اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

سانحہ ارتحال

احسان احمد خان صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں:

میرے والد محترم تنویر احمد خان صاحب آف ڈیفنس لاہور مورخہ 6؍ ستمبر کوکورونا کےبعد خون میں Clotting کی شدت کے باعث اچانک حرکتِ قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

پیارے حضور کی شفقت ومحبت سے بہشتی مقبرہ دارالفضل میں 9؍ ستمبر کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنا قرب بخشے اور نبی کریمﷺ اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قدموں میں جگہ عطا ہو۔آمین۔

ابا جان کی پیدائش 13؍ستمبر1956ء کو راولپنڈی میں ہوئی۔خاندان میں احمدیت اباجان کے نانا حضرت میاں غلام حسینؓ (میاں بگا)آف عالم گڑھ ضلع گجرات کے ذریعہ آئی۔ خاندانی روایات کے مطابق انہوں نے 1904ء میں حضرت اقدسؑ کی دستی بیعت کا شرف حاصل کیا تھا۔ بعد ازاں ہانڈو گجر لاہور میں کافی عرصہ مقیم رہے اور مقامی امام مسجد بھی رہے۔ اباجان نےابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقہ شکر گڑھ ضلع نارووال میں حاصل کی، بعدازاں ربوہ چلے آئے اور تعلیم الاسلام سکول و کالج میں بی اے تک تعلیم مکمل کی۔پھر ملازمت کے حصول کے لیے حضرت خلیفة المسیح کی راہنمائی سے لاہور چلے گئے۔

عرصہ 40 سال تک لاہور جماعت میں مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق پاتے رہے ہیں۔ 1978ء سے اس خدمت کا آغاز بطور زعیم حلقہ والٹن روڈ ہوا۔ ایک لمبے عرصے تک سیکرٹری وقفِ نو حلقہ کیولری گراؤنڈ و سیکرٹری مال بھی رہے۔ اور پھر2021ء میں نائب امیر ڈیفنس امارت لاہور و ایڈمنسٹریٹر کے طور پر یہ عرصہ انجام پذیر ہوا۔ الحمدللہ اباجان کو اپنی بساط اور ہمت کے مطابق بھرپور خدمت کی توفیق ملی اور وفات تک بس اسی کی سعی میں لگے رہے۔متعددبار نمائندہ مجلس مشاورت بھی مقرر ہوتے رہے۔ہمیشہ کہا کرتے تھے یہ عہدے وغیرہ کچھ نہیں بلکہ ہمیں ڈرانے اور خدا کے قریب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ جس کو خدا خدمت کی توفیق دے اسے اتنا ہی شکرگزار بننا چاہیے۔ وفات سے چند دن پہلے اپنا تمام حساب آمد و جائیداد پر حصہ وصیت ادا کیا اور مکمل حساب بنا کر مکرم صدر صاحب کو بھجوایا۔ اور ساتھ کہا کہ ’’اگلا مہینہ کس نے دیکھا ہے ، کیا پتہ کون ہو نہ ہو‘‘۔

ہم بچوں کو ہمیشہ نماز باجماعت کے قیام، نظام خلافت کی اطاعت اور چندہ جات میں باقاعدگی کا درس دیا کرتے تھے۔ نماز تہجد کی انتہائی تلقین کیا کرتے تھےاور خود اپنے عمل سے کر کے بھی دکھاتے تھے۔ چنانچہ میں نے اپنی ساری عمر میں ماسوا بیماری یا اشد مجبوری کے والدین کو نماز تہجد چھوڑتے نہیں دیکھا۔ اپنے پوتے پوتیوں کو بھی نماز کے لیے اپنے ساتھ لے کر کھڑے ہوا کرتے تھے۔

اباجان کی وفات پر کثرت سے احباب نے فون کر کے اور تحریراً بھی تعزیت کے لیے لکھا ، ان سب کا بہت شکریہ۔ بے شمار احباب نے اباجان کے کئی ایسے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ کیا اور مختلف واقعات سنائے جن کا خاکسار کو یا فیملی کو بھی علم نہ تھا۔اپنے آخری وقت میں ہسپتال میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام ’’حمدوثناء‘‘ کا یہ شعر بار بار سنا کرتے تھے اور رقّت میں رہتے تھے کہ

’’ کیونکر ہو شکر تیرا تیرا ہے جو ہے میرا؛

تونے ہر اک کرم سے گھر بھر دیا ہےمیرا ‘‘

یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

مرحوم نے ورثاء میں بیوہ مکرمہ امة النصیر صاحبہ کے علاوہ 5بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم بچوں کو بھی اپنے والد صاحب کی نیکیوں کو جاری رکھنے والا بنائے، نیز آئندہ نسلوں میں بھی ہم یہ اوصاف بھیجنے والے ہوں۔

اعلان ولادت

٭…سید محمد عثمان شاہ سا بق کارکن صدر انجمن احمدیہ ربوہ حال مقیم یوکے اعلان کرواتے ہیں کہ خدا تعالیٰ نے اپنے فضل سے عزیزم سید عبدالرحمٰن ظفر ابن سید عبدالسلام صاحب اور بہو عزیزہ ماریہ بلوچ حال مقیم جرمنی کو مورخہ 6؍ ستمبر 2021ء کو پہلے بیٹے سے نوازا ہے ۔بچے کا نام راحم احمد سید تجویز ہوا ہے۔

نومولود مکرم مجید اللہ خان صاحب سابق صدر جماعت دارالعلوم غربی حلقہ ثناء ربوہ کا نواسہ اور خاکسار کا پڑپوتا ہے۔احباب جماعت سے عزیزم راحم احمد سید کے لیے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو باعمر،صالح، خادم دین اور والدین کے لیے قرۃ العین بنائے ۔آمین

٭… مکرم سیف الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ 20؍ستمبر 2021ء کو جڑواں بیٹا اور بیٹی سے نوازا ہے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دونوں بچوں کو وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل کرنے کی درخواست قبول فرماتے ہوئے بیٹے کا نام تلمیذ اور بیٹی کا نام طوبیٰ تجویز فرمایا ہے۔نومولود بچے مکرم عبدالستار صاحب آف طاہرآباد جنوبی ربوہ کےپوتا پوتی جبکہ مکرم منیر احمد صابر صاحب آف حسن آباد ملتان کے نواسہ نواسی ہیں۔

احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں بچوں کو نیک، صالح اور خادم دین بنائے اور صحت و تندرستی والی دراز عمر عطا کرے ۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button