عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو عمرے کی اجازت دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیشن کروانے والے ہی مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرسکیں گے۔

٭…تائیوان کے قومی دن کے موقع پر تائیوان کی صدر سائی انگ وین کا کہنا تھا کہ تائیوان چین کے دباؤ پر نہیں جھکے گااور اپنے جمہوری طرزِ زندگی کا دفاع کرے گا۔ چین سے اچھے تعلقات کی امید رکھتے ہیں لیکن کوئی ابہام میں نہ رہے کہ تائیوانی عوام کسی دباؤ کے آگے جھک جائیں گے۔ واضح رہے کہ چین میں 1949ء کی خانہ جنگی کے بعد تائیوان خودمختار علاقے کی حیثیت اختیار کر گیا تھا جبکہ چین تائیوان پر اپنے ملک کا خود مختار حصہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔

٭…ایرانی وزیر خارجہ نے بیروت میں لبنانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات درست سمت میں جارہے ہیں۔ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے لیکن مزید مذاکرات کی ضرورت ہے۔ ان میٹنگز میں طے پانے والے معاہدوں کا اعلان فریقین مناسب وقت پر کریں گے۔ ایران، سعودی مذاکرات کا تسلسل دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے۔

٭…قطر میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان دو روزہ مذاکرات کا آغاز ہونے کے بعد افغان نگران وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے بتایا کہ امریکہ کو کہا ہے کہ موجودہ افغان حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ افغان حکومت کو کمزور کرنے سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا۔ امریکہ نے افغان عوام کے لیے کورونا ویکسین فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔ طالبان نے افغان مرکزی بینک کے ذخائر پر سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ افغانستان انخلا کے بعد امریکہ اور طالبان کی یہ پہلی اعلیٰ سطحی بات چیت ہے۔ امریکہ کی جانب سے مذاکرات میں محکمہ خارجہ کے نائب نمائندہ خصوصی ٹام ویسٹ، یو ایس ایڈ کی عہدیدار سارہ چارلس اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے عہدیدار شامل ہیں۔

٭… ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ میں طالبان سے دو روزہ مذاکرات واضح اور پیشہ ورانہ تھے، امریکی وفد نے اعادہ کیا کہ طالبان کو ان کے اقدامات سے جانچا جائے گا۔ علاوہ ازیں مذاکرات کے دوران امریکی وفد نے سیکیورٹی، دہشتگردی خطرات، غیر ملکی شہریوں کو محفوظ راستہ دینے اور انسانی حقوق پر توجہ رکھی۔
امریکی وفد نے افغان معاشرے میں خواتین اور لڑکیوں کے بامقصد کردار پر بھی گفتگو کی۔ فریقین نے امریکا کی افغان عوام کو براہ راست امداد کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب طالبان رہنما سہیل شاہین نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان وزیر خارجہ نے امریکی وفد کو افغان سر زمین کسی ملک پر حملے کیلئے استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم داعش سے آزادانہ طور پر نمٹنے کے قابل ہیں۔

٭…امریکہ کی ریاست نیوجرسی میں سکول ٹیچر نے 7 برس کی بچی کا حجاب زبردستی اتار دیا۔ سمعیہ کے فیملی وکیل کا کہنا ہے کہ روز مرہ کی طرح سمعیہ نقاب کرکے سکول گئی لیکن اس دن سکول ٹیچر نے اس کو حجاب اتارنے کا کہا، بچی کے منع کرنے پر ٹیچر نے زبردستی اس کا حجاب اتار دیا۔ سمعیہ کی والدہ نے کہا کہ اب انہیں دوسری جماعت میں زیر تعلیم اپنی بیٹی کو ایسی دنیا سے متعارف کرانا پڑے گا جس سے وہ ہمیشہ اسے بچاتی رہی ہیں۔

٭… پاکستان کے جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 10؍ اکتوبر 2021ءکو 85؍ برس کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پا گئے ہیں۔ موصوف کے جسدِ خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر فیصل مسجد کے احاطے میں لایا گیا جہاں ان کی نمازِ جنازہ ادا کیے جانے کے بعد انھیں ایچ ایٹ کے قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان 26؍ اگست 2021 کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم کچھ روز بعد طبیعت سنبھلنے پر انہیں واپس گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ انھیں 2004ء میں جوہری ٹیکنالوجی کی مبینہ منتقلی کے بارے میں ‘اعترافِ جرم’ کے بعد نظربند کیا گیا تھا اور وہ پانچ برس نظربند رہے تھے۔ تاہم 2009ء میں عدالتی حکم پر نظربندی کے خاتمے کے بعد بھی وہ عوامی تقریبات میں دکھائی نہیں دیتے تھے۔

٭…ایران میں انقلابِ اسلامی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے پہلے صدر ابوالحسن بنی صدر 88سال کی عمر میں پیرس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ موصوف یکم جنوری 1980ء کو صدر بنے تاہم اگلے ہی سال اختلافات کے سبب فرانس چلے گئے جہاں انہوں نے باقی عمر گزاری۔

٭…سال 2021ء کا ادب کا نوبیل انعام تنزانیہ کے عالمی شہرت یافتہ 73سالہ مصنف و ناول نگار عبدالرزاق گُرناہ نے اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت فون بجا وہ چائے بنارہے تھے۔ نوبیل انعام کا سن کر لگا کہ کوئی مذاق کر رہا ہے۔ عبدالرزاق گُرناہ ادب کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے تیسرے مسلمان ادیب ہیں۔

٭…افغان شہر قندوز کی ایک مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکےکے نتیجے میں 60 نمازی شہید اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق خان آباد میں دوپہر کو مسجد میں دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔طالبان کی خصوصی فورسز حملہ کے مقام پر پہنچ گئیں۔ ٭…یوروپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ترجمان پیٹر سٹانو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں افغانستان کے علاقے قندوز کی ایک مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلسل دہشت گرد حملے ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کے لیے سنگین رکاوٹ ہیں۔ یہ جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد پر ایک بزدلانہ حملہ تھا جس میں وسیع پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ تمام افغانوں کے انسانی حقوق بشمول زندگی کے حق اور نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور احترام کرنا ہوگا۔

٭… پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے کم از کم چھ لوگوں سمیت 9؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ واقعہ صادق آباد کے علاقے ماہی چوک میں پیش آیا ہے جو کوٹ سبزل تھانے کی حدود میں ہے۔ کوٹ سبزل پنجاب اور سندھ کا سرحدی قصبہ ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ رحیم یار خان کے ضلعی پولیس افسر اسد سرفراز کے مطابق حملہ آوروں اورہلاک شدگان کا تعلق اندھڑ برادری سے ہی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ڈاکوؤں کی جانب سے بھتہ نہ دیے جانے پر قتل کیا گیا ہے۔

٭…امریکی ایٹمی آبدوز کو جنوبی چین کے سمندر میں حادثہ پیش آگیا۔ امریکی بحریہ کے مطابق جوہری آبدوز پوری طرح محفوظ اور مستحکم حالت میں ہے۔ امریکی بحریہ کے بحرالکاہل میں تعینات بیڑے نے جاری بیان میں کہا کہ ایٹمی آبدوز یو ایس ایس کنیکٹی کٹ 2؍ اکتوبر کو جنوبی چین کے سمندر میں نامعلوم شے سے ٹکرائی۔ ایٹمی آبدوز کے نیوکلیائی پروپلشن پلانٹ اور دیگر شعبے پوری طرح کام کر رہے ہیں، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

٭…یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق بحر اوقیانوس میں واقع ملک وانواتو میں ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 511کلو میٹر تھی۔

٭…کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں رات گئے شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 15کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ مختلف علاقوں میں کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔

٭…جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے گردونواح میں جمعرات 7؍ ستمبر کی شام زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز ٹوکیو کے مشرق میں 80 کلومیٹر کی گہرائی میں جبکہ شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔

٭…لبنان میں فیول کی کمی کے باعث بجلی کے دو بڑے پاور سٹیشن بند ہوگئے جس کے سبب سے پورے لبنان میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کچھ دنوں تک جاری رہے گی۔

٭…بھارت نے اپنی قومی ایئرلائن ایئر انڈیا بھارتی بزنس ٹائیکون ٹاٹا گروپ کو فروخت کردی۔ ٹاٹا گروپ نے قومی ایئرلائن کے لیے 2؍ ارب 40کروڑ ڈالرز یعنی 180ارب روپے کی بولی لگائی۔ پرائیویٹائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ٹوہن کانٹا پانڈے کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کی فروخت کا عمل رواں سال دسمبر کے آخر تک متوقع ہے۔

٭…اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹیورولوجیکل آرگنائزیشن کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانی کی کمی عالمی سطح پر ایک اہم مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ 5 ارب افراد 2050ء میں پانی کی مزید کمی کا سامنا کریں گے۔ اس کے علاوہ پانی سے متعلقہ قدرتی آفات جیسے سیلاب، طوفانی بارش اور خشک سالی فوڈ سیکورٹی جیسے مسائل میں شدت پیدا کرسکتی ہے۔

٭…دنیا بھر میں کچھ صارفین کے لیے ایک ہی ہفتے میں دوسری بار انسٹاگرام اور فیس بک کی سروسز متاثر ہوگئیں۔ 8؍ اکتوبر کو تقریباً 20 ہزار صارفین نے انسٹاگرام سروسز جبکہ 800 کے قریب فیس بک صارفین نے سروس متاثر ہونے کی شکایت کی ۔ انسٹاگرام اور فیس بک کی سروسز تقریباً 3گھنٹے بعد فعال ہوئیں۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے اس سے قبل بھی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز پوری دنیا کے لیے تقریباً سات گھنٹے کے لیے بند ہوگئی تھیں۔

فیس بُک کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ کنفیگریشن کی تبدیلی نے عالمی سطح پر صارفین کو متاثر کیا ہے جس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔

٭…بھارت: پنجاب میں کسانوں نے فصلوں کی باقیات جلانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیاہے۔ واضح رہے کہ فصلوں کی باقیات کو تلف کرنے کے دوران اٹھنے والا یہ دھواں صنعتوں کے فضائی اخراج اور گاڑیوں کے دھویں کے ساتھ مل کر فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ بھارت میں ہر موسم سرما میں دارالحکومت نئی دلی سمیت شمالی حصے شدید سموگ کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔

٭…امریکی ادارے کے مطابق ایف ڈی اے اور ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ 6کورونا ویکسین میں سے کسی کی بھی خوراکیں لگوانے والوں کو امریکہ آنے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے 20ستمبر کو 33ممالک پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

٭…کینیڈا میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر میں آنے والے ہفتوں میں کمی آنے کے متعلق طبی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میں کمی آنے کی ایک وجہ کورونا ویکسینیشن کی شرح بڑھنا ہے۔ کینیڈا میں 12 سال سے زائد عمر کے 81 فیصد شہریوں کی ویکسنیشن ہوچکی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button