افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ 2021ء

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا ایک اور تعلیمی سال اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس ضمن میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد اور تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت اور نظم بزبان اردو اور سواحیلی کے بعد مکرم عزیز احمد شہزاد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ نے دفتر پرنسپل کی جانب سے بزبان اردو کارگزاری رپورٹ پیش کی، جبکہ سواحیلی رپورٹ مکرم شمعون جمعہ صاحب معلم سلسلہ و استاد جامعہ نے پیش کی۔ اس دوران میں حاضرین مجلس کی خدمت میں تصویری جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔ بعد ازاں درجہ ثالثہ کے ایک فارغ التحصیل طالب علم نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اور پھر مہمان خصوصی محترم امیر و مبلغ انچارج صاحب تنزانیہ نے طلبہ، اساتذہ اور مہمانان میں انعامات و اسناد تقسیم کیں اور بعض نصائح کیں۔ آپ نے طلبہ کو اللہ تعالیٰ سے گہری محبت پیدا کرنے کی تلقین کی، جس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کا قرب اور اس کی حفاظت نصیب ہوتی ہے۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے تعلیمی سال 2021ء کی مختصر کارگزاری رپورٹ پیش ہے:

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا آغاز 1984ء میں ہوا۔ اِس وقت جامعہ موروگورو ریجن کے علاقہ کیہونڈا میں واقع ہے۔ جامعہ ایک تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے جہاں طلبہ کی تعلیم کااصل محور قرآنِ مجید ہے اور باقی علوم اس کی شاخیں ہیں۔ان تدریسی مضامین میں تجوید، ناظرہ قرآن مجید، ترجمہ و تفسیر، حدیث، فقہ، کلام، موازنہ، حساب، سواحیلی ا ور تاریخ و سیرت شامل ہیں۔ نیز طلبہ کو عربی، اردو اور انگریزی بھی پڑھائی جاتی ہے۔ دور جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبہ کو کمپیوٹر بھی سکھایا جاتا ہے اور آخری سال کے طلبہ ایک مختصر ریسرچ پیپر بھی لکھتے ہیں۔ جامعہ کا تعلیمی سال دو سمیسٹرز پر مشتمل ہے اور دونوں سمیسٹرز کے اختتام پر باقاعدہ ہر مضمون کا امتحان لیا جاتا ہے۔اور سالانہ رزلٹ دونوں سمیسٹرز میں طلبہ کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل ہوتا ہے۔

ابتدا میں تین سالہ معلم کلاس کا نصاب پڑھایا جاتا تھا، لیکن گزشتہ کچھ سالوں سے بعد از منظوری چار سالہ تعلیمی نصاب جاری ہے۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے بیشتر ممالک کے طلبہ تحصیل علم کے لیے آتے ہیں، جن میں تنزانیہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کینیا، ملاوی، برونڈی اور کانگو شامل ہیں۔

امسال فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد 10 ہے جو تنزانیہ اورکانگو سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے نام ذیل میں درج ہیں

ABDUL-RAHMAN EM-MASANJA MAPOLU

KASONGA BIDUAYA ROBERT

ALLY MUHAMMAD KASWEZI

YASIN ABDALLAH MTEBEA

MBWILU SULEMAN FANNY

KAMBALE FIRDAUS RAMAZAN

HAMISI MPENDA OMARAI

IRFAN MABUMA- MALAMO

QASIM OMARY KIMWAGA

IDRIS TSHIBUABUA JUMA

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے بعض منتخب طلبہ کو بعد از منظوری جامعہ انٹرنیشنل گھانا بھجوایا جاتا ہے۔ اس طرح اب تک جامعہ تنزانیہ سے جامعہ گھانا جانے والے طلبہ کی تعداد 17 ہے۔
جن طلبہ کا امسال جامعہ انٹرنیشنل گھانا کے لیے انتخاب کیا گیا ہے ان کے نام ذیل میں ہیں۔

