حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(13؍جنوری ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 317,768,802

صحت یاب ہونے والے: 263,049,037

وفات یافتگان: 5,532,367

٭…سعودی وزارت حج کی جانب سے ای عمرہ گیٹ کے ذریعے ویزے کے اجرا کا طریقہ کارجاری کر دیا گیاہے۔اعلامیہ کے مطابق جن ملکوں کے شہریوں پر مملکت آنے پر پابندی نہیں وہ درخواست دے سکتے ہیں۔ زائرین وزارت حج و عمرہ کی لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی یا کمپنی کا انتخاب کریں اور مناسب پیکج رہائش و ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی رقم آن لائن ادا کریں۔

٭…امریکی محکمہ خارجہ نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل لانچ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل لانچ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ یہ پڑوسیوں اور بین الاقوامی برادری کے لیے خطرہ بھی ہے۔ دوسری جانب پڑوسی ملک جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق شمالی کوریا نے آج صبح مشرقی سمندر کی طرف بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔

٭…وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ افغانستان کو مزید 308 ملین ڈالر انسانی امداد فراہم کرے گی جس سے افغانستان کے لیے اکتوبر کے بعد سے امریکہ کی مجموعی امداد 782 ملین ڈالر ہوجائے گی۔ امریکہ افغانستان کو کورونا ویکسین کی اضافی دس لاکھ خوراکیں بھی فراہم کرے گا۔ نئی امداد خودمختار فلاحی تنظیموں کے ذریعے افغان عوام تک پہنچائی جائے گی جس میں رہائش، صحت، سردی سے بچاؤ، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کا سامان مہیا کیا جائے گا۔

٭…ڈنمارک میں حساس معلومات کی چوری کے الزام میں انٹیلیجنس چیف لارس فائنڈسن کو خفیہ معلومات افشا کرنے کے معاملے پر حراست میں لیا گیا۔ انٹیلیجنس سربراہ کی گرفتاری پر پبلک پراسیکیوٹر نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ دو ڈینش انٹیلیجنس ایجنسیز کے 4 ملازمین کو بھی دسمبر میں حراست میں لیا گیا تھا۔

٭…قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کا کہنا ہے کہ قازقستان میں بے امنی در اصل حکومت گرانے کی کوشش تھی، مسلح عسکریت پسند مظاہرین میں شامل ہونے کے انتظار میں ہی تھے۔ عسکریت پسندوں کا مقصد حکومتی اداروں کو نقصان پہنچا کر اقتدار پر قبضہ کرنا تھا۔ صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے پُرامن مظاہرین پر کبھی گولی نہیں چلائی نہ ہی چلائیں گے، قازقستان میں روس کی قیادت میں فوجی آپریشن جلد ختم ہوجائے گا۔

قازقستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر گزشتہ ہفتے مظاہرے شروع ہوئے تھے، پُرتشدد ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے قازقستان نے روس سے مدد طلب کی تھی۔قازقستان میں حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث 7 ہزار 939 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قازقستان کی تاریخ کی بدترین بےامنی اور ہنگامہ آرائی پر ملک میں آج سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

٭…میانمار کی سیاسی راہنما آنگ سان سوچی کو غیرقانونی طریقے سے ملک میں واکی ٹاکیز درآمد کرنے، انہیں اپنی ملکیت میں رکھنے اور ساتھ ساتھ کورونا کے حفاظتی قوانین کی خلاف وزری پر چار برس قید کی نئی سزا سُنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آنگ سان سوچی کے خلاف فوجی حکومت نے مختلف نوعیت کے تقریباً ایک درجن مقدمات درج کر رکھے ہیں اور گذشتہ سال دسمبر میں انہیں پہلی بار ایک کیس میں دو سال قید کی سزا سُنائی جاچکی ہے۔ چار سال کی مزید قید کے بعد اب مجموعی مدت چھ سال ہو چکی ہے۔

٭…مصر کی پہلی خاتون جج اور مصر کی عدلیہ کے اعلیٰ ترین عہدے سپریم آئینی عدالت کی سابق نائب صدر 71 سالہ تہانی الجبالی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئیں۔ ان کی تدفین اتوار کو ان کے آبائی شہر طنطہ میں عمل میں آئی۔ جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے منصورہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء سے 1973ء میں گریجویشن کیا تھا۔

٭…یورپین پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی 65 سال کی عمر میں اپنے ملک اٹلی میں انتقال کر گئے۔ وہ 26 دسمبر سے ہسپتال میں داخل تھے۔ صحافی کے طور اپنی زندگی کا آغاز کرنے والے ڈیوڈ ساسولی 2009ء میں یورپین پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ 2019ء میں اُنہیں یورپین پارلیمنٹ کا صدر منتخب کر لیا گیا تھا۔ ان کا تعلق اٹلی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔ ان کے انتقال پر تمام یورپین قیادت سمیت دنیا بھر سے سیاسی قیادت نے اظہار تعزیت کیا ہے۔

