افریقہ (رپورٹس)

اٹھارھویں سالانہ فضل عمر تربیتی کلاس 2021ء برکینا فاسو

(محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ممکن نہیں کے لائحہ عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال کی طرح امسال بھی مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنی سالانہ تربیتی کلاس مورخہ یکم تا 11ستمبر 2021ء جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی الحمدللہ۔ اس تربیتی کلاس میں ملک کے 9ریجنز سے میٹرک لیول کی تعلیم حاصل کرنے والے 23خدام نے حصہ لیا ۔

اس کلاس کی افتتاحی تقریب مورخہ 2 ستمبر2021ء کو صبح دس بجے منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم کونے داؤدا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو تھے۔ آپ نے خدام سے اس تربیتی کلاس میں بھرپور شمولیت کے ساتھ اس کو ہر لحاظ سے کامیاب اور یادگار بنانے کی نصائح کیں۔

تربیتی کلاس کے ہردن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوتا تھا۔ نماز فجر کے بعد درس القرآن کا انتظام تھا۔ اس کے بعدتلاوت و دہرائی کا وقت تھا۔ تدریس کا سلسلہ ناشتہ کے بعد صبح آٹھ بجے سے دوپہر 1 بجے تک پھر نماز ظہر، کھانا اور قیلولہ کے وقفہ کے بعد سہ پہر 3 بجے سے 4بجے تک اورپھر نماز عصر کی ادائیگی کے بعد شام 5بجے تک جاری رہتا تھا۔ اس تدریس کے لیے آٹھ مضامین جن میں ناظرہ قرآن مجید و حفظ قرآن، حدیث، کتب حضرت مسیح موعودؑ، نماز باترجمہ و فقہ، کلام، تاریخ اسلام و احمدیت اور قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ شامل تھے۔ شام 5 بجے سے 6 بجے تک کھیل اور اس کے بعد نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد رات کا کھانا اور پھر نماز عشاء کے بعد ایک مہمان کے ساتھ نشست یا سوال و جواب کی مجلس کا انعقاد کیا جاتا تھا۔

خدام کو دوران تربیتی کلاس جامعہ والا ماحول ہی مہیا کیا گیا۔ ہوسٹل میں رہائش، جامعہ کے کلاس رومز میں پڑھائی، ڈائننگ ہال میں کھانا اور جامعہ کی مسجد میں نمازوں کا انتظام تھا۔

خدام میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے ان کو چار مختلف احزاب میں تقسیم کیا گیا تھا اور ان پر طلباء میں سے ایک نگران مقرر تھا جو ان کی دن بھر کی مصروفیات پر نظر اور نگرانی رکھتا تھا۔ نماز عشاء کے بعد کی نشست میں مختلف مہمانان کرام نے آ کر تربیتی، علمی اور نظام جماعت سے متعلق موضوعات پر لیکچرز دیے اور آخر پر طلباءکے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ ان مہمانان میں مکرم نائب امیر صاحب برکینا فاسو، صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو، نگران جامعۃ المبشرین اور نیشنل عاملہ میں سے مہتمم تعلیم اور معتمد مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ شامل تھے۔ طلبا ءنے بڑے شوق سے ان کے لیکچر سننے کے بعد پھرپور انداز میں سوالات بھی پوچھے۔ اس کلاس کے دوران وقار عمل بھی باقاعدگی سے کروائے جاتے رہے۔

10 ستمبرکو صبح ان خدام کا تربیتی کلاس کے اختتام پر ایک تعلیمی امتحان لیا گیا اور اسی روز شام کو ان شاملین میں سے جامعہ داخلہ کے لیے آئے ہوئے امیدواران کا بھی جامعہ کی انتظامیہ کی طرف سے انٹر ویو لیا گیا جس میں 11خدام نے حصہ لیا ۔

11ستمبر کو صبح گیارہ بجےاس تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب جامعہ کے ہال میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر و مشنری انچارج برکینافاسو تھے۔ آپ نے خدام کو نماز با جماعت پڑھنے، تلاوت قرآن کریم کرنے، خطبہ جمعہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز براہ راست سننےاور دعائیہ خطوط لکھنے کی بابت نصائح کیں اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام میں انعامات اور بقیہ تمام میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ دعا کے ساتھ امسال کی کلاس کا اختتام ہوا۔ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اس تربیتی کلاس میں شامل ہونے والوں سے امیر صاحب نے اپنے خطاب کے دوران مختلف قسم کے دینی معلومات کے متعلق سوالات پوچھے تو اس پر جواب دینے کے لیےتقریباً سب ہاتھ بلند ہوتے تھے الحمدللہ۔ نماز کے بعد تمام شاملین کو کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد سب اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ ان شاملین کو جو تربیتی کلاس کے دوران عبادات، دعاؤں اور تعلیم اسلام کے راستہ پر چلے ہیں اس صراط مستقیم پر قائم رکھے اور خدام الاحمدیہ برکینافاسو کو حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشاء کے عین مطابق تربیت اورمقبول خدمت دین احسن ترین رنگ میں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button