نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 11؍جنوری 2022ء بروز منگل کو 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم شیخ عبدالرافع مقرب صاحب (گھڑی ساز چوک یادگار ربوہ حال برمنگھم )کی نماز جنازہ حاضر اور 04مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرم شیخ عبد الرافع مقرب صاحب (گھڑی سازچوک یادگار ربوہ۔حال برمنگھم)

2؍جنوری 2022ء کو مختصر علالت کے بعد بر منگھم میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ دو ماہ قبل اہلیہ کے ہمراہ بیٹے کے پاس برمنگھم آئے تھے۔ آپ مکرم شیخ عبد اللہ مقرّب صاحب (پانچ ہزاری مجاہد) کے بیٹے اور مکرم مولوی فیروز دین صاحب امرتسری مرحوم(انسپکٹر تحریک جدید )کے داماد تھے۔آپ نے اپنے محلہ دارالصدر جنوبی ربوہ میں سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم دیندار، صوم وصلوٰۃ کے پابند ، ملنسار، مالی قربانی میں پیش پیش اورخلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چاربیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں ۔ مرحوم کے ایک بیٹے مکرم ممتاز اقبال صاحب اس وقت دفتر پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1مکرم شیخ نعمت الرحمان صاحب(ربوہ ) ا بن مکرم شیخ عبدالمنان صاحب مرحوم (آف کپورتھلہ)

26؍دسمبر2021ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے اور اللہ کے فضل سے موصی تھے ۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔آپ مکرم نعمت اللہ بشارت صاحب (مربی سلسلہ ناکسکو۔ڈنمارک) کے برادرنسبتی تھے۔

-2مکرم پا ذوالنورین ابراہیم صاحب ( نائیجیریا)

7؍نومبر2021ءکو 75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

6؍سال کی عمر میں والد کی وفات پر مرحوم اپنے چچا کے ساتھ رہنے لگے جوکہ اس وقت نائیجیریا کے ایک علاقے میں جماعت کے امام تھے۔ 1964ء میں 18 سال کی عمر میں اپنے چچا کے ذریعہ بیعت کی سعادت حاصل کی ۔ آپ کا تعلق اگالہ لینڈ سے ہے جہاں آپ کی مدد سے جماعت کو مؤثر تبلیغ کرنے میں مدد ملی اور بہت ساری جماعتوں کا قیام عمل میں آیا۔ آپ اس علاقے میں ایک کامیاب داعی الی اللہ تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے ۔ 1993ء میں آپ کا بیٹا بیمار ہوا۔ ڈاکٹر نے یہ کہہ کر جواب دے دیا کہ شدت بیماری سے اس کی چند گھنٹوں بعد وفات ہوجائے گی۔ بیٹا اس وقت نہ کھا پی سکتااور نہ ہی چل سکتا تھا۔ ذوالنورین صاحب نے دعا کی کہ اے اللہ !یہ بیٹا میں نے تیرے لیے وقف کیا تھا۔ اگر تو اس سے خدمت نہیں لینا چاہتا تو اپنے پاس بلالے ۔اس کے بعد بچے نے کھانا پینا شروع کردیا اور اب آپ کےیہ بیٹے مکرم عبد القادر ابراہیم صاحب اجیبو جماعت میں بطور سرکٹ مشنری خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔

-3مکرم محمد ادریس صاحب ٹھیکیدار ابن مکرم فضل دین صاحب (جرمنی)

5؍جون 2021ء کو89 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

مرحوم نے باب الابواب ربوہ میں میٹھا پانی لگوانے کا انتظام کیا۔ 1989ءسے 2010ء تک سپین میں وقف عارضی کرکے خدمت کی توفیق پائی۔ اس دوران مسجد بشارت اور ویلنسیا کی مسجد کے علاوہ بعض اور جماعتی تعمیرات میں خدمت بجالاتے رہے ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، صاف گو، سادہ مزاج ،بہت محنتی، نیک اور مخلص انسان تھے ۔ خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔مربیان اور جماعتی عہدیداران کا بہت احترام کرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں ۔

-4مکرم عبدا لرشید صاحب ( سابق صدر جماعت 93/T.D.Aضلع لیہ )

21؍دسمبر2021ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

مرحوم سیکرٹری امور عامہ ضلع لیہ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے تھے ۔بہت شفیق ، ہمدرد اور مخلص انسان تھے۔پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دوبیٹے شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 15؍جنوری 2022ء بروز ہفتہ کو 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکرمحترمہ ا مۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم ارشاد احمدصاحب مرحوم (آف دارالعلوم جنوبی حلقہ بشیر ربوہ ۔حال جماعت وانڈز ورتھ۔ یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور 04مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

محترمہ ا مۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم ارشاد احمدصاحب مرحوم (آف دارالعلوم جنوبی حلقہ بشیر ربوہ ۔حال جماعت وانڈز ورتھ۔ یوکے)

10؍جنوری 2022ء کو79سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔

اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔

مرحومہ نے حضرت ڈاکٹر محمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آغوش میں پرورش پائی ۔ مرحومہ نے ربوہ میں تقریباً 30 سال تک اپنے محلہ میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی ۔ ربوہ میں 300 بچیو ں کو قرآن کریم ترجمہ و تلفظ کے ساتھ پڑھانے کا بھی موقع ملا۔ مرحومہ بہت دیندار، صوم وصلوٰۃکی پابند،بہت ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کےساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ کو اپنے دور صدارت میں ربوہ کے گرد و نواح کے دیہات میں بہت مستعدی سے دعوت الیٰ اللہ کرنے کی بھی توفیق ملتی رہی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ مرحومہ مکرم مبارک احمد ظفر صاحب (ایڈیشنل وکیل المال اسلام آباد۔یوکے) اور مکرم مبشر احمدظفر صاحب (واقف زندگی ٹیلی فون ایکسچینج مسجد فضل لندن )کی بڑی ہمشیرہ تھیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1مکرمہ صادقہ ثریا بیگم صاحبہ اہلیہ چودھری محمد صادق صاحب مرحوم ( واقف زندگی سابق اکاؤنٹنٹ وکالت تبشیر ربوہ )

یکم جنوری 2022ء کو 86 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔

اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

مرحومہ ددھیال اور ننھیال کی طرف سے صحابہ کی نسل میں سے تھیں اور ایک دیندار جماعتی گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔خدمت دین کے ساتھ خدمت خلق آپ کا نمایاں پہلو تھا۔بہت سے لوگوں کی باقاعدگی سے مالی معاونت کرتیں اور تحفہ جات پہنچایا کرتی تھیں۔ رمضان میں خاص اہتمام ہوتا تھا۔ملازموں کے ساتھ غیر معمولی حسن سلوک کرتی تھیں۔ انتہائی مشکل حالات میں واقف زندگی شوہر کے ساتھ وقف نبھایا۔باقاعدہ تلاوت قرآن کریم کے علاوہ آپ جماعتی اخبارات و رسائل و کتب سیرت کا بالخصوص شوق سے مطالعہ کیا کرتی تھیں۔ کثیر العیال ہونے کے باوجود قناعت،مہمان نوازی، انفاق کے اوصاف سے متصف تھیں۔ چندہ جات کی ادائیگی بر وقت آغاز میں ہی کر دیا کرتی تھیں اور پھر غریبوں کی امداد کا وسیع سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا تھا۔آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 9/1 حصہ کی موصیہ تھیں۔پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم محمد محمود طاہر صاحب (سیکرٹری فضل عمر فاؤنڈیشن ربوہ) کی والدہ اور مکرم طارق محمود ظفر صاحب (امیر و مبلغ انچارج ۔کینیا) کی خوشدامن تھیں۔آپ کے ایک بیٹے (کمانڈر) ناصر احمد صاحب دفتر پرائیویٹ سیکرٹری اسلام آباد (یوکے) کے شعبہ ڈسپیچ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرم سید مقبول جاہ صاحب (کراچی)

11؍جولائی 2021ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔

مرحوم نے مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ آپ کو تبلیغ کا بہت شوق تھا اور پندرہ بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی ۔مرحوم موصی تھے۔

-3مکرمہ زیب النساء صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد ملک صاحب مرحوم ( سابق صدر جماعت بھیرہ ۔حال اسلام آباد۔پاکستان)

25؍دسمبر2021ء کو97 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔

اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔

مرحومہ نے لمبا عرصہ بھیرہ میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند اور تہجد گزار خاتون تھیں۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں ۔پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

-4مکرم عثمان احمد صاحب (پاکستان )

گزشتہ سال 18سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔

اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔

مرحوم خوش اخلاق ، ملنسار، ہمدرد، مخلص اور ایک باوفا نوجوان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button