یورپ (رپورٹس)

چھٹا سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ فن لینڈ 2021ء

(فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فن لینڈ)

محض الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار الله فن لینڈ کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ 9و 10؍اکتوبر 2021ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجتماع فن لینڈ کے دارلحکومت ہیلسنکی میں جماعت کے نماز سنٹر میں منعقد ہوا جس میں انصار کی بہت اچھی حاضری رہی۔ انصار نے فن لینڈ کے مختلف اور دُور دراز علاقوں سے بھی اجتماع میں شرکت کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع کے انعقاد کی تواریخ کی منظوری کے بعد اجتماع کی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں۔ اس مرتبہ اجتماع کے کاموں کو مزید بہتر کرنے کے لئے خاص طور پر گزشتہ سالوں کی ریڈ بک کو مد نظر رکھ کر کاموں کی پلاننگ کی گئی جس سے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کے پروگرام بہت کامیاب رہے اور ان کو حاضرین نے بہت سراہا۔

مورخہ 9؍اکتوبر کو اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا، نماز فجر اور ناشتہ کے بعد صبح 10بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قران کریم سے ہوا۔ انصار الله کے عہد اور نظم کے بعد مبلغ سلسلہ انچارج جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہکار صاحب نے حاضرین مجلس سے خطاب کیا جس میں انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں اور تقویٰ کے معیاروں کو بڑھانے کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں خاکسار (صدر مجلس انصار اللہ فن لینڈ) نے حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں اجتماع کے مقاصد اور انصار اللہ کی ذمہ داریوں پر تقریر کی۔

اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں نشانہ بازی اور پنجہ آزمائی کے مقابلہ جات نماز سنٹر میں ہوئےجبکہ دیگر ورزشی مقابلہ جات گراؤنڈ میں ہوئے جن میں 100 میٹر دوڑ، رسہ کشی اور گولہ پھینکنا شامل ہیں۔ اسی طرح ایک والی بال کا مقابلہ انصار کے مابین ہوا اور ایک خصوصی دوستانہ مقابلہ مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ ہوا۔ پھر شام کوپیغام رسانی، پیغام تقلید اور پیغام لامسہ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے ۔ بعد ازاں عشائیہ پیش کیا گیا اور نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔

مورخہ 10 اکتوبر کو اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز علمی مقابلہ جات سے ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم،نظم، اذان، تقریر فی البدیہ اور کوئز کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ اس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا اور نمازِ ظہر و عصرادا کی گئیں۔

اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز تین بجے ہوا جس کی صدارت نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم حافظ عطاءالغالب صاحب نے کی۔ تلاوت، نظم اور انصار الله کے عہد دہرانے کے بعد خاکسار نے امسال منعقد ہو نے والے پروگراموں کی کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھا نے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

بعد ازاں صدر صاحب مجلس نے انصاراللہ کے عہد کو نبھانے اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ کے حالیہ خطابات کی روشنی میں تقویٰ کے معیار بلند کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

الله تعا لیٰ کے فضل سے اس اجتماع کی حاضری 84 فی صد رہی۔ نیشنل صدر صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اس کے ساتھ ہی چھٹا سالانہ اجتماع مجلس انصار الله فن لینڈ خدا تعالیٰ کے فضل دکھاتا ہوا اپنے اختتام کو پہنچا، الحمد لله

(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button