سیرالیون کے Mile-91 ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح و تقریبِ آمین
مکرم ملک قاسم طاہرصاحب ریجنل مبلغ Mile-91 ریجن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو ایک نو مبائع جماعت Masubah (ماسوباہ) Mile-91 ریجن Malal چیفڈم میں ایک نئی مسجد کی تعمیر و افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
مسجد کا مسقف حصہ 30*35 فٹ ہے اور اس میں 250 سے زائد نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد کے ساتھ لوکل مشنری کے لیے ایک مشن ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
اس علاقہ میں یہ جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد ہے۔ اس مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر سے اس علاقہ میں جماعت کا ایک نیا سنٹر قائم ہوا ہے جس سے احبابِ جماعت کی تربیت کے ساتھ ساتھ اردگرد کے علاقہ میں تبلیغی کام کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے قریب کے ایک گاؤں Roplin کے لوگ بیعت کرکے جماعت میں داخل ہوچکے ہیں۔
اس مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر کے جملہ اخراجات مکرم شمشاد احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ نے فراہم کئے۔ اللہ تعالیٰ ان کے نفوس و اموال میں برکت عطا فرمائے ۔ آمین
مسجد کے تعمیری کام کی نگرانی خاکسار (قاسم طاہر) اور لوکل مشنری مکرم عمر کانو صاحب کو کرنے کی توفیق ملی۔
مورخہ 5؍نومبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک کو افتتاحی تقریب کا آغاز مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا اور نمازِ جمعہ کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔ خطبۂ جمعہ میں مکرم امیر صاحب نے حاضرین کو آنحضرت ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں مساجد کی رونق اور آبادی کے موضوع پر نصائح کیں۔
اس تقریب میں چیفڈم چیف امام، 17غیراحمدی امام، 6جماعتوں کے صدران و سیکرٹریان، ملال چیفڈم کے ریجنٹ چیف کے دو نمائندگان، پیراماؤنٹ چیف مرو چیفڈم کے دو نمائندگان، سیکشن چیف، سیکشن چیف امام، چیفڈم چیف آرگنائزر، دو سیکنڈری سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ، چار سکولوں کے ہیڈ ٹیچرزو اساتذہ اور علاقے کے پولیس آفیسر شامل ہوئے۔ کل حاضری 410 رہی۔ بعد ازاں احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
تقریبِ آمین
مسجد کے افتتاح کے موقع پر قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے 20 احباب جن میں 3انصار، 3خدام، 10اطفال اور 4ناصرات شامل تھے کی پروقار تقریبِ آمین ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے احباب سے قرآنِ کریم سنا اور دعا کروائی۔ اس موقع پر والدین کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
اس تقریب میں اطفال و ناصرات نے حضرت مسیحِ موعودؑ کے قصیدہ کے کچھ اشعار نہایت خوش الحانی کے ساتھ زبانی پیش کیے۔ اس کے علاوہ اطفال و ناصرات نے سادہ نماز، نماز باترجمہ اور اپنے اپنے عہد بھی پیش کیے۔
اس تقریب کی حاضری ایک ہزار سے زائد تھی۔ اس تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تقریب بہت سے غیر احمدی احباب و خواتین کے لیے تبلیغ کا باعث ہوئی۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم مکمل کرنے والے احباب کو باقاعدہ تلاوت کرنے والا اور قرآن کے حکموں پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین