حضور انور کے ساتھ ملاقات

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کی (آن لائن) ملاقات

امام جماعت احمديہ حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے 2؍جنوری 2022ء کو نیشنل مجلس عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا نیز ریجنل قائدین کے ساتھ آن لائن ملاقات فرمائی۔

حضورِ انور نے اس ملاقات کو اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں قائم ایم ٹی اے سٹوڈیوز سے رونق بخشی جبکہ 50ممبران مجلس عاملہ نےلجنہ ہال اجوکورو، لیگوس نائیجیریا سے آن لائن شرکت کی۔

65منٹ پر مشتمل اس ملاقات میں جملہ شاملین کو حضور انور سے گفتگو کرنے کی سعادت حاصل ہوئی اور ممبران نیشنل مجلس عاملہ کو اپنے شعبہ جات کے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا موقع ملانیز انہوں نےچند مسائل کی بابت حضور انور سے راہنمائی اور ہدایات حاصل کیں۔

دوران ملاقات حضور انور نے جملہ ممبران مجلس خدام الاحمدیہ کو فعال ہونے پر زور دیا۔ فرمایا کہ لوکل جماعتوں پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں زیادہ فعال کیا جاسکے۔ حضور انور نے کام میں بہتری لانے کے لیے ہدایت دی کہ جملہ مجالس کو باقاعدہ تبصرے بھجوانے چاہئیں۔

محترم معتمد صاحب نے اپنا تعارف کروایا جس پر حضور انور نے استفسار فرمایا کہ آپ کی مجالس کی کل تعداد کیا ہے؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ نائیجیریا میں مجالس کی تعداد 348 ہے۔ اس پر حضور انور نے فرمایا کہ جب آپ کو رپورٹ ملتی ہے تو کیا آپ تبصرے لکھتے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ جی حضور ہم اپنے تبصرے دیتے ہیں۔ اس پر حضور انور نے فرمایا کہ کیا آپ درست طریقے سے ان تک پیغام پہنچاتے ہیں کہ رپورٹ وصول ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی حضور دیتے ہیں۔ حضور انور نے فرمایا کہ اچھا، تبصرے کون دیتے ہیں؟ صدر صاحب، معتمد صاحب یا متعلقہ شعبہ جات کے مہتممین تبصرے لکھتے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ ان کے لیے تبصرے لکھنے کے علاوہ ہم ہر ایک کو ایم ڈی یو بھی دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ ہمیشہ اپنی رپورٹس بر وقت جمع کروادیتے ہیں اور ہم مزید بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ حضور انور نے فرمایا: پھر کیا جواب ملتا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ الحمد للہ، ان میں سے بعض بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ اور ہمیں یقین ہے کہ آپ کی دعاؤں کے طفیل تمام لوگ عنقریب بہتری کی طرف بڑھیں گے۔ حضور انور نے فرمایا کہ یہ کام آ پ کی دعاؤں اور آپ کی محنت سے ہونا چاہیے۔ جب آپ کی دعائیں اور آپ کی محنت شامل حال ہوں گی تو پھر میری دعائیں کام آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اس پر کام کر رہے ہیں ان شاء اللہ۔ حضور انور نے فرمایا کہ اگر آپ محنت سے کام نہیں کر رہے اور آپ ان کے لیے دعا ئیں نہیں کر رہے تو پھر میری دعائیں بھی کام نہیں آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اس کے لیےکام کر رہے ہیں اور محنت بھی کریں گے ان شاء اللہ۔ پھر حضور انور نے استفسار فرمایا کہ آپ ہر روز اپنے دفتر (اعتماد) میں کتنا وقت صرف کرتے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ وہ لیگوس میں رہتے ہیں اور ہمارا مرکز بھی لیگوس میں ہے تو میں دفتر میں زیادہ تر ہفتہ اور اتوار کو جاتا ہوں۔ حضور انور نے فرمایا کہ یعنی آپ آن لائن کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نہیں، ہم ہفتے کے پانچ دن آن لائن کام کرتے ہیں لیکن ہفتہ اور اتوار کے دن ہم دفتر میں یا مرکز میں ہوتے ہیں۔ حضور انور نے فرمایا کہ آپ کا مرکز کہاں ہے؟ انہوں نے بتایا کہ ہمارا مرکز اجوکورو لیگوس میں ہے۔ حضور انور نےفرمایا کہ وہ لیگوس کے شہر سے زیادہ دور نہیں ہے۔ اور آپ لیگوس میں رہتے ہیں۔ نیز فرمایا کہ یہ تو پھر ایک گھنٹے کی ڈرائیو ہوگی کیونکہ ٹریفک بہت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی آپ بالکل درست فر ما رہے ہیں، ٹریفک بہت ہوتی ہے۔

مہتمم صاحب تعلیم سے مخاطب ہوتے ہوئے حضور انور نے فرمایا کہ جملہ ممبران مجلس عاملہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے کی طرف توجہ دلائیں۔ حضور انور نے فرمایا کہ آپ کو اپنے جملہ اراکین مجلس عاملہ کو تلقین کرنی چاہیے کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھیں۔ جو زیادہ پڑھے لکھے ہیں وہ اسلامی اصول کی فلاسفی پڑھیں۔ جبکہ دیگر خدام کو کشتی نوح پڑھنی شروع کرنی چاہئیں۔

