یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ ناروے کی سرگرمیاں

تقریب عشائیہ مجلس انصار اللہ ناروے

سالِ نو کے آغاز پر مورخہ 2 جنوری 2022ء کو مجلس انصاراللہ ناروے نے امسال نئے شامل ہونے والے انصار اور سابق صدر مجلس انصاراللہ ناروے و دیگر عہدہ داران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

یہ تقریب نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد بیت النصر اوسلوکے مسرور ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ رانا مبشر محمود صاحب نے سورۃ الاحقاف کی آیات 16 اور 17 کی تلاوت کی جس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو چالیس سال کی عمر میں پہنچنے کو ایک پختہ عمر قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی نعماء کا شکر ادا کرنے اور اپنی اور اپنی اولاد کی اصلاح کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اس کے بعد محترم صدر مجلس انصاراللہ ناروے ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے انہیں آیات کی تفسیر حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں بیان کی۔ پھر تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئےتوجہ دلائی کہ عمر کے اس حصہ میں پہنچ کر انسان کی سوچوں اور اخلاق میں پختگی کے ساتھ پاک روحانی تبدیلی بھی آنی چاہیئے۔ آپ نے کہا کہ اگر انصار سال نو کے آغاز پر ایک ارادہ کے ساتھ اپنی اخلاقی حالت کو مزید بہتر بنانے کی شروعات کر دیں مثلاً اپنی کسی ایک کمزوری کو دور کرنے کا تہیہ کرکے اس پر کوشش کرنا شروع کردیں اور اسی طرح ایک نئی نیکی جاری کرنے کا تہیہ بھی کر لیں تو کچھ ہی عرصہ میں آپکی شخصیت میں ایک انقلاب آ سکتا ہے۔ مثلاً اگر کوئی ناصر صرف یہ عہد کرے کہ میں اس سال اپنے غصہ پر قابو پانے کی کوشش کروں گا۔ اور ہر وقت اس پر کوشش کرتا رہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ایک نیکی مثلاً باقائدگی سے تہجد ادا کرنے کا تہیہ کرلے تو بہت سی برائیوں سے بچنے اور نیکیاں کمانے کو موجب ہو گا۔

اسکے بعد مجلس انصاراللہ کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے مجلس کے قیام کے اغراض و مقاصد میں سے ایک نہایت اہم مقصد سے متعلق بتایا کہ سب سے بڑی اور اہم ذمہ داری انصار پر اپنی تربیت اور تربیت اولاد ہے۔ پھر امسال نئے شامل ہونے والے 17 انصار کو خوش آمدید کہتے ہوئے محترم صدر مجلس نے ان کاتعارف کرایا۔ نیز حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظور کردہ مجلس عاملہ انصاراللہ ناروے کے اراکین کو کھڑا کر کے فرداً فرداً تمام عہدیداران کا تعارف بھی پیش کیا۔ محترم صدر صاحب نے سابق صدر انصاراللہ محترم رانا نعیم احمد خان صاحب اور اُن کی عاملہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا اور ان کو پھول بھی پیش کیے۔

آپ نے اپنی گذارشات کا اختتام حضرت مصلح موعودؓ کے اس شعر پر کیا۔

میری تو حق میں تمہارے یہ دعا ہے پیارو

سر پہ اللہ کا سایہ رہے، ناکام نہ ہو

سابق صدر مجلس انصاراللہ ناروے محترم رانا نعیم احمد خان صاحب نے بھی تمام انصار اور اپنی مجلس عاملہ اور زعما ءکا شکریہ ادا کیا کہ تمام احباب نے انکے ساتھ بھر پور تعاون کیا۔ نیز محترم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ ناروے ظہور چوہدری صاحب اور مشنری انچارج ناروے چوہدری شاہد محمود کاہلوں صاحب نے بھی ہر موقع پر رہنمائی کی اور ان کا تعاون بھی شامل حال رہا۔ انہوں نے نئے آنے والے صدر مجلس انصاراللہ ناروے محترم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب اور ان کی مجلس عاملہ اور زعماء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پروگرام کے اختتام پر مشنری انچارج و نائب امیر محترم چوہدری شاہد محمود کاہلوں صاحب نے دعا کروائی۔ آخر میں کھانا پیش کیا گیا۔

ریفریشر کورس مجلس انصار اللہ ناروے 2022ء

مقولہ مشہور ہے کہ ’’علم حاصل کرو گود سے گور تک‘‘۔ یعنی علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں اور سیکھنے کے عمل سے ہمیشہ فائدہ ہی پہنچتا ہے، چاہے انفرادی طور پر ہو یا اجتماعی اور تنظیمی انتظام کے تحت علم کو سیکھنے کے لیے کوئی اہتمام کیا جائے۔ امسال مورخہ 23؍جنوری 2022ء کو مجلس انصاراللہ ناروے نے مجلس عاملہ اور زعماء مجالس کے لئے بیت النصر اوسلو میں بعد از نماز ظہر ایک ریفریشر کورس کا انعقاد کیا۔ اس کورس کا مقصد انصاراللہ کے مختلف شعبہ جات کے کاموں کو مزید بہتر طریق پر کرنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال سکھانا تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ مکرم خالد محمودصاحب نے کی۔ محترم صدر مجلس انصاراللہ ڈاکٹراحمد رضوان صادق صاحب نے عہد دہرایا۔ محترم نیشنل امیر جماعت ناروے ظہور احمد چوہدری صاحب نے افتتاحی کلمات میں مجلس انصاراللہ کو علوم کے سیکھنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے قرآن مجید کو بہترین علوم کا سمندر بتایا کہ جس کو سمجھ کر پڑھنا اور اس پر عمل کرنا انصار کے لیے بہت ضروری ہے اور پھر ان تعلیمات کو سمجھنے لے لیے آج کے دور میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور فرمودات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ عاجزی کے ساتھ علم سیکھنا چاہیے اور محض اپنی عقل پر انحصار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ’’یہ تو خود اندھی ہے گر نیّرِ الہام نہ ہو‘‘۔ محترم امیر صاحب نے خطاب کے آخر میں دعا کرائی۔

صدر مجلس انصاراللہ صاحب نے ریفریشر کورس کی افادیت پر روشنی ڈالی اور پروگرام کی تفصیل بتائی۔ اس کے بعد نائب صدر مجلس مکرم عبدالرحمٰن محمود قریشی صاحب اور معاون صدر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی مکرم عامر مقبول صاحب نے پریزنٹیشن کے ذریعہ تمام عہدیداران کو ان کے کاموں میں آسانی کے لئے معلومات فراہم کیں۔ اور ساتھ ساتھ انفرادی رہنمائی بھی کرتے رہے۔ مغرب کی نماز تک یہ پروگرام جاری رہا۔ نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کے لیے ضیافت کا انتظام کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا۔

(رپورٹ: رانامبشر محمود۔ قائد عمومی مجلس انصاراللہ ناروے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button