عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…وائٹ ہاؤس میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو ائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو میں تائیوان کا معاملہ اٹھایا ہے جبکہ بیجنگ اور واشنگٹن نے تائیوان معاہدے پر کاربند رہنے پر اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ تائیوان نے چین پر ایک ہی دن میں 56 بار فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔

٭… تائیوان کے وزیر دفاع چیو کیو چینگ نے کہا ہے چین کے ساتھ چار عشروں سے جاری کشیدگی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس میں حادثاتی حملے کا امکان بڑھ چکا ہے۔تائیوان اپنے آپ کو ایک خود مختار ملک گردانتا ہے جبکہ چین کا موقف ہے کہ وہ چین کا ہی صوبہ ہے جو اس سے علیحدہ ہو گیا ہے۔چین نے کبھی بھی طاقت کے زور پر تائیوان کو دوبارہ اپنےساتھ ملانے کے امکان کو رد نہیں کیا ہے۔

٭…برطانیہ نے یورپی یونین اور یورپین اکنامک ایریا سوئز شناختی کارڈ برطانیہ کے سفر کے لیے معطل کرتے ہوئے یورپی شہریوں پر اپنے ملک کا سفر کرنے کے لیے پاسپورٹ لازمی قرار دے دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اپنی سرحدوں کا کنٹرول واپس لے رہا ہے۔ شناختی کارڈ بڑے پیمانے پر فراڈ کا سبب ہیں، پچھلے سال جعلی سفری دستاویز میں 60 فیصد شناختی کارڈز جعلی تھے۔

٭…کابل میں برطانوی نمائندہ خصوصی سائمن گاس اور طالبان کے نائب وزرائے اعظم ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی کی ملاقات میں افغانستان سے انخلا کے خواہشمند افراد کے لیے محفوظ راستوں کی فراہمی جاری رکھنے، افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دینے نیز وہاں موجود اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

٭…امریکی سینیٹرز کی جانب سے صدر جو بائیڈن کو خط لکھا گیا ہے جس میں بیانیہ اختیار کرتے ہوئے کہ سفارت کاروں کی غیر متناسب نمائندگی ناقابلِ قبول ہے، ویزا تنازعے پر 300 روسی سفارت کاروں کو نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس وقت روس میں امریکا کے 100 اور امریکا میں روس کے 400سفارت کار تعینات ہیں۔ واضح رہے کہ ماسکو نے سفارت خانوں کو روسی یا تیسرے ملک کے عملے کی خدمات حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔ جس کی وجہ سے امریکا کو روس بھر میں اپنے مشنز سے 200 کے قریب مقامی افراد کو ہٹانا پڑا تھا۔

٭…فرانسیسی کیتھولک چرچ میں بچوں سے زیادتی کی انکوائری رپورٹ کے مطابق 1950ء سے 2020ء تک گرجا گھروں میں بچوں سے بدفعلی کے دو لاکھ 16 ہزار واقعات ہوئے۔ بچوں سے بدفعلی میں چرچ کے 29 سو سے 32 سو پادری اور دیگر ارکان ملوث رہے۔ تفتیشی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سال 2000 تک کیتھولک چرچ نے بچوں سے زیادتی کیسز پر ظالمانہ لاتعلقی کا رویہ اپنائے رکھا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔بشپ کانفرنس آف فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ چرچ کو ان واقعات کی تفتیش کے لیے انٹرنل ٹربیونل بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے رپورٹ کو خطرناک اور شرمناک قرار دیا۔

٭…پنڈورا پیپرز کے معاملے پر اردن کےشاہی محل اور شاہی عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ امریکہ، برطانیہ میں فلیٹ اور گھروں کےمالک ہیں، یہ کوئی خفیہ یا نیا نہیں۔ سیکیورٹی اور سیاسی وجوہات کے باعث غیرملکی رہائش گاہوں کو ظاہر نہیں کیا گیا۔شاہی عدالت نے اپنے بیان میں کہا کہ شاہ اردن کی جائیداد سے متعلق نئی نیوز رپورٹس دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ نجی جائیدادوں کی خریداری میں ادائیگی شاہ عبداللہ اور ان کا خاندان ذاتی طور پر کرتا ہے۔

٭…ملکہ الزبتھ دوئم پنڈورا پیپرز میں ان کے آذربائیجان کے حکمران سے 67 ملین پاؤنڈز کی پراپرٹی کی فروخت کے سلسلے میں ایک دوسرے سے مبینہ روابط اور کرپشن کے الزامات سامنے آنے کے معاملے پر اندرونی جائزہ لے رہی ہیں۔پنڈورا پیپرز میں انکشاف ہوا ہے کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیف نے اپنی آف شور کمپنیوں کے ذریعے 400 ملین یورو سے زائد جائیدادوں کا کاروبار کیا ہے۔ صدر الہام علیف کی حالیہ کلائنٹ ملکہ الزبتھ دوئم کی ملکیت میں چلنے والی کراؤن اسٹیٹ نے مبینہ طور پر صدر کو اگست 2018ء میں 60-50 کنڈوٹ اسٹریٹ کی ملکیت حاصل کرنے کے لیے 66.5 ملین یوروز ادا کیے تھے۔

٭…پنڈورا پیپرز کو غیر مستند دعوے قرار دیتے ہوئے کریملن کا کہنا ہے کہ پنڈورا پیپرز صرف غیرمستند دعووں پر مبنی ایک مجموعہ ہے۔ واضح رہے کہ پنڈورا پیپرز میں موناکو اپارٹمنٹس کی مالکن کے ساتھ روسی صدر پیوٹن کے مبینہ تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

٭…پنڈورا پیپر لیکس میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف برطانیہ میں آف شور کمپنیز کے ذریعے 1500 سے زائد پراپرٹیز خریدی گئیں جن کی قیمت کا تخمینہ 4 بلین پاؤنڈ سے زائد لگایا گیا ہے۔ 2016ء میں اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے غیر ملکی کمپنیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ اس قانون کا مسودہ دو برس بعد شائع کیا گیا تھا جبکہ 2019ء میں ملکہ کی تقریر میں قانون کو تبدیل کرنے پر پیش رفت کا وعدہ کیا گیا تھا۔ قانون اب تک پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب برطانوی حکومت کی جانب سے یہ موقف سامنے آیا ہے کہ سخت قوانین کے نفاذ کے ساتھ منی لانڈرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں وقت ملتے ہی آف شور کمپنیز کے ذریعے برطانیہ میں پراپرٹیز رکھنے والے مالکان کو رجسٹرڈ کرنے کا معاملہ پیش ہوگا۔

٭…اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر) کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 42 لاکھ افراد دربدر ہیں اور وہ اس وقت قانونی طور پر کسی بھی ملک کے شہری نہیں ہیں۔ جس کے باعث وہ تعلیم، صحت، روزگار، نقل و حرکت کی آزادی اور رہائش حاصل کر نے کے علاوہ دیگر بہت سی قانونی سہولیات اور بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ ان حالات میں اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 2024ء تک دنیا بھر میں موجود ایسے Stateless افراد کے لیے کام کرے گا۔

٭…افغانستان کے قائم مقام وزیر تعلیم عبدالباقی حقانی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ 40 سال کے تنازعے نے ملک کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیا۔طالبان ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں لڑائی کے دوران طالبان نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی حفاظت کی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہاں دینی مدارس اور جدید اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔

٭…افغانستان کے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر عالم گل حقانی نے پاسپورٹ کے اجرا کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کابل میں پریس کانفرنس میں کہا کہ 25 ہزار درخواست گزاروں کے پاسپورٹ اجرا کے لیے تیار ہیں۔ یومیہ 5 سے 6 ہزار پاسپورٹس کا اجرا کریں گے، خواتین کے پاسپورٹ کے معاملے سے نمٹنے کے لیے محکمے میں خواتین کو ملازمت دی جائے گی۔ اس پریس کانفرنس میں ایک افغان خاتون صحافی بھی شریک ہوئیں۔

٭…بھارت میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرنے پر چندی گڑھ پولیس نے اپوزیشن رہنما نوجوت سنگھ سدھو، پریانکا گاندھی سمیت متعدد رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا۔ خیال رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں کسانوں کے احتجاج کے دوران فسادات کی وجہ سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔جونیئر وزیر داخلہ کے قافلے کی گاڑی کی زد میں آکر 4 کسان ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے جونیئر وزیر داخلہ کے قافلے کی اس گاڑی کو آگ لگادی۔

