعیب احمد صاحب نے کی۔ ’’قرآن کریم کا تعارف‘‘ کے عنوان پر تقریر مکرم عدنان اکرم صاحب نے کی۔ باقی تمام پروگرام گزشتہ روز کی طرح ہی رہا۔ آخر پر نیشنل صدر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا ، کھانے اور نمازوں کے بعد یہ دو روزہ نیشنل تربیتی، تعلیمی و تبلیغی کلاس اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمد للہ ۔دوسرے روز کی کل حاضری 37 رہی۔ ان میں 7 انصار اور 30 خدام تھے۔ 13 افراد نے زوم کے ذریعہ آن لائن اور 24 افراد نے ایتھنز مشن ہاوس میں حاضر ہو کر شمولیت اختیار کی۔ آن لائن شاملین یونان کے مختلف شہروں سے شامل ہوئے جن میں کاتیرینی، آسپروپرگوس اور تھیسالونیکی شامل ہیں۔ اسی طرح دو جزائر ایینا اور سکیروس سے بھی دوستوں نے زوم کے ذریعہ سے شرکت کی۔ الحمد للہ علی ذلک۔

(رپورٹ: ارشد محمود۔ یونان)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button