ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جاپان کا دعاؤں اور تہجد سے نئے سال کا آغاز

(انیس احمد ندیم۔ مبلغ انچارج جاپان)

یُوں تو ہر سال جماعت احمدیہ جاپان نئے سال کا آغاز نمازِ تہجد اور دعاؤں سے کرتی ہے ،لیکن سال 2021ء کا اختتام غیر معمولی طور پر خیر وبرکت کا باعث تھا۔ 31؍دسمبر 2021ء جمعة المبارک کا دن تھا اورجاپان میں نئے سال کی چھٹیوں کی وجہ سے احباب و خواتین اور بچوں کی حاضری غیر معمولی تھی۔ مسجد بیت الاحد جاپان میں احمدی احباب و خواتین کے علاوہ بعض غیر از جماعت مسلمان احباب بھی نماز جمعہ میں شریک ہوئے۔ نماز جمعہ کے بعد ایک احمدی دوست مرزا حامد بیگ صاحب نے تمام احباب جماعت کی ضیافت کا اہتمام کیا ۔

احبابِ جماعت احمدیہ جاپان کے لیے یہ سال اس لحاظ سے غیر معمولی برکتوں اور رحمتوں کے ساتھ اختتام کو پہنچا کہ نئے سال میں داخل ہونے سے عین پیشتر سیدنا حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے فیضیاب ہونے کا موقع میسر آیا۔ جاپان میں خطبہ جمعہ رات دس بجے شروع ہو کر تقریبا ًگیارہ بجے اختتام کو پہنچتا ہے۔ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے 31؍دسمبر کے خطبہ جمعہ میں احباب جماعت کو دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے نماز تہجد کے قیام کی طرف خصوصاً متوجہ فرمایا۔ گو کہ جماعت احمدیہ جاپان کے شعبہ تربیت کی طرف سے یہ پروگرام تیار ہوچکا تھا کہ دونوں جماعتوں میں سالِ نو کا آغاز نماز تہجد سے کیا جائے گا، لیکن حضرت امیر الموومنین خلیفة المسیح ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ میں دعاؤں اور تہجد کی تازہ تحریک احباب جماعت تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا اور احباب سے درخواست کی گئی کہ حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی تحریک پر لبیک کہتے ہوئے نماز تہجد اور دعاؤں سے نئے سال میں داخل ہوں ۔

مسجد بیت الاحد جاپان سے دور اور مسافت پر بسنے والے احباب نے مسجد میں ہی رات قیام کرتے ہوئے نماز تہجد میں شمولیت کی توفیق پائی۔ مسجد بیت الاحد میں ادا کی جانے والی اجتماعی نماز تہجد کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں جماعت احمدیہ ناگویا کے سب سے کم عمر بچے سید آفان احمد (بعمر تین ماہ) سے لے کر سب سے معمر احمدی محترمہ بلقیس بیگم صاحبہ سمیت کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ٹوکیو میں نماز تہجد مکرم حزقیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی جبکہ مسجد بیت الاحد جاپان میں مکرم حافظ محمد امجد عارف صاحب نے نماز تہجد پڑھائی اور نماز وتر کی تیسری رکعت میں اللّٰھم اید امامنا بروح القدس کے علاوہ خصوصی طور پر وہ دعائیں دہرائی گئیں جن کی تلقین حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ میں فرمائی تھی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد خاکسار نے احباب جماعت کی خدمت میں نئے سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے خطبہ جمعہ میں تحریک فرمودہ دعاؤں کو دوبارہ دہرایا تاکہ احباب جماعت کو یہ دعائیں ذہن نشین ہوسکیں ۔

نماز فجر کے بعد مکرم مظفر احمد قادیانی صاحب سیکر ٹری ضیافت جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔

جماعت کی طرف سے بھجوائے گئے مبارک بادی کارڈ کا عکس

جاپان میں نیا سال دنیا بھر سے منفرد انداز سے اور روایتی طریق سے منایا جاتا ہے۔ جاپانی قوم کی اکثریت رات بارہ بجے شنتو مت کے معابد میں دعا کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہتی ہے۔ اسی طرح نئے سال کے موقع پر مبارک بادی کارڈز بھیجنا صدیوں سے جاپانی تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے۔ ان مبارک بادی کارڈز کے ذریعہ سے عزیز و اقارب اور جن لوگوں سے آئندہ سال تعلق رکھنا مقصود ہو انہیں دعائیں دی جاتی ہیں اور نئے سال میں بھی دوستی اور تعلق کا عزم نو باندھا جاتا ہے۔ جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے بھی ہر سال جاپانی شہنشاہ سمیت، وزیر اعظم جاپان، گورنرز، میئرزاور کثیر تعداد میں ان احباب کو مبارک بادی کارڈز بھجوائے جاتے ہیں جنہیں جماعت کا تعارف کروانا مقصود ہو۔ امسال بھی جماعت احمدیہ جاپان کی طرف سے پانچ سو کارڈز بذریعہ پوسٹ ارسال لیے گئے جبکہ مجلس خدام الاحمدیہ جاپان کے ممبران نے مسجد بیت الاحد کے نواح میں واقع ایک سو گھرانوں کو مبارک بادی کارڈز دیتے ہوئے جماعت کا تعارف کروایا اور ان کے تعاون پر جماعت کی طرف سے اظہار تشکر کیا گیا۔

(رپورٹ:انیس احمد ندیم۔ صدرجماعت احمدیہ جاپان)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button