٭… سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شمار دولت مند ترین امریکیوں میں ہوتا ہے اور وہ اڑھائی ارب امریکی ڈالرز کے مساوی دولت کے حامل ہیں۔ گزشتہ 25 برس میں پہلی بار وہ فوربز کی 400 امیر ترین امریکیوں کی فہرست میں جگہ نہ بناسکے۔یاد رہے کہ 75 سالہ صدر ٹرمپ جو ریئل اسٹیٹ کے بڑے سرمایہ کاروں میں شمار ہوتے ہیں،گزشتہ برس اس فہرست میں 339 ویں نمبر پر تھے، لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب اس برس ان کی دولت میں 60کروڑ ڈالرز کی کمی آئی ہے۔

٭…بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا کے طیارہ کی دہلی-گروگرام ہائی وے پر ایک پُل کے نیچے گزشتہ 4 روز سے پھنسے ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ایئر انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جہاز کا ایئرلائن سےکوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ طیارہ کسی نے خرید لیا تھا، طیارے کو مالک کے پاس لے جانے کے لیے طیارے کو ٹرک پر سوار کرایا گیا جو منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی پل کے نیچے پھنس گیا۔

٭…4؍اکتوبر کو فیس بُک سمیت اس کی پروڈکٹس انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس دنیا بھر میں تقریبا 6 گھنٹے کے لیے متاثر رہنے کی وجہ سے کروڑوں صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا۔ واٹس ایپ اور فیس بک کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے ٹویٹر پر وضاحتی پیغام دیا گیا۔ دنیا بھر میں واٹس ایپ کی سروس معطل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر صارفین نے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لے کر خوب تنقید اور تفریح کی۔ فیس بک نے اس بندش کا ذمےدار کنفیگریشن کی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک کی بندش ایک نادانستہ غلطی یا اندرونی شخص کی طرف سے تخریب کاری ہو سکتی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فیس بک کے شیئرز 4.9 فیصد تک گر گئے ہیں۔

٭…فیس بک سروسز کی چند گھنٹے کی خرابی کے باعث میسیجنگ ایپ ‘‘ٹیلی گرام’’ پر ایک روز میں 7 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوگیا۔ بانی ٹیلی گرام پاول دروف نے دیگر پلیٹ فارمز سے آنے والے 7 کروڑ صارفین کو خوش آمدید کہا ہے۔ مانیٹرنگ فرم کا کہنا ہے کہ امریکا میں ٹیلی گرام ڈاؤن لوڈنگ کے56ویں نمبر سے پانچویں نمبر پر آگیا۔

٭…فیس بُک کی سابقہ عہدے دار فرانسس ہاؤگن (Frances Haugen)نے ایک امریکی ٹی وی شو کو انٹرویو میں فیس بک کے کاروباری طریقہ کار سے متعلق سنگین انکشافات کیے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک کو علم تھا کہ اسے نفرت اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔فیس بک نے شواہد چھپانے کی کوشش کی اور عوامی مفاد پر ذاتی مفاد اور منافع خوری کو ترجیح دی۔

انہوں نے امریکی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنے بیان میں کہا کہ فیس بک بچوں کو نقصان پہنچا رہی ہے اور جمہوری اقدار کو نقصان پہنچا کر معاشرے میں تقسیم پیدا کر رہی ہے۔فیس بک کی انتظامیہ کو معلوم ہے کہ اس پلیٹ فارم کو کیسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے لیکن وہ منافع کی غرض سے ایسا کرنے سے گریزاں ہے۔

٭…وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔ نیز بتایا کہ پاکستان میں اس سال پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ بل گیٹس نے پولیو کی روک تھام کے لیے کوششوں پر وزیرِ اعظم عمران خان کی تعریف کی اور انہیں پولیو کے خاتمے کے لیے پروگرام اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیرِ اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

٭…بھارتی سپریم کورٹ نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر لواحقین کو 50 ہزار روپے معاوضہ اداکرنے کا حکم دیا ہے۔ معاوضہ کی ادائیگی دعویٰ دائر کیے جانے کے 30 دن کے اندر کرنا ہوگی۔ یہ معاوضہ ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے دیا جائے گا۔ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 4 لاکھ 49 ہزار تک اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button