یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے شہر وائٹاشٹڈ (Weiterstadt) میں تبلیغی نمائش

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

گزشتہ چند سالوں میں شعبہ تبلیغ جرمنی نے بڑی پلاننگ کے ساتھ جرمنی کے مختلف حصوں میں تبلیغی نمائشوں کا اہتمام کیا۔ ابھی یہ کاوشیں جاری تھیں کہ Covid 19 کی وجہ سے حکومت کی طرف سے لوگوں کے جمع ہونے حتی کہ عبادات کے لئے جمع ہونے پر بھی با حالت مجبوری پابندی لگا دی گئی۔ اب کچھ عرصہ سے پابندیوں میں بتدریج کمی لائی جا رہی ہے اور زندگی معمول کی طرف لوٹنی شروع ہوئی ہے تو جماعتی سرگرمیوں کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ شعبہ تبلیغ جرمنی نے بھی تبلیغی نمائشوں کا دوبارہ سے آغاز کر دیا ہے۔

وائٹاشٹڈ (Weiterstadt) جرمنی کا ایک خوبصورت قصبہ دو بڑے شہروں فرانکفرٹ اور ڈام شٹڈ کے درمیان واقع ہے۔ ڈام شٹڈ میں مسجد نور الدین 2003ء میں تعمیر ہوئی تھی۔ مسجد سے پانچ کلو میٹر دور موٹر وے کے دوسری طرف جماعت وائٹا شٹڈ کا قیام 1986ء میں عمل میں آیا۔ تبلیغی نمائش کے انتظامات کے لئے صدر جماعت مرزا وسیم احمد صاحب نے ذیلی تنظیموں کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹی جنرل سیکرٹری اشعر عثمان صاحب کی صدارت میں ترتیب دی۔ اسلامی نمائش سے متعلق چھوٹے بڑے پوسٹر طبع کرواکر پہلے سے مقررہ جگہوں اور دیواروں پر چسپاں کرواے گئے۔ نمائش سے ایک ماہ قبل شہر کے ہر لیٹر بکس میں معلوماتی مواد ڈالا گیا۔ مقامی اخبار میں اشتہار شائع کروایا گیا۔ سوشل میڈیا پر اہل شہر کو معلومات باہم پہنچائی گئیں اور ان کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ شہر کی لائبریری اور یونیورسٹی میں بھی معلوماتی فولڈر تقسیم کئے گئے۔ اسلامی کتب اور لٹریچر کی نمائش کے لئے 18و19؍ستمبر دو دن مقرر تھے۔ 17؍ستمبر کو نماز جمعہ کے بعد احباب جماعت نے مل کر نمائش کا ہال تیار کیا۔ قرآن کریم کے تراجم، مختلف زبانوں میں اسلامی کتب، بینرز، چارٹ اور دو ٹیلیویژن سکرین لگاکر رات گئے تک محنت کر کے نمائش کے کام کو مکمل کیا گیا۔

نمائش کا افتتاح علاقائی پارلیمنٹ میں شہر کے نمائندہ Dr. Alexander Koch نے کیا۔ اس موقع پر جرمن و دیگر قومیتوں کے افراد بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی و دیگر حاضر مہمانوں نے پوری نمائش دلچسپی سے دیکھی۔ دونوں روز صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ جن کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات مربیان سلسلہ مکرم نعمان خالدصاحب، مکرم آفاق احمد صاحب، مکرم ہارون احمد صاحب اور مکرم عبدالنور خواجہ صاحب دیتے رہے۔ مقامی ممبران جماعت خواتین و حضرات کے نمائش سے استفادہ کے لئے گروپس بنا دیے گئے تھے۔ وہ اسی ترتیب سے نمائش میں آتے رہے۔

تاثرات

مہمانوں نے نمائش کو بہت سراہا اور اسلام سے واقفیت کا ایک کامیاب تجربہ قرار دیا۔ نظریہ جہاد کی اصل حقیقت سے واقفیت، مقدس جنگ کا تصور، ایک سکول ٹیچر نے کہا کہ میں نے اسلام سے متعلق جو کچھ سیکھا ہے اور خصوصاً جہاد کے بارے میں جو معلومات ملی ہیں وہ اپنے سکول میں طلبہ اور اساتذہ کے سامنے بیان کروں گی۔ اسلام میں عورتوں کے جو حقوق بیان ہوئے ہیں وہ جرمن خواتین کو بتانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بلاخوف اسلامک سوسائٹی آیا جایا کریں۔ اسلام میں مہدی کی آمد کے بارے میں نمائش سے پہلے علم نہیں تھا۔ نمائش میں آکر اسلام کی صحیح تصویر سامنے آئی ہے۔ مسلمانوں کو اپنی تعلیم پر عمل بھی کرنا چاہئے۔ اس شہر میں اسلام مخالف سیاسی پارٹی کے لوگ 12 فیصد ہیں ۔ آپ لوگوں کو اسی طرح محنت کر کے ان کا اثر زائل کرنا پڑے گا۔ اسلام کی تبلیغی نمائش میں مکرم حافظ فرید احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ بھی تشریف لائے۔ لوکل صدر صاحب نے سیکرٹری تبلیغ مقامی مکرم ماجد احمد ، مکرم آفاق احمد مبلغ سلسلہ، زعیم انصار اللہ مکرم محمد اشرف صاحب، صدر لجنہ مکرمہ رضوانہ احمد صاحبہ اور تمام کارکنان جنہوں نے نمائش کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button