امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی

(لئیق احمد مشتاق ۔ مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ)

خدائے تعالیٰ کے فضل سے اکناف عالم میں پھیلی ہوئی مسیح محمدی کی جماعت ربیع الاوّل کے مہینے میں خصوصی طور پر ہر طرح کی بدعت سے پاک ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ کے جلسے منعقد کرتی ہے، اور عمومی طور پر یہ سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے۔

جماعت احمدیہ سُرینام کو بھی مورخہ 28؍اکتوبر2021ء کو بذریعہ زوم جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن مجید اور ترجمے کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام پیش کیا گیا۔ محترم شمیر علی صاحب نے ’’عورتوں کے حقوق‘‘ کے حوالے سے محسن انسانیتﷺ کے ارشادات پیش کیے۔ خاکسار نے ’’والدین کے حقوق‘‘ کے حوالے سےاحادیث رسولﷺ پیش کیں۔ بعد ازں خاکسار نے ممبران کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے اور اختتامی دعا کروائی۔ اس پروگرام میں 65 افراد جماعت شامل ہوئے۔

تعلیمی ایوارڈز

ہر سال جلسہ سالانہ سُرینام کے موقع پرتعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔ مگر کورونا کی چوتھی شدید لہر کی وجہ سے امسال بھی جلسہ سالانہ کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔ اس لیے معیار پر پورے اترنے والے دس طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مورخہ 30اکتوبر 2021ء کو مسجد ناصر میں مدعو کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ محترم صدر صاحب اور خاکسار نے باری باری علم حاصل کرنے اور سیکھنے سکھانے کے حوالے سے احکام خداوندی اور احادیث رسول ﷺ پیش کیں۔

بعد ازاں صدر صاحبہ لجنہ نے 4طالبات اور خاکسار نے 6طلباء کو اعزازی سرٹیفیکیٹ، نقد انعام اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس کے بعد چار طلباء نے کوروناکی وجہ سے تعلیمی میدان میں پیش آنے والی مشکلات، آن لائن کلاسز اور ان سے استفادے کے طریق پر مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اختتامی دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں 30افراد جماعت شامل ہوئے۔

یکم نومبر کو مقامی روزنامہ ’’داخ بلاد سُرینام‘‘ (Dagblad SURINAME) نےاپنے مرکزی رنگین صفحے پر تصویر کے ساتھ اس تقریب کی خبر شائع کی اور جماعت کے اس اقدام کو سراہا کہ جماعت احمدیہ نے ان حالات میں بھی طلباء کو ایوارڈ دے کر ان کاحوصلہ بڑھایا اور تعلیمی میدان میں ترقی کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔

قارئین الفضل انٹر نیشنل سے جماعت سُرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button