افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ گھانا کا معلوماتی و تفریحی سفر

(حافظ مبشر احمد جاوید مبلغ و انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)

گھانا میں کورونا وبا کے ایام کے دوران تقریباً 11 ماہ پرائمری سکول بند رہے۔ سکولوں کے کھلنے کے بعد یکم فروری 2021ء سے مدرسۃ الحفظ میں بھی باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوا۔ مسلسل پڑھائی کے باعث طلباءکی جسمانی و ذہنی تفریح کو مدِنظر رکھتے ہوئے مدرسۃ الحفظ کےسالانہ پروگرام کے مطابق 4؍ستمبر 2021ء کو تمام طلباء و اساتذہ کو MTA وہاب آدم سٹوڈیوز گھانا لے جایا گیا۔ یہ سٹوڈیو گھانا کے دارالحکومت اکرا میں واقع ہے۔

چنانچہ اس مقصد کی خاطر مکرم نیشنل امیر صاحب سے اجازت حاصل کی گئی۔ ازاں بعد MTAوہاب آدم سٹوڈیوز کے کوآرڈینیٹر حافظ اسماعیل احمدایڈوسائی صاحب سے رابطہ کرکے انہیں پروگرام سے آگاہ کیا گیا۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ حافظ اسماعیل احمدایڈوسائی صاحب بھی بفضلہ تعالیٰ مدرسۃ الحفظ گھاناسے فارغ التحصیل ہیں۔

صبح روانگی سے قبل تمام طلباء کے لیے سفری انتظام، ریفریشمنٹ اور کھانے کا انتظام کیا گیا۔ صبح 8 بجے تمام طلباء و اساتذہ بذریعہ بس اس تفریحی و معلوماتی سفر کے لیے روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل مولوی فہیم احمد خادم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا نے اجتماعی دعا کروائی اور طلباء کو سفری ہدایات دیں۔ اس سفر میں خاکسار کے علاوہ طلباء کے ساتھ مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب استاد مدرسۃ الحفظ اور محترم حافظ حنان احمد صاحب رضاکار استاد مدرسۃ الحفظ گھانا تھے۔ یونیفارم میں ملبوس تمام طلباء کے چہروں پر اس سفرپر جانے کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کی وہی کیفیت تھی جو کورونا وائرس کی شدت کے دوران مسلسل Quarantine میں رہنے کے بعدزندگی معمول پر آنے کے بعد لوگوں کی تھی۔ 6 ماہ بعد طلباء نے کثیر تعداد میں لوگوں کو چلتے پھرتے دیکھا، سڑکوں کے اطراف اپنی پسندیدہ خور و نوش کی اشیاء، رنگ برنگی گاڑیاں، گھانا کے دارالحکومت اکرا کی بلند وبالا خوبصورت عمارات اور شاپنگ مالز کے مناظر سے تمام طلباء بہت محظوظ ہوئے۔

تقریباً ساڑھے گیارہ بجےوہاب آدم سٹوڈیوز پہنچے جہاں حافظ اسماعیل احمد ایڈوسائی صاحب اور ان کی ٹیم نے ہمارا استقبال کیا۔ بعد ازاں پروگرام کے مطابق طلباء کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا تا کہ وہ بھرپور طریق پر ہر شعبہ کو دیکھ سکیں اور اس کی معلومات بھی حاصل کر سکیں۔ ایم ٹی اے انتظامیہ کی طرف سے درج ذیل احباب نے باری باری اپنے گروپ کو تمام شعبہ جات کا تفصیلی تعارف کروایا اور طلباء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ 1۔محترم احمد اوفوسو (Ofosu)صاحب 2۔محترم مولوی فراز یٰسین ربانی صاحب 3۔ محترم وہاب پرے گرینو (Perygrino) صاحب

طلباء نے درج ذیل ڈیپارٹمنٹس کا وزٹ کیا۔

1۔ Post Production

2۔IT Department

3۔Translation Department

4۔ Main Studio Area

5۔ Lajna Department

اُسی روز وہاں ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے سلسلہ میں محترم ناصر بونسو(Bonsu) صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا بھی آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے تمام طلباء کے ساتھ ایک تربیتی نشست کی اور ان کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ اس تربیتی نشست کے دوران انتظامیہ وہاب آدم سٹوڈیوز کی طرف سے تمام طلباء و اساتذہ کو فریش کوکونٹ پیش کیے گئے۔

تربیتی نشست کے بعدمدرسۃ الحفظ کے دو طلباء عزیزم حافظ عدنان بیڈو(Baidoo) نے ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ اور عزیزم حافظ خالد جیامفی (Gyamfi)نے ’’خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا‘‘ نظمیں ایم ٹی اے کے لیے ریکارڈ کروائیں۔ ایم ٹی اے سٹوڈیوز میں طلباء کے اس وزٹ کو ایم ٹی اے کی ٹیم نے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا۔ بعض طلباءنے نہایت خوشی سے اس امر کا اظہار کیا کہ ایم ٹی اے سٹاف کا خیر مقدم اور طلباء سے خوش خلقی سے پیش آنا قابلِ تحسین تھا۔ دوپہر کے کھانےکے بعد تمام طلباء کی گروپ فوٹوز ہوئیں اور دوپہر اڑھائی بجے واپسی کے لیے روانگی ہوئی۔ روانگی سے قبل کوآرڈینیٹر صاحب وہاب آدم سٹوڈیوز نے تمام طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں محنت اور شوق سے قرآن کریم حفظ کرنے کی طرف توجہ دلائی اور اجتماعی دعا کروائی۔ خدا کے خاص فضل و کرم سے ہمارا یہ تفریحی و معلوماتی سفر ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ تفریح کے ساتھ ساتھ طلباء کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ قارئین کی خدمت میں درخواستِ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس معلوماتی وتفریحی سفر کے خوشکن نتائج پیدا فرمائے اور جملہ اساتذہ و طلبائے مدرسہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منشاء کے مطابق عمل پیرا رہیں۔ آمین

(رپورٹ۔ حافظ مبشر احمد جاوید مبلغ و انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button