یورپ (رپورٹس)

ڈنمارک میں جلسہ یوم مصلح موعود

(نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

حکومت ڈنمارک کی طرف سے کووڈ19 کے سلسلہ میں عائد پابندیوں کے خاتمے کے اعلان کے بعد اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ڈنمارک میں تمام جماعتی پروگرام آن لائن کی بجائے مسجدمیں منعقد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور جلسہ پیشگوئی مصلح موعود پہلا جماعتی پروگرام ہے جو مسجد نصرت جہاں میں اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ تمام احباب (مرد و خواتین) کو جلسہ میں شمولیت کی اجازت تھی ماسوائے 12 سال سے کم عمر بچوں کے۔

20؍فروری بروز اتوار نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد اس جلسے کی کارروائی کا آغاز مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم بلاج محمود بٹر صاحب نے سورۃ الملک کی آیات 7تا 14کی تلاوت کی اور ان آیات کا ڈینش و اردو ترجمہ پڑھ کر سنایا جس کے بعد مکرم مصوّر احمد چیمہ صاحب نے حضرت المصلح الموعودؓ کا منظوم کلام ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ اس جلسے کی پہلی تقریر مکرم عمادالدین ملک صاحب نے ڈینش زبان میں کی جس میں آپ نے پیشگوئی مصلح موعودؓ کے مختلف پہلوؤں پر نہایت تفصیل سے روشنی ڈالی نیز حضرت المصلح الموعود رضی اللہ عنہ کی سیرت و سوانح سے بعض اہم اور ایمان افروز واقعات پیش کیے۔

مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بانی اسلام حضرت محمد عربیﷺ نے آنے والے مسیح کے متعلق فرمایا تھا کہ یتزوّج و یولد لہ کہ وہ شادی کرے گا اور اس کے اولاد ہوگی۔ اب بظاہر یہ کونسی بات تھی کہ دنیا میں مشرک، ہندو، سکھ، عیسائی سب شادی کرتے ہیں اور ان کے ہاں اولاد بھی ہوتی ہے۔

دراصل یہاں ایک عظیم اور کسی خاص اولاد کی بشارت دی جارہی تھی جو احیائے اسلام کے اس مشن کو آگے بڑھانے والی ہوگی جو آنے والے مسیح کا مشن تھا۔

پیشگوئی مصلح موعودؓ اور اس کا لفظ لفظ پورا ہونا نہ صرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا نشان ہے بلکہ اسلام کی حقانیت کی بہت بڑی دلیل ہے۔

حضرت مسیح موعودؑ نے دین اسلام کو سچا ثابت کرنے کےلیے ہوشیار پور میں چالیس روز تک گوشہ نشینی اختیار کی اور خدا تعالیٰ کے حضور گریہ و زاری کرتےہوئے اس کی رحمت اور قربت کا نشان مانگا جس پر خدا تعالیٰ نے آپ کو ایک عظیم الشان بیٹے کی ولادت کی خوشخبری عطا فرمائی جسے آپ نے ایک اشتہار کی صورت میں 20؍فروری 1886ء کو شائع فرمایا۔ یہ پیشگوئی دراصل باون ، تریپن پیشگوئیوں پر مشتمل ہے جس کی یاد میں ہم ہر سال جلسہ پیشگوئی مصلح موعود منعقد کرتے ہیں۔

امیر صاحب نے مختصراً حضرت مصلح موعودؓ کے چند کارناموں کا ذکر کیا اور اس سلسلہ میں آپ نے اپنی تقریر میں حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےخطبہ جمعہ فرمودہ 18؍فروری 2022ء سے حضرت المصلح موعودؓ کی سیرت و سوانح کے حوالے سے بعض اہم واقعات خلاصۃً پیش کیے۔

تقریر کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے حضرت المصلح موعودؓ کے بعض اقتباسات بھی پیش کیے۔ امیرصاحب نے احباب جماعت کے سامنے حضرت مصلح موعودؓ کےاس شعر کو بیان کیا ۔

خالی اُمید ہے فضول سعیٔ عمل بھی چاہیے

ہاتھ بھی تو ہلