آسٹریلیا (رپورٹس)

ساؤتھ آسٹریلیا کے ریجنل ٹاؤن مائی لور (Mylor) میں قرآن کریم کی نمائش اورچرچ کا وزٹ

(عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 5؍ستمبر 2021ء کو جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ویسٹ کو ایک ریجنل ٹاؤن مائی لور (Mylor) میں قرآن کریم کی نمائش لگانے اور مقامی چرچ کو وزٹ کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ مائی لور کا ٹاؤن مسجد محمود، ایڈیلیڈ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔ کل چھ احباب جماعت اس تبلیغی پروگرام میں شامل ہوئے۔

چنانچہ مائی لور کی سنڈے مارکیٹ میں صبح نو بجے تا دوپہر ایک بجے قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال لگایا گیا۔ کافی لوگ اس نمائش کو دیکھنے کے لیے تشریف لائے، انہوں نے احباب جماعت کے ساتھ قرآن کریم اوراسلام احمدیت کے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی بحث کی۔ چنانچہ درج ذیل موضوعات پر خصوصی دلچسپی دیکھنے میں آئی: شریعہ لاء، جہاد، آزادیٔ مذہب، اور اسلام میں عورتوں کے حقوق۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال بہت کامیاب رہا اور مختلف طبقہ ہائےفکر سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد افراد نےقرآن کریم کی نمائش اور بک سٹا ل کو وزٹ کیا۔ قرآن کریم کے دو نسخے فروخت کیے گئے اور اس کے علاوہ مختلف جماعتی کتب اور دیگر پمفلٹس لوگوں کو پڑھنے کے لیے مفت تقسیم کیے گئے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کےفضل سے کافی لوگوں تک اسلام کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔الحمدللہ

اسی روز احباب جماعت کا ایک وفد خاکسار کی قیادت میں ایک مقامی Uniting چر چ کو وزٹ کرنےکے لیے گیا۔ وہاں جماعت احمدیہ کے وفد کی ملاقات چرچ کے پادری اور وہاں عبادت کےلیے آئے ہوئے 20 لوگوں سے ہوئی۔ انہوں نے احباب جماعت کوخوش آمدید کہا اور مذہب اور عصر حاضر کے مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔ اس گفتگو کے دوران احبا ب جماعت کو جماعت احمدیہ کا پرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

گفتگو کےدوران انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ اُن کی نوجوان نسل چرچ میں غیر فعال ہونے کےساتھ ساتھ مذہب سے دوری اختیا رکرتی جارہی ہے۔ وہ اس بات کو سن کر بہت متاثرہوئے کہ جماعت احمدیہ کے نوجوان چھوٹی عمر سے ہی جماعت کے ساتھ منسلک ہوجاتے ہیں اور جماعت کے فعال ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر فلاحی پروگراموں میں بھی بڑے جوش و جذبہ سے شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے احباب جماعت کو چرچ کو دوبارہ وزٹ کرنے اور خاص طورپر اُن کے نوجوانوں کےساتھ ایک نشست کرنے کی دعوت دی۔

چرچ کی بعض خواتین نے کبھی مسجد کا وزٹ نہیں کیا تھا اس لیے انہوں نےمسجدکو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انشاءاللہ ان کو مستقبل قریب میں کسی جماعتی پروگرام میں مدعو کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے چرچ کا وزٹ بھی بہت کامیاب رہا۔ چرچ کے بعض لوگوں کے چند تاثرات درج ذیل ہیں:

ریورنڈ آئن ڈاؤ (Reverend Ian Dow) نے کہا: مذہب کے ماننے والوں اور امن کا پرچار کرنے والے لوگوں کا اکٹھا ہونا اور مل کر کا م کرنا بہت اچھا ہے۔ ایڈیلیڈ اور اس کے گردونواح میں آپ ایک پرامن کمیونٹی ہیں اور آپ کے اس (پرامن) مشن کے حوالے سے میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم امید کرتے ہیںکہ کچھ چیزوں میں ہم آپ کے ساتھ مل کر کام کرسکیں گے

ایک مقامی عورت سُو ولیمز (Sue Williams) نے کہا: آج صبح جب تین نوجوان چرچ کے پروگرام کے دوران تشریف لائے تو انہیں دیکھ کر ہمارے دلوں کو یقیناً بہت خوشی محسوس ہوئی۔ جب ہماری چائے کے دوران ان سے گفتگو ہوئی تو یہ جان کر ہمیں بہت راحت محسو س ہوئی کہ وہ کس جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور کس طرح وہ دوسرے churches کو وزٹ کرتے ہیں۔ ہماری ان سےبہت قیمتی اوردلچسپ گفتگو ہوئی۔ میں امید کرتی ہوں کہ آج کی اس ملاقات کے بعد ہم مستقبل میں بھی ان سے رابطہ جاری رکھ سکیں گے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احباب جماعت کی اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ، ایڈیلیڈ ،آسٹریلیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button