افریقہ (رپورٹس)

تقریب سنگ بنیاد مسرورسنٹر فار ہیلتھ کیئر، آئیوری کوسٹ

ہیومینٹی فرسٹ، جماعت احمدیہ عالمگیر کا ایک ایسا فلاحی ادارہ ہے جو کہ دنیا بھر میں اپنی بے لوث خدمت انسانیت کے تحت جانا جاتا ہے، جس کے شروع کیے گئے پراجیکٹس میں سے ایک گلوبل ہیلتھ (global health) پروگرام بھی ہے جس کے تحت تاحال دنیا کے مختلف مقامات میں 8ہسپتال یا میڈیکل سنٹرز کا قیام عمل میں آچکا ہے جس میں ایک ناصر ہسپتال گوئٹے مالا بھی شامل ہے۔ چنانچہ اسی سلسلہ میں ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے مغربی افریقہ کے ملک آئیوری کوسٹ (Côte d’Ivoire) کے شہر آبی جان (Abidjan) کی سوسائٹی یپوگوں میں واقع جماعتی جگہ بنام مہدی آباد میں کل 3000 مربع میٹرکی قطعہ اراضی پر ایک بہترین طبی سہولیات سے لیس ہسپتال بنام مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر (Masroor centre for healthcare) کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کا آغاز اگرچہ کچھ ماہ قبل کیا گیا تھا جس کے تحت ابتداءً قطعہ اراضی کی چار دیواری مکمل کی گئی۔

تاہم اس ہسپتال کا باقاعدہ طور پر سنگ بنیاد مورخہ 27؍نومبر 2021ء بروز ہفتہ رکھا گیا۔ اس سلسلہ میں مہدی آباد میں باقاعدہ طور پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افراد کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ کے آفیشلز و دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کے لیے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم ڈاکٹر شبیر احمد بھٹی صاحب وائس چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کو اپنا نمائندہ بنا کر بھیجا۔ اس پر وقار تقریب کا انعقاد باقاعدہ طورپر تلاوت قرآن کریم سے کیاگیا بعدازاں امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نیز دیگر ہیومینٹی فرسٹ کے نمائندگان نے حاضرین کو اس پراجیکٹ کے متعلق باقاعدہ طور پر آگا ہ کیا۔

سنگ بنیاد کے لیے اینٹ قادیان دارالامان سے بطورخاص لائی گئی جس پر پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےبطور برکت دعا بھی پڑھی۔ تقریب سنگ بنیاد میں قادیان سے بطور برکت آئی اینٹ کو پہلی اینٹ کے طور پرمکرم شبیر احمد بھٹی صاحب نے نصب کیا۔ جس کے بعد مزید 17 افراد نے اینٹ لگانے کی سعادت پائی جن میں چند ایک مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ،مکرم نصیر دین صاحب ڈائریکٹر برائے فنڈ ریزنگ ہیومینٹی فرسٹ،مکرم ڈاکٹر سید اسلم داؤد صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا، مکرم ڈاکٹر عزیز حفیظ صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ یوکے، مکرم ڈاکٹر احمد کولیبالی سی ای او ہیلتھ کیئر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، مکرم وترا یحییٰ صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، مکرم ماجد خان صاحب سی ای او ہیلتھ کیئر ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل، مکرم وقاص ظفر صاحب سول انجنیئر برائے ہسپتال، مکرم رافع احمد صاحب مبلغ سلسلہ نیز تینوں ذیلی تنظیموں کےنیشنل صدران و دو نمائندگان برائے بچگان بھی شامل تھے۔ تقریب سنگ بنیاد کے بعد باقاعدہ طور پر دعا کروائی گئی اور اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد شاملین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔

اس ہسپتال کی تعمیر کے پلان میں 2024ء تک ہسپتال کی عمارت کی تعمیر ور نگ وروغن کا کام مکمل کرنے کے ساتھ اسے میڈیکل آلات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ جبکہ اس ہسپتال میں کئی ایک شعبہ جات کا قیام عمل میں آئے گا جس میں سنٹر برائے گائناکالوجی، بچگان، نیوٹریشن، آئی سنٹر، جنرل فزیشن، ڈائیلائسز، ریڈیالوجی، لیبارٹری، دو آپریشن تھیٹر، 30 بستر پر مشتمل کمرے، سیمی پرائیویٹ رومز، پرائیویٹ کمرے، ڈلیوری رومز، فارمیسی و کیفیٹیریا وغیرہ شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہیومینٹی فرسٹ کی اس مساعی میں خاص برکت ڈالے نیز خدمت انسانیت کے اس پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنی تکمیل کے بعد تمام ڈاکٹرز و دیگر عملہ کو صحیح رنگ میں انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت یہاں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور آئیوری کوسٹ کے عوام کے لیے بھی اسے نفع رساں ادارہ بنائے نیز ہیومینٹی فرسٹ کو آئندہ بھی خدمت انسانیت کے کاموں کو آگے سے آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button