یورپ (رپورٹس)

سوشل میڈیا کے استعمال کے متعلق راہنمائی۔ قیادت تربیت مجلس انصاراللہ یوکے زیر قیادت آن لائن تربیتی پروگرام

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ 13؍جون2021ء کو اراکین نیشنل عاملہ مجلس انصار اللہ یوکے کی (آن لائن) ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے قیادت تربیت مجلس انصاراللہ کوہدایات دیتے ہوئے فرمایا کہ احمدی مسلمان بچوں کو انٹرنیٹ پر موجود ضرر رساں اور خطرناک مواد سے بچانے کے لیے مناسب اقدام اٹھانے چاہئیں۔

حضور انور نے اس موقع پر فرمایا کہ جن انصار کے بچے بڑے ہو کر انصار میں جاچکے ہیں ان کے بھی چھوٹے بچے ہیں۔ بعض ان میں سے ایسے (انصار) ہیں جو ان بچوں کی طرف توجہ نہیں کرتے۔ وہ (بچے) آجکل انٹرنیٹ پر بیٹھے رہتے ہیں اور جب سکولوں میں چھٹیاں ہوتی ہیں تو خاص طور پر۔ پھر انٹرنیٹ پر جا کر غلط قسم کے پروگرام دیکھنے کی طرف رجحان زیادہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اس کے لیے آپ لوگوں نے کوئی پروگرام بنایا ہے؟ خدام الاحمدیہ تو بناتی ہے، انصار کو بھی بنانا چاہیے۔ ان حالات کے مطابق اپنا پروگرام بنانا چاہیے اور اس کی فوری implementation ہونی چاہیے۔

چنانچہ قیادت تربیت نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں فوری طور پر عملی اقدامات کا آغاز کردیا اور اس سلسلہ میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے حوالے سے والدین کی راہنمائی کے لئے متعدد پروگرام ترتیب دیے گئے۔ اس سلسلے میں پہلاتربیت فورم مورخہ 30؍جون کو منعقد کیا گیا جس میں مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیرجماعت احمدیہ یوکے نے انگریزی زبان میں اور مکرم مولانا عطاء المجیب راشد صاحب مبلغ انچارج یوکے نے اردو زبان میں(آن لائن) نہایت مؤثرانداز میں سوشل میڈیا کے نقصانات اور اس کے مفید استعمال کے بارے میں راہنمائی کی۔ اس پروگرام سے اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد احباب استفادہ کرچکے ہیں۔

اس سلسلے کا دوسرا پروگرام 29؍اگست کو شعبہ تربیت مجلس انصاراللہ برطانیہ کے زیرانتظام منعقد ہوا جس میں ’’سوشل میڈیا کے خطرات‘‘ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم، نظم اور ان کے تراجم سے کیا گیا جس کے بعد ’’حضور انور کی جماعت فلسطین سے آن لائن ملاقات‘‘ دکھائی گئی۔ پھر مکرم قاصد معین صاحب مربی سلسلہ نے حضورانور کے ارشادات کی روشنی میں مذکورہ بالا موضوع پر گفتگو کی اور سامعین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس پینل میں مکرم محمد اسامہ صاحب بھی شامل تھے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اب تک اس پروگرام کو آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ آن لائن دیکھ چکے ہیں۔

اسی سلسلے کا تیسرا پروگرام 3؍اکتوبر کو منعقد ہوا جب شعبہ تربیت مجلس انصاراللہ برطانیہ کے زیرانتظام ایک گفتگو بعنوان ’’سوشل میڈیا کا استعمال اور موجودہ نسل‘‘ بزبان اردو کا اہتمام کیا گیا۔ الحمدللہ کہ یہ پروگرام بھی نہایت کامیاب رہا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم، نظم اور ان کے تراجم سے کیا گیا جس کے بعد ’’حضورانور کی جماعت فلسطین سے آن لائن ملاقات‘‘ دکھائی گئی۔ پھر مکرم آصف محمود باسط صاحب نے حضورانور کے ارشادات کی روشنی میں مذکورہ بالا موضوع پر گفتگو کی اور سامعین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس پینل میں مکرم محمد اسامہ صاحب اور مکرم توقیر احمد تنویر صاحب بھی شامل تھے۔ اب تک اس پروگرام کو آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ آن لائن دیکھ چکے ہیں۔

قارئین کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور احمدیت کی نئی نسلوں کو اپنے امام سیّدنا حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کے مطابق نیکی پر قائم رہتے ہوئے زندگیاں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: منصور احمد بنگالی۔ نائب قائد تربیت مجلس انصاراللہ برطانیہ)

نوٹ: مذکورہ تینوں پروگراموں کا لنک درج ذیل ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button