افریقہ (رپورٹس)

اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ و خدام الاحمدیہ کیلاہوں، سیرالیون 2021ء

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

مکرم انیس احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ 10اکتوبر 2021ء کو مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کیلاہوں کواپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی،الحمدللہ علی ذالك ۔

تیاری اجتماع

اجتماع سے چند روز قبل تیاری شروع کر دی گئی۔ خدام اور اطفال کو علمی مقابلہ جات کی تیاری کروائی گئی۔ اطفال و خدام کی میٹنگ کی گئی جس میں انہیں اجتماع کے حوالہ سے بریف کیا گیا۔ اسی طرح ایک میٹنگ اراکین عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ کی منعقد ہوئی جس میں خدام و اطفال کو بعض ذمہ داریاں سونپی گئیں جس میں مسجد کی صفائی، تیاری سٹیج، آب رسانی، کھانا پکوائی اور کھانا سرونگ پر ڈیوٹیز لگائی گئیں تاکہ اجتماع احسن رنگ میں انجام پا سکے۔

افتتاحی تقریب

دعا اور صدقہ سے اجتماع کا آغاز کیا گیا۔ صبح 11 بجے سے خدام و اطفال اپنے یونیفارم میں احمدیہ مسجد آنا شروع ہوگئے۔ 12 بجے تلاوت، خدام الاحمدیہ کے عہد اور نظم سے اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بعد ازاں حضور انور کا جلسہ سالانہ جرمنی2021ء سے بصیرت افروز اختتامی خطاب سنوایا گیا۔

علمی مقابلہ جات

خدام و اطفال کو تین گروپس ناصر، طاہر اور مسرور میں تقسیم کیا گیا اور ان کے مابین مختلف علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں مقابلہ تلاوت، اذان، پیغام رسانی، حفظ ادعیہ و احادیث اور دینی معلومات شامل تھے۔ دوران اجتماع گاہےبگاہے نعرہ ہائے تکبیر بلند ہوتے رہے اور نعروں کے دوران خدام و اطفال کا جوش و ولولہ دیدنی تھا۔

بعد از نماز ظہر و عصر، شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا اور یوں اجتماع کے پہلے حصہ کا اختتام ہوا۔

ورزشی مقابلہ جات

اسی دن شام کو طاہر احمدیہ سیکنڈری سکول کیلاہوں کے گراؤنڈ میں ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں دوڑ 100میٹر، تین ٹانگ دوڑ، ریلے ریس، ثابت قدمی اور گروپس کے مابین فٹ بال کا نمائشی میچ کروایا گیا۔ جس میں اطفال و خدام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اختتامی تقریبِ تقسیم انعامات

علمی و ورزشی مقابلہ جات میں اعزاز پانے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر طاہر گروپ اول انعام کا حقدار قرار پایا۔ بعد ازاں قائد مجلس مسٹر کومبر نے معاشرہ میں خدام کا کردار اور یوسف سعید صاحب سرکٹ مشنری نے خدام الاحمدیہ کی تاریخ واغراض و مقاصد پر تقریر کی۔ اجتماع کی اختتامی تقریر خاکسار نے ایک مثالی طفل و خادم کے اوصاف پر کی اور یوں دعا کے ساتھ اس بابرکت اجتماع کا اختتام ہوا۔

اس اجتماع میںشاملین کی تعداد 195تھی۔ درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اجتماع کے ایمان و اخلاص میں برکت ڈالے اور ان کو اجتماع کی برکات اور مقاصد سے بھرپور حصہ پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button