یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سویڈن کا تین روزہ جلسہ سیرت النبیﷺ

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ازراہ شفقت اجازت سے جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال مورخہ 17تا 19؍ستمبر 2021ء تین روزہ نیشنل جلسہ سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت تینوں دن مہمان مقررین کی شمولیت کی بھی اجازت عطا فرمائی ۔ الحمد للہ

سہ روزہ پروگرام میں مبلغین اور مہمانوں کی تقاریر کے علاوہ نوجوانوں سے احادیث کی روشنی میں مختلف موضوعات پر سویڈش اور انگلش زبان میں Presentations بھی تیار کروائی گئیں۔ اسی طرح چھوٹے بچے اور بچیوں سے سیرت النبیﷺ کے موضوع پر احادیث، اشعار و اقتباسات حضرت مسیح موعودؑ بھی ریکارڈ کروائے گئے۔ اسی طرح سویڈش زبان میں ایک ڈسکشن پروگرام بھی رکھا گیا جس میں تین ممبرز نے 5 مختلف احادیث کی روشنی میں 5 سوالات جو کہ مغربی معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں پر گفتگو کی۔ پروگرام میں حضور انور ایدہ اللہ کے اپنے الفاظ میں مختلف خطبات سے سیرت النبیﷺ کے حوالے سے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے جو کہ تمام شاملین کے ایمانوں میں ترقی کا باعث بنے۔

پروگرام روزانہ 2 گھنٹے کا رکھا گیا۔ جس میں تقاریر کے درمیانی وقفہ میں بچے بچیوں اور خدام کے ریکارڈ کی گئی احادیث، اقتباسات اور اشعار چلائے جاتے رہے۔ جس سے پروگرام میں دیکھنے والوں کی دلچسپی بہت بڑھی۔ اسی طرح ان پروگرامز کو تیار کرنے والے بچے، بچیوں اور نواجوانوں کی تربیت بھی ہوئی۔

پروگرام کا آغاز مورخہ 17؍ستمبر بروز جمعۃالمبارک شام چھ بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد محترم آغا یحی خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نےافتتاحی تقریر میں پروگرام کے انعقاد کے مقصد کو بیان کیا اوربتایا کہ اس وقت دنیا میں بے دینی کی طرف رغبت بڑھی ہوئی ہے اور اسلام مخالف طاقتیں حضور ﷺ کی ذات پر حملے کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہی ہیں اور اس پاک وجود حضرت محمد ﷺ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ اس صورتحال میں امام جماعت احمدیہ نے جماعت احمدیہ کو یہ تحریک فرمائی کہ کثرت کے ساتھ سیرت النبیﷺ کے جلسے منعقد کیے جائیں اور آنحضورﷺ کی سیرت کو زیادہ سے زیادہ دنیا کے سامنے بیان کیا جائے۔ اس تحریک کے ماتحت جماعت احمدیہ عالمگیر کی طرح جماعت احمدیہ سویڈن کو بھی ایک مرتب پروگرام کے تحت تین دن کا جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔

تین روزہ پروگرام کے پہلے دن کے مہمان مقرر مکرم فرید احمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا تھے۔ آپ نے ‘آنحضور ﷺ ہمارے لیے کامل نمونہ ہیں’ کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ آنحضور ﷺ کی ذات ہمارے لیے مکمل اور کامل نمونہ ہے۔ ہمیں آنحضورﷺ کی سیرت و سوانح کو اس پہلو سے دیکھنا ہو گا جس پہلو سے قرآن کریم ہماری راہنمائی فرماتا ہے اور جس طرح آنحضور ﷺ کے صحابہ نے اسے دیکھا اور سمجھا اور اپنی زندگیوں میں اس نمونہ کے ذریعہ ایک انقلاب پیدا کر کے دکھایا۔ آپ نے کہا کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بھی آج کل صحابہ کی زندگیوں کے بارے میں بیان فرما رہے ہیں کہ کیسے انہوں نے اسوہ حسنہ کو سمجھا اور اس کےذریعہ اپنی ذات میں پاک تبدیلی پیدا کر کے دکھائی۔

دوسرے دن کے مہمان خصوصی مکرم عبداللہ ڈبہ صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ تھے۔ آپ نے ‘آنحضور ﷺ اور خدمت خلق’ کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے بتایا کہ سیرت النبیﷺ کے ان جلسہ جات سے صحیح رنگ میں فائدہ تبھی اٹھایا جا سکتا ہے جب ہم سب آنحضور ﷺ کی شخصیت کو پہلے اپنے اندر جذب کریں اور پھر دوسروں کو اس بارے میں بتائیں۔ آنحضور ﷺ کی سیرت کو اختیار کر کے ہی ہم حضور ﷺ کی نمائندگی کر سکیں گے اور حضرت مسیح موعودؑ کے مشن کو پورا کرنے والے بنیں گے۔

تیسرے دن کا اجلاس محترم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن کی صدارت میں ہوا۔ آج کے مہمان خصوصی مکرم نثار آرچرڈ صاحب تھے۔ آپ نے آنحضور ﷺ بطور خاوند کے عنوان پر تقریر کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ سب سے اہم چیز تعلیمات پر عمل کرنا ہے ۔ علم بہت حاصل کیا جاسکتا ہے مگر جس چیز کی ضرورت ہے وہ اس تعلیم پر عمل کرنا ہے تاکہ ہم ایک کامیاب زندگی گزار سکیں۔ آنحضور ﷺ تمام انسانوں کے سردار تھے ہمیں اپنی ذاتی زندگی اور عائلی زندگی کو کامیابی سے گزارنے کےلیے آنحضورﷺ کے نمونے کو اختیار کرنا ہوگا۔ آپ نے واقعات کی روشنی میں آنحضور ﷺ کے اپنی بیویوں سے حسن سلوک کے بارے میں بتایا۔

مہمان مقررین کے علاوہ مبلغین کرام سویڈن کی طرف سے آنحضور ﷺ کا تعلق باللہ، آنحضور ﷺ کی تبلیغ اور آنحضورﷺ کی دوسرے انبیاء پر فضیلت کے عناوین پر پراثر تقاریر کی گئیں۔ مکرم امیر صاحب سویڈن نے اپنے اختتامی کلمات میں مہمان گرامی اور مربیان کرام کا شکریہ ادا کیا اور شاملین کو بتایا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ازراہ شفقت اجازت سے جماعت سویڈن کو تین روزہ جلسہ سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں میں آنحضور ﷺ کی محبت کو بڑھاتا چلا جائے اور ہمیں روزانہ درود پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔ آخر پر مکرم نثار آرچرڈ صاحب نے دعا کروائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تین روزہ پروگرام سب احباب جماعت نے بہت پسند کیا۔ یہ پروگرام ایم ٹی اے سویڈن کی ٹیم کی مدد سےیوٹیوب اور فیس بک پر لائیو نشر کیا گیا۔ بچیوں سے ریکارڈنگز کروانے میں نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ اور ان کی ٹیم نے بھرپور تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزا

یوٹیوب کا لنک احباب جماعت سویڈن کو روزانہ بھجوایا جاتا رہا۔ جس کے نتیجہ میں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے یوٹیوب پر لائیو پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ یوٹیوب پر اس پروگرام کو تقریباً چار ہزار چار سو سے زائد لوگوں نے دیکھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام بہت کامیاب رہا۔

قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو آنحضورﷺ کے اسوہ پر چلتے ہوئے اپنی زندگیاں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم اپنے نیک نمونے سےدوسروں کو آنحضور ﷺ کے پاک اسوہ سے روشناس کروانے والے ہوں۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button