٭…ترکمانستان میں ساڑھے تین لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط صحرائے قراقم کے شمال کی طرف 69 میٹر چوڑا اور 30 میٹر گہرا ایک بڑا گڑھا ہے جس کا نام گیٹ کریٹر ہے جسے ’جہنم یا دوزخ کا دروازہ‘ یعنی ’گیٹ وے ٹو ہیل‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں آگ سلگنے کی وجہ اس سے نکلنے والی قدرتی گیس (میتھین) ہے۔ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے اسے بجھانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہم قدرتی وسائل کھوتے جارہے ہیں جو ہمارے لیے بہت فائدہ مند ہو سکتے تھے۔ ہم انہیں اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کر سکتے تھے۔

٭…تنزانیہ کے شمالی علاقے میں سرکاری حکام کی گاڑی اور ایک منی بس جس میں صحافی سوار تھے، کے ساتھ ٹکرانے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ٹریفک حادثہ میں 6 صحافیوں سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی صحافی حکام کے ساتھ علاقے کے دورے پر تھے۔

٭…جنوبی افریقہ کی عدالت نے پارلیمنٹ میں آگ لگانے کے واقعے میں گرفتار ملزم 49 سالہ ملزم زنڈیل کرسمس پر دہشتگردی کا الزام عائد کردیا۔ جبکہ پارلیمنٹ میں توڑ پھوڑ، آگ لگانے اور املاک کی چوری سمیت 6 الزامات عائد ہیں۔ ملزم نے پارلیمنٹ میں ڈیوائس سے دھماکا کیا۔ اسے 2جنوری کو پارلیمنٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں 2 جنوری کو لگنے والی آگ سے عمارت کی چھت گرگئی تھی، جب کہ آگ نے نیشنل اسمبلی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ پارلیمنٹ میں لگی آگ پر قابو پانے میں دو دن لگے تھے، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

٭…تائیوان حکومت کا کہنا ہے کہ ایف 16 سمندر کے اوپر پرواز کے دوران تربیتی مشن کے دوران لاپتہ ہوا، طیارے کے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے ایف 16طیارہ سمندر میں گرتے ہوئے دیکھا ہے۔ بحری جہاز اور ہیلی کاپٹرز سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

٭…امریکی ریاست بالٹیمور میں ڈاکٹروں نے طب کے میدان میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے 57 سالہ مریض ڈیوڈ بینیٹ میں کامیابی سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ خنزیر کا دل لگا دیا۔ ٹیم میں شامل پاکستانی ڈاکٹر منصور محی الدین نے کہا کہ ابتدائی تجربات میں انسان میں بندر کا دل لگایا جاتا تھا لیکن وہ مفید ثابت نہ ہوا البتہ سؤر پر تجربہ مفید رہا۔ سات گھنٹے تک جاری رہنے والے تجرباتی ہارٹ ٹرانسپلانٹ (دل کی پیوند کاری) کے تین دن بعد بھی مریض کی حالت بہتر ہے۔ ٹرانسپلانٹ کی لاگت تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی ہے۔ سرجن گریفتھ نے کہا کہ ہم نے ان (بینیٹ) کو ان کی اس علاج سے بہتر زندگی دینے کی کوشش کی ہے۔ لیکن میں نہیں جانتا کہ اس کے بعد وہ ایک دن، ہفتہ، مہینہ یا ایک سال زندہ رہ پاتے ہیں۔

٭…یورپی یونین کی انفارمیشن ایجنسی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس (The EU‘s Copernicus Climate Change Service) کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 2021ء اب تک ریکارڈ پر موجود گرم ترین 5 سالوں میں سے ایک تھا۔ یورپ، شمالی امریکہ اور بحیرہ روم میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

انفارمیشن ایجنسی کے مطابق درجہ حرارت میں یہ حیران کن اضافہ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ لوگوں کو زندگی گزارنے کے طریقوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنا ہوگا اور دیر پا ترقی کے اصولوں کو اپنانا ہو گا۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے علاوہ میتھین گیس میں بھی خاطر خواہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

٭…عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے ڈائریکٹر ہینس کلوگ کا کہنا ہے کہ 2022ء کے پہلے ہفتے میں یورپ میں 70 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ یورپ کی 50فیصد سے زائد آبادی کا اگلے 6 سے 8 ہفتے میں اومی کرون سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

یورپ میں دو ہفتوں میں کورونا کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے، تازہ اعداد و شمار کے مطابق اومی کرون تیزی سے پھیلنے والا ویرینٹ ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

٭…میکسیکو کے صدر ایندرس مانوئیل لوپیز دوسری مرتبہ عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔ صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کورونا پازیٹو ہونے کے اعلان میں کہا کہ ان میں کورونا کی معتدل علامات ہیں، وہ گھر میں قرنطینہ کے دوران صدارتی امور انجام دیتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ میکسیکو کے صدر مکمل ویکسین شدہ ہیں، انہوں نے7 دسمبر کو بوسٹر ڈوز بھی لگوالی ہے۔ وہ گزشتہ سال بھی جنوری میں ہی پہلی مرتبہ کورونا میں مبتلا ہوئے تھے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button