حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(03؍جنوری ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 290,674,879

صحت یاب ہونے والے: 254,635,242

وفات یافتگان: 5,461,798

٭…مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازیوں اور زائرین میں سماجی فاصلے پر عملدر آمد کا آغاز کردیاگیا ہے۔ حرمین انتظامیہ نے مزید کہا کہ مطاف میں سماجی فاصلےکو برقرار رکھنے کے لیے پہلے کی طرح ٹریک بنادیے گئے۔ زائرین کو ماسک کی پابندی اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا۔

٭…برطانیہ کو یورپی یونین سے الگ ہوئے ایک سال مکمل ہونے کے باوجود بھی لوگوں کے ذہنوں میں مختلف آرا موجود ہیں کہ یہ ملک کے لیے ضروری تھا یا پھر غلطی۔ ایک سروے کے مطابق ہر 10 میں سے 6 ووٹرز کو لگتا ہے کہ بریگزٹ کا معاملہ ان کی توقعات سے زیادہ برا ہوا۔ اس دوران ملکی معیشت کو 14 بلین پاؤنڈز کا نقصان، افراطِ زر، مہنگائی اور بےروزگاری کے ساتھ ساتھ ملکی یک جہتی کو بھی دھچکا لگا تھا۔

٭…غزہ کے شہر خان یونس کے قریب حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے حملوں میں حماس کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملوں میں متعدد عمارتیں تباہ اور اموات کا بھی خدشہ ہے۔ فلسطینی شہر بیت لیہ کے قریب بھی اسرائیلی توپ خانے سے بمباری ہوئی۔

٭…اسرائیلی وزارت دفاع کا کہناہے کہ امریکہ کے ساتھ3.1 ارب ڈالرز مالیت کے 12 لاک ہیڈ مارٹن ہیلی کاپٹرز اور 2 بوئنگ ری فیولنگ طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔حالیہ معاہدہ فضائیہ کی صلاحیتوں کو اَپ گریڈ (upgrade)کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ ہیلی کاپٹرز 2026ء میں اسرائیل پہنچیں گے۔

٭…اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی افغانستان کے لیے انسانی امداد سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی ادائیگی، دیگر مالیاتی اثاثوں یا اقتصادی وسائل اور امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے یا ضروری سامان اور خدمات کی اجازت ہے۔ اس طرح کی امداد افغانستان میں بنیادی انسانی ضروریات سے متعلق ہے اور یہ طالبان سے منسلک اداروں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ قرارداد کی منظوری عالمی برادری کا پیغام ہے کہ ہم افغان عوام کی مدد کے لیے متحد ہیں۔

٭…افغانستان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے افغانستان میں خواتین کے تنہا طویل سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان خواتین کو کسی مرد رشتے دار کے بغیر طویل فاصلے کا سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

٭…جمعرات کی شب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو متنبہ کیا ہے کہ یوکرین کے مسئلے پر نئی پابندیوں کی صورت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بُری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔ روس پر نئی پابندیاں ’بہت بڑی غلطی ہوگی۔‘ دوسری طرف بائیڈن نے پوتن کو باور کرایا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین میں مداخلت کی صورت میں فوری طور پر ردعمل دیں گے۔ ایک گھنٹہ طویل یہ کال رواں ماہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس نوعیت کی دوسری ایسی گفتگو ہے۔ تاہم روس میں خارجہ پالیسی کے مشیر نے رپورٹرز کو بتایا کہ پوتن اس بات چیت سے ’خوش‘تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے مستقبل میں بات چیت کے لیے ’اچھا پس منظر‘ملا ہے۔ ایک سینیئر امریکی اہلکار نے بتایا کہ اس بات چیت کا لہجہ ’سخت اور معنی خیز‘ تھا۔

٭…انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل سے فلسطینی بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوموں کا بچپن مت چھینو، تعصب اور تشدد بند کرو، فلسطینی بچوں کو تحفظ فراہم کرو۔ 7 سال کی عمر سے دنیا بھر میں صحافت کے ذریعہ سے دھوم مچانے والی بہادر فلسطینی لڑکی جَنّیٰسمیت ہزاروں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایمنسٹی نے دنیا بھر سے لوگوں کو اسرائیل کے خلاف احتجاجی مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔

٭…امریکی ریاست کولوراڈو کی بولڈر کاؤنٹی (Boulder County) کے جنگلات میں تاریخ کی خطرناک ترین اور تباہ کن آگ سے سیکڑوں گھر جل کر خاک ہوگئے ہیں۔ آگ کے باعث 30 ہزار سے زائد افراد نے جان بچانے کے لیے نقل مکانی کی جبکہ 550 گھر تباہ ہوچکے ہیں جس کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔امریکہ، بولڈر کاؤنٹی کو تباہ کن آگ نے گھیر لیا۔ یاد رہے کہ بولڈر میں سال 2013ء میں 500 گھر جل گئے تھے۔

٭…بیلجیم میں نیو ایئر نائٹ پر صرف دارالحکومت برسلز میں 400 سے زائد مرتبہ پولیس کو مختلف وجوہات کی بنا پر مداخلت کرنا پڑی۔ اومی کرون کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی روک تھام کی غرض سے حکومت نے اس دن کسی بھی جگہ پر جمع ہونے اور آتش بازی سے منع کیا تھا۔ اس دوران 100 سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں آئیں، جبکہ 6 گاڑیوں سمیت عوامی بس شیلٹر، ڈَسٹ بِن اور مختلف اشتہاری کمپنیوں کی اشیاء کو آگ لگا دی۔ مجموعی طور پر 72 مرتبہ فائر بریگیڈ اور 120 مرتبہ ایمبولینس کو بلانا پڑا۔

٭…وسطی افریقی ملک کانگو کے مشرقی حصے میں طیارہ گر کرتباہ ہوگیا، حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں عملے کے 2 افراد اور ایک مسافر شامل ہے جبکہ طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

٭…ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں پاسداران انقلاب گارڈز اور مسلح ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 مسلح ڈاکو سردار سمیت مارے گئے جبکہ پاسداران انقلاب کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے۔ مسلح ڈاکوؤں سے کچھ عرصے سے جھڑپیں جاری تھی تاہم سیستان میں مسلح ڈاکوؤں کے ٹھکانے معلوم کرنے کے بعد پاسداران انقلاب نے ان کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کیا۔ آپریشن میں 5مسلح ڈاکو بھی شدید زخمی ہوئے اور ان کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

٭…یکم جنوری۔ہفتے کے روز امریکہ میں خراب موسم کے باعث 2 ہزار 723 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ دنیا بھر میں منسوخ کی گئی پروازوں کی تعداد 4 ہزار 698 رہی۔ امریکہ میں تقریباً 6 ہزار ڈومیسٹک پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، سب سے زیادہ امریکی ایئرلائن ساؤتھ ویسٹ کو پریشانی کا سامنا ہوا، جس کو اپنا 13 فیصد فلائٹ شیڈول منسوخ کرنا پڑا جبکہ امریکہ کا شکاگو ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا۔ کرسمس ویک اینڈ پر بھی دنیا بھر میں ایئر لائنز کی طرف سے تقریباً 7500پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔

٭…جاپان میں روڈ اور ریل ٹریک دونوں پر چلنے والی دنیا کی پہلی ڈوئل موڈ (dual mode)گاڑی کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ گاڑی دوسری گاڑیوں کی طرح ربر کے ٹائر پر چلتی ہے لیکن جب انٹرچینج پر پہنچتی ہے تو اس کے نچلے حصے میں موجود اسٹیل کے ٹائر ریل ٹریک پر آجاتے ہیں اور گاڑی ٹرین کی طرح چلنے لگتی ہے۔ یہ جدید گاڑی ریل کی صورت میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ روڈ پر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

٭…ایران میں تہران سے آپریٹ ہونے والی 150میگاواٹ سولر سیل فیکٹری کا افتتاح ایرانی وزیر توانائی علی اکبر مہربیان نے کیا۔ سولر سیل فیکٹری خطے میں سلیکون سولر سیل کی پیداوار کرنے والی پہلی فیکٹری ہوگی۔ علی اکبر مہربیان کا کہنا ہے کہ سولر سیل فیکٹری سے ایران قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلیٰ اہداف مقرر کرنے کے قابل ہوسکے گا۔

٭…برطانیہ میں جانوروں پر کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کورونا کے گزشتہ ویرینٹ کے مقابلے اومی کرون پھیپھڑوں کو کم نقصان پہنچاتا ہے۔ ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے افراد کا ہسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ 65 فیصد کم ہے جبکہ ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے اومی کرون ویرینٹ سے متاثر افراد کا ہسپتال میں داخل ہونے کا امکان تقریباً 50 فیصد کم ہے۔ ویکسین کی تین خوراکیں لگوانے والوں کا ہسپتال میں داخل ہونے کی شرح انتہائی کم جبکہ غیر ویکسین شدہ افراد کے مقابلے بوسٹر ڈوز لگوانے والے افراد کا اسپتال میں داخل ہونے کا امکان 81 فیصد کم ہے۔

٭…کرسمس کے بعد آنے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 7دنوں میں دنیا بھر میں 73 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ مختلف ملکوں میں اوسطاً ہر روز 10 لاکھ 45 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ اس طرح دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

٭…سعودی وزارت داخلہ نے حفاظتی اقدامات کے تناظر میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ دوسری جانب سعودی وزارت بلدیات نے اپنے ذیلی اداروں کو تجارتی مراکز میںایس او پیز سے متعلق تفتیشی دورے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

٭…قطر کی وزارت تعلیم کے مطابق کورونا کی وجہ سےسکولوں اور ایلیمنٹری کلاسز میں تدریسی عمل 2؍جنوری سے ایک ہفتے کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ تعلیمی ادارے طلبا ءکے لیے آن لائن کلاسز کو یقینی بنائیں۔ قطری وزارت صحت کے مطابق قطر میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 380کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک شخص کا انتقال ہوا۔

٭…جنوبی افریقہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن کا کورونا ویکسین بوسٹرشاٹ اومی کرون ویرینٹ کیخلاف 84 فیصد مؤثر ہے۔ جس سے اومی کرون مریضوں کو ہسپتال میں داخل ہونے سے 85 فیصد تک تحفظ ممکن ہوا ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں جے اینڈ جے بوسٹر شاٹ کی افادیت جاننے کے لیے 15 نومبر سے 20 دسمبر تک اعداد و شمار جمع کیے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button