مہتمم صاحب اشاعت کو مخاطب ہو کر حضور انور نے فرمایا کہ کیا آپ کے ہاں کوئی خدام الاحمدیہ کا ترجمان ہے جس کی ماہوار یا سہ ماہی اشاعت ہوتی ہو؟ انہوں نے بتایا کہ جی حضور، ہمارے ہاں چیزیں شائع ہوتی ہیں مثلاً بلیٹن ہے جو ماہوار شائع ہوتا ہے۔ پھر ایک میگزین ہے جو سال میں ایک دفعہ شائع ہوتا ہے۔ حضور انور نے استفسار فرمایا کہ کیا خدام نے یہ چیزیں لگوائی ہوئی ہیں یا آپ انہیں مفت مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک معین رقم ہے جو قابل ادا ہوتی ہے۔ تاہم مواد کی سافٹ کاپی بھی ہم مہیا کر دیتے ہیں جو ویب سائٹ پر مہیا ہوتی ہے۔

مہتمم صاحب تربیت نے اخلاقی تربیت کے حوالہ سے سوال کیا اس کے جواب میں حضور انور نے فرمایا کہ ان (خدام) کو یہ احساس دلائیں کہ پنجوقتہ نمازیں فرض ہیں اور ہر احمدی مسلمان کو پنجوقتہ نمازیں اگر باجماعت نہیں تو پھر گھر میںادا کرنی چاہئیں ۔ جہاں کہیں بھی وہ ہو۔ پھر ان کو روزانہ تلاوت کرنی چاہیے۔ ایک چھوٹا حصہ خواہ ایک رکوع یا دو رکوع یا چند رکوع یا چند آیات۔ اور اس کے علاوہ ان کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب میں سے چند اقتباسات پڑھنے کے لیے دیں جو ان کی روحانی ترقی کے لیے مفید ہوں۔ شعبہ تربیت ان کی اس سلسلے میں مدد کرے۔

نیز خدام الاحمدیہ کی ویب سائٹ کے بارے میں ہدایات سے نوازتے ہوئے حضور انور نے فرمایا کہ اگر آپ کی ویب سائٹ ہے تو آپ روزانہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب میں سے اقتباس لے سکتے ہیں جو تربیتی اور روحانی لحاظ سے مفید ہو۔

اطفال کے بارے میں حضور انور نے فرمایا کہ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ جملہ اطفال کو جماعت احمدیہ کی تمام سرگرمیوں میں شامل کیا جائے۔ حضور انور نے فرمایا کہ ہر ایک طفل کو اپنی سکیمز اور پروگراموں میں ضرور شامل کریں۔

معاون صدر سے حضور انور نے استفسار فرمایا کہ آپ کے ذمہ صدر صاحب نے کیا خاص کام لگایاہو اہے؟ انہوں نے بتایا کہ میرے سپرد ملکی سطح پر جرائم کی روک تھام اور امن کا قیام ہے۔ اس پر حضور انور نے فرمایا کہ آپ یہ کام کیسے کرتے ہیں ؟ انہوں نے بتا یا کہ جس ماہ میں بھی ہم نے کام کرنا ہوتا ہے تو ایک خرابی کو لیتے ہیں جیسے آجکل انٹر نیٹ کے ذریعہ دھوکا، سائبر کرائم ہے۔ چنانچہ ہم اس بارے میں کسی حد تک آگاہی دیتے ہیں۔ برائی موجود ہے، ہم احباب کو آگاہی دیتے ہیں۔ حضور انور نے دریافت فرمایا کہ کیا آپ اپنے کاموں کے اچھے نتائج دیکھتے ہیں؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جی حضور، ہم رپورٹس لیتے ہیں۔ اسی طرح ملک بھر میں ہر سال امن کے قیام کے لیے ہم جماعتی پمفلٹ بھی تقسیم کرتے ہیں۔ پھر حضور انورنے استفسار فرمایا کہ کیا ملک کا متعلقہ شعبہ آپ کی کاوشوں کو سراہتا ہے؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جی بالکل حضور۔ ہم اپنی رپورٹ ملکی نوجوانوں کے شعبہ کو دیتے ہیں۔ کیونکہ ہماری نمائندگی بھی ہے اور اپنی رپورٹ منسٹر آف یوتھ کو دیتے ہیں۔

نائب معتمد نے بتایا کہ معتمد صاحب نے ان کے ذمہ ترسیل ڈاک کا شعبہ کیا ہوا ہے اور تمام مجالس سے رپورٹس کے لیے رابطہ کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو بیٹے سے نوازا ہے اور وہ وقف نو میں شامل ہے۔

صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا سے مخاطب ہوتےہوئےحضور انور نے فرمایا کہ میں آپ کے اراکین عاملہ سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا تھا وہ تو ہو گیاہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ اور خدام الاحمدیہ کی ترقی کے لیے محنت کرنے میں آپ کی مدد کرے اور یہ کہ ہر عہدیدار اپنے فرائض کو سمجھنے والا ہو اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرنے والا ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مدد فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button