افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے واٹرلو Waterloo ریجن میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ اور ریفریشر کورسز

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

ریفریشر کورسز ائمہ کرام و عربک اساتذہ

مکرم افتخار احمد گوندل صاحب ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تحریر کرتے ہیں، کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 15 اور 16؍اکتوبر کو واٹرلو ریجن میں ائمہ کرام اور عربی پڑھانے والے اساتذہ کا ایک ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔

رجسٹریشن کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن دس بجے تلاوت قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا۔ جس کے بعد مکرم سلیمان بنگورا صاحب ریٹائرڈ پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول نیوٹن نے اس پروگرام کا مقصدا ور اہمیت بیان کی۔ خاکسار نے جماعتِ احمدیہ میں نظامِ خلافت کی اہمیت اور اس کی برکات اور اس کے ذریعہ سے اشاعتِ اسلام پر تقریر کی۔

اس ریفریشر کورس کے تمام شاملین نے مسجد میں ہی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہِ راست سنا۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور ایک مختصر وقفے کے بعد ہونے والے اجلاس میں تین تقاریر ہوئیں جن کے عناوین درج ذیل ہیں: وفاتِ مسیح علیہ السلام، مقامِ خاتم النبیینﷺ اور مقامِ مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام۔

تمام تقاریر کے بعد حاضرین کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا اور ان کے سوالوں کے جواب دیے گئے۔

نمازِ عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد ایک اور تقریر ہوئی جس کا عنوان صداقت حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام تھا۔ خاکسار نے جماعت کی ترقی و استحکام کے بارے میں بتایا کہ مخالفتوں اور مشکلات کے باوجود خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے ایک صدی سے زائد عرصہ سے اللہ تعالیٰ اپنے فضلوں کی بارش برسا رہا ہے اور یہ جماعت آگے سے آگے بڑھتی چلی جارہی ہے اور ہر سال لاتعداد سعید روحیں آنحضرت ﷺ کے غلامِ صادق کو قبول کرتے ہوئے حقیقی اسلام میں داخل ہورہی ہیں۔

دوسرا اجلاس

16؍اکتوبر بروز ہفتہ دوسرے دن کا آغاز باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر اور درس کی ادائیگی اور ناشتہ کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم وترجمہ سے ہوا۔ اس اجلاس میں طریقِ وضو اور اس کے مسائل، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کا طریق، عیدین ، روزہ، زکوٰۃ ،حج ، نکاح، حق مہر، نمازِ جنازہ، اختلافی مسائل اور جماعت کے مالی نظام کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

بیعت: اس بابرکت پروگرام کی بدولت Masimbra کے غیر ازجماعت امام نے اپنے 11 افرادِ خاندان کے ساتھ بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شمولیت اختیار کی۔

نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس پروگرام کی کل حاضری 53 رہی۔

جلسہ سیرۃ النبی ﷺ

مکرم افتخار احمد گوندل صاحب ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ ، مورخہ 24؍اکتوبر کو احمدیہ مسجد نیوٹن میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم طاہر کروما صاحب نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم محمد کروما صاحب پرنسپل احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول نیوٹن نے کی۔

مکرم اسمٰعیل سانکو صاحب نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفان پیش کیا جس کے بعد اس کا انگریزی ترجمہ پڑھ کرسنایا گیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر خاکسار نے حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے عشقِ رسول ﷺ کے عنوان پر کی اور اس ضمن میں آپؑ کی تحریرات اور واقعات سے اس پہلو پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آنحضرت ﷺ کی محبت کے نتیجہ میں ہی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے۔

پروگرام کی دوسری تقریر مکرم طاہر کروما صاحب نے آنحضرت ﷺ کی زندگی بطور اسؤہ کامل کے عنوان سے پیش کی اور بتایا کے آنحضرت ﷺ کی زندگی کے ہر پہلو میں ہر انسان کے لیے نمونہ موجود ہے جس پر عمل کرکے ہم بہترین انسان اور مسلمان بن سکتے ہیں۔

تیسری تقریر کا عنوان آنحضرت ﷺ کا خطبہ حجۃالوداع تھا۔ یہ تقریر مکرم محمد کروما صاحب نے پیش کی۔

سکول کے تین طلباء نے آنحضرت ﷺ کے بچپن اور جوانی، دشمنوں کی مخالفت اور بائیکاٹ اور آپ کے سفر طائف کے بارے میں مختصر طور پر بتایا۔ تقاریر کے بعد ایک مجلسِ سوال و جواب بھی ہوئی جس میں حاضرین کے سوالوں کے جواب دیے گئے۔

پروگرام کے اختتام پر سکول کے 71 طلباء نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شمولیت اختیار کی۔ نیوٹن ٹاؤن کے علاوہ آٹھ جماعتوں سے 70 افراد نے اس پروگرام میں شمولیت کی اور کل حاضری 380 رہی۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔ نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button