HUSSEIN MPENDA OMARY

SHABAN IDD SHAHABN

جامعہ میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے اور تربیت کے تعلق میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ طلبہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے تمام خطبات براہ راست دیکھتے اور سنتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی و تربیتی جلسہ جات کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جن میں جلسہ سیرت النبیﷺ، جلسہ یوم مصلح موعودؓ، جلسہ یوم مسیح موعودؑ اور جلسہ یوم خلافت شامل ہیں۔ نیز گاہے بگاہے دیگر ضروری تربیتی امور پر ٹیوٹوریل سیشنز اور تعلیمی و تربیتی لیکچرز بھی دییے جاتے ہیں۔ نیز درس قرآن کریم، درس حدیث اور درس کتب سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ جامعہ کے آخری سال کےطلبہ کے لیے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنا بھی تربیتی سرگرمیوں کا لازمی حصہ ہے۔ امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کے موقع پر لائیو سٹریمنگ کے ذریعے ایم ٹی اے کی وساطت سے براہ راست شرکت کی توفیق بھی ملی۔ الحمد للہ

طلبہ کی جسمانی صحت ا ور نشوونما کے پیش نظر کھیل بھی جامعہ کی روزمرہ کی روٹین کا ایک لازمی جزو ہے۔ روزانہ نمازِ عصر کے بعد کھیل ہوتی ہے۔ جن میں فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور دیگر ورزشی کھیلیں شامل ہیں۔ طلبہ کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جن کے نام امانت، شجاعت اور شفقت ہیں۔ان گروپس کے مابین ابتدائی مقابلہ جات کروا کر سپورٹس ڈے پر ان کے فائنلز کروائے جاتے ہیں۔ امسال سالانہ ورزشی مقابلہ جات 20 اور 21 اکتوبر 2021ء کو منعقد ہوئے۔

ورزشی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ علمی مقابلہ جات بھی کروائے جاتے ہیں جن میں تلاوت قرآنِ مجید، اذان، ادعیۃ القرآن، ادعیۃ الرسول ﷺ، نظم اردو، نظم سواحیلی اور تقریر سواحیلی، تقریر انگلش، تقریر اردو اور تقریر عربی کے مقابلہ جات شامل ہیں۔

جامعہ کی غیر نصابی سرگرمیوں میں وقار عمل ایک اہم اور بہت بنیادی تربیتی جزو ہےجس کے ذریعے تربیت کے ساتھ ساتھ جماعتی اموال کے احساس اور ان کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط کی روح پیدا کرنا بنیادی مقصد ہے۔ امسال وقار عمل کی تعداد 50 سے زائدہے جن میں جامعہ اور اس سے منسلکہ احاطہ، مسجد اور اس سے منسلکہ احاطہ، جامعہ گراوٴنڈ اور احمدیہ پری انیڈ پرائمری سکول کے احاطہ میں وقار عمل کیا گیا۔ اور ان وقار عمل کے ذریعے 3 ملین شیلنگز سے زائدرقم کی بچت ہوئی۔ نیز جامعہ کو امسال لوکل یونین کونسل کے ہسپتال میں 2 بار وقار عمل کرنے کی بھی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ سیکنڈری سکول کیہونڈا میں نئی کلاسز کی تعمیر کے موقع پر جامعہ کو وہاں بھی وقار عمل کرنے کی توفیق ملی۔ نیز جامعہ نے اپنی مدد آپ کے تحت جامعہ کے احاطہ میں سبزیاں، پھل اور دیگر اجناس بھی اگائی ہوئی ہیں۔ اس پروگرام سے بھی جامعہ کو کھانے کی مدّ میں 2 ملین شیلنگز کے قریب رقم کی بچت ہوئی۔ ان تمام سرگرمیوں سے 5 ملین شیلنگز سے زائد کی رقم کی بچت ہوئی۔ علاوہ ازیں جامعہ میں موجود باغ احمدمیں 100 نئےپھل دار پودے بھی لگائے گئے۔ الحمد للہ۔

تبلیغ بھی جامعہ کی ایک بنیادی سرگرمی ہے۔ امسال 11 تبلیغ ڈے منائے گئے اور 19 بار لوکل اتوار بازار saba saba میں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ ان سرگرمیوں سے 4 ملین شیلنگز کے قریب جماعتی لٹریچر فروخت ہوا اور چھ ہزار سے زائد افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ نیز امسال 26 طلبہ کوتنزانیہ کے مختلف ریجنز میں وقف عارضی کرنے کی بھی توفیق ملی۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو حسب استطاعت مالی قربانی کی بھی توفیق ملتی رہتی ہے۔ جامعہ کو مالی سال 2020۔ 21 میں اپنے چندہ جات کے بجٹ جو کہ 17,948,100/- تھا ، کو مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ اسی طرح چندہ تحریک جدید اور وقف جدید کے وعدہ جات کی تکمیل کی بھی توفیق ملی۔ چنانچہ جامعہ کو جولائی 2020ء تا جون 2021ء مختلف مدات کی مد میں کل 24,525,200/- شیلنگز کی مالی قربانی کی توفیق ملی۔الحمد للہ۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ اپنے ملک و قوم کی خد مت میں اپنا کردار بھی ادا کرتا ہے۔ امسال عید الفطر کے موقع پر جامعہ کو اپنی لوکل یونین کونسل میں 120 کے قریب گھرانوں میں عید گفٹس تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔اس تقریب میں موروگورو کے ڈسٹرکٹ کمشنر بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوئے۔ مہمان ِخصوصی کو قرآن مجید کا سواحیلی ترجمہ بطور تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

نیز بقر عید کے موقع پر جامعہ کو 29بکرے قربان کرنے کی توفیق ملی۔ اس قربانی کے گوشت کا تحفہ جامعہ کے کارکنان، جامعہ کے اساتذہ، طلبہ جامعہ اور احباب جماعت، سکول سٹاف اور قرب و جوار کے افراد میں تقسیم کیا گیا۔نیز جامعہ انتظامیہ نے ایک وفد کی صورت میں جا کر قربانی کے عید گفٹس موروگورو ریجن کے ریجنل کمشنر اور سٹاف،ریجنل ایدمنسٹریٹو سیکرٹری اور سٹاف، ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو اور سٹاف،ڈسٹرکٹ ایدمنسٹریٹو سیکرٹری اور سٹاف،، ریجنل پولیس آفیسر اور سٹاف،ڈسٹرکٹ سی آئی ڈی آفیسر اور سٹاف،ریجنل امیگریشن آفیسر اور سٹاف، میڈیکل آفیسر آف موروگورو ریجنل ہاسپٹل،میئر آف موروگورو اور سٹاف،میونسپل ڈائیریکٹر اور سٹاف،آفیسر آف ایجوکیشن، یونین ناظم اور لوکل یونین آفس، SOBER HOUSE (نشے کے عادی افراد کی نگہداشت کا ادارہ)، دو بینکوں کے عملہ، ڈیوٹی پر معمور ٹریفک پولیس اہل کاروں اور موٹر رکشہ ڈرائیورز میں تقسیم کیے۔ جامعہ کے ان پروگرامز کی خبریں الیکٹرانک ، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی شائع ونشر ہوئیں ۔

اس کے علاوہ جامعہ کو اپنی لوکل یونین کونسل میں موجودگورنمنٹ سیکنڈری سکول کے نئے بلاک کی تعمیر کے موقع پر 25 سیمنٹ کی بوریاں بھی پیش کرنے کی توفیق ملی۔ یونین کونسل کے ہسپتال اور سیکنڈری سکول میں وقار عمل کرنے کا ذکر اوپر ہو چکا ہے۔ نیز موروگورو کی میونسپل کونسل کےمیڈیا سیکشن CHOMBO HURU کو جامعہ کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ شیلنگز کی مالیت کی شرٹس کاعطیہ بھی دیا گیا ۔علاوہ ازیں سولر واٹر پروجیکٹ کے ذریعہ روزانہ اوسطاً 75 سے 100 گھرانے پانی کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

جامعہ انتظامیہ،جامعہ میں خدمت کے ساتھ ساتھ احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول میں بھی خدمت سر انجام دیتی ہے۔ اور سکول کے جملہ امور میں رضاکارانہ خدمت بجا لاتی ہے۔ امسال سکول میں ہال کی تعمیر عمل میں آئی۔ احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول کی ساتویں کلاس کو پہلی بار نیشنل امتحانات میں بیٹھنے کی توفیق ملی۔ اور الحمد للہ تمام طلبہ نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔اسٹینڈرڈ سیون کی گریجویشن جامعہ ہال میں منعقد ہوئی۔ امسال سکول میں 3 نئے اساتذہ کا اضافہ ہوا۔اس وقت سکول میں کل 16 اساتذہ پر مشتمل سٹاف کام کر رہا ہے۔ جن میں 14 فل ٹائم اور 2والنٹیئر ز اساتذہ ہیں۔علاوہ ازیں 5کارکنان کا عملہ بھی ہے۔

اسی طرح جامعہ کے اساتذہ و طلبہ کو ایم ٹی اےافریقہ میں پروگرام ریکارڈ کروانے کی بھی توفیق ملتی رہتی ہے۔ اس طرح امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جامعہ گھانا سے فارغ التحصیل ہونے والے مبلغ سلسلہ مکرم ایاز احمد ڈوگر صاحب کی جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں بطور استاد تقرری منظور فرمائی۔الحمدللہ

امسال نئے ہونے والے کاموں میں جامعہ کے احاطہ اور سکول کے احاطہ میں IAAAE کے تعاون سے 10 سولر سٹریٹ لائٹس لگیں ۔ نیزجامعہ میں موجود سولر واٹر پروجیکٹ کے پمپ کی خرابی کے بعد IAAAE کے تعاون سےہی BORE HOLE کی فلشنگ اور اس میں نئے پمپ کی INSTALLATION عمل میں آئی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

علاوہ ازیں جامعہ کے احاطہ میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے کی غرض سے CCTV کیمرے بھی نصب کیے گئے جن کے ذریعے آن لائن بھی جامعہ کے احاطہ کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جامعہ کے احاطہ میں PAVING TILES بھی لگائیں گئیں۔ PAVING TILES کے کام میں جامعہ کے بعض اساتذہ و طلبہ نے دن رات انتھک محنت کرکے اس کام کو بڑی دلجمعی سے سرانجام دیا۔اور جامعہ کے ماحول کوصاف ستھرا اور مزید خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ا س سرگرمی سے 1.6 ملین شیلنگز کی بچت ہوئی۔ یہ بچت وقار عمل کے ذریعے ہونے والی بچت کے علاوہ ہے۔ مزید برآں جامعہ کی MAIN ENTRANCE والے روڈ کے دونوں اطراف ROAD EDGES کی تعمیر کرکے اس پر رنگ و روغن کیا گیا۔ جس سے جامعہ کے ماحول کی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔امسال جامعہ کی کمپیوٹر لیب کو اپ گریڈ کرکے اس میں 2مزید کمپیوٹرز اور ایک لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ایک عدد بڑی فوٹو کاپی مشین کا اضافہ بھی ہوا۔

نیز ایک مشن ہاؤس کیREHABILITATION بھی ہوئی۔جامعہ میس کےسٹور میں نئے شیلف کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح جامعہ اور سکول میس میں10 نئے ڈائننگ ٹیبلز اور 20 نئے بینچز کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ لائبریری جامعہ احمدیہ میں تقریباً ڈیڑھ ملین شیلنگز کی نئی ریفرنس بکس کا اضافہ بھی کیا گیا۔ جامعہ کے سائن بورڈ کو نئے ڈیزائن سے آراستہ کیا گیا۔ اسی طرح جامعہ کی MAIN ENTRANCE پر نیا گیٹ نصب کیا گیا۔

جامعہ گریجوایشن کی اس تقریب میں تنزانیہ کے مختلف ریجنز سے مبلغین اور دیگر مہمانان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں محترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے اظہار تشکر کیا۔

اس تقریب کا اہتمام بعد از نماز مغرب و عشاء جامعہ کے باغیچہ میں کیا گیا۔ جس کے لیے قبل از وقت خصوصی وقارعمل کے ذریعہ تزئین و آرائش ، مناسب روشنی اور تیاری اسٹیج وغیرہ امور سر انجام دیے گئے۔

تقریب کے اختتام کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ وہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے ۔اور اس میں خدمت انجام دینے والوں کو جزا ئے خیردے اور اس ادارے سے پاس ہوکر میدان عمل میں خدمت بجا لانے والوں کا حامی و ناصر ہو۔ اور ہم سب کو وقف کی روح کو سمجھنے والا اور وقف کے تقاضوں کو پورا کرنے والا بنائے۔اور خلافت احمدیہ کا سچا خادم اور وفادار بنائےاور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہم سے وابستہ توقعات پر کما حقہ پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔اور ہمار ا خا تمہ بالخیر فرمائے۔ (آمین)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button