ایشیا (رپورٹس)

دوسرا سالانہ اجتماع نومبائعین جماعت احمدیہ بنگلہ دیش

خدا تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے مرکز ڈھاکہ میں مورخہ 19تا 21؍نومبر 2021ء تین روزہ اجتماع نومبائعین منعقد ہوا۔ اجتماع میں ملک بھر سے کل 291 نومبائعین اور مہمانان تشریف لائے۔ آنے والوں میں 202مرد، 62خواتین اور 27مہمان شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کے دوران مہمانوں میں سے 8 احباب نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق پائی۔ فالحمد للہ علی ذالک۔

اجتماع کی کارروائی 19؍نومبر بروز جمعہ نماز جمعہ کے بعد دوپہر 3بجے مکرم نیشنل امیر بنگلہ دیش مولانا عبد الاوّل خان چودھری صاحب کی صدارت میں شروع ہوئی۔ مکرم جمال الدین صاحب نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی دعا کروائی۔ بعد ازاں نومبائعین نے اپنا تعارف کروایا اور بیعت کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ آخر پر امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

پہلے روز شام سات بجے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ سنایا گیا۔ بعد ازاں نومبائعین سے خطبہ کے حولے سے سوالات کیے گئے اور ان میں سے صحیح جواب دینے والے 20 احباب کو انعام کے طور پر جائے نماز دیے گئے۔

مورخہ 20 و 21؍نومبر کی صبح تربیتی کلاسز کا انتظام تھا۔ مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب، مولانا شیخ مستفیض الرحمان صاحب اور مولانا محمد سلیمان صاحب نے نماز باترجمہ، نوافل، دعا، درود، نظام خلافت، مالی قربانی اور تبلیغی مسائل کے موضوعات پر کلاسز لیں۔

خواتین کے لیے الگ کلاسز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مرد حضرات کے لیے تربیتی امور پر Interactive نشستیں رکھی گئی تھیں۔ اسی طرح الگ الگ گروپس کی صورت میں ایک نشست ہوئی۔ ہر گروپ کے ساتھ نیشنل عاملہ کے دو دو سیکرٹریان کو بغرض ذاتی تعارف بٹھایا گیا تھا۔ یہ انتظام بہت مفید ثابت ہوا۔ کل 35 جماعتوں اور 59 مقامات سے نومبائعین تشریف لائے تھے۔ سب کے سب خوش تھے اور شکریہ ادا کر رہے تھے۔ سب نے ایمان افروز واقعات سنائے۔

تیسرے روز 21؍نومبر کو نماز ظہر و عصر کے بعد اڑھائی بجے نومبائعین اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اس میں تلاوت قرآن کے بعد مکرم سیکرٹری صاحب اجتماع کمیٹی جناب شریف الحکیم صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری وقف جدید نومبائعین مولانا شاہ محمد نور الامین صاحب نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ دعا سے یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ اجتماع ہر لحاظ سے بابرکت ثابت ہو اور تمام نومبائعین کو صحیح معنوں میں احمدیت کا خادم بنائے۔ آمین

(رپورٹ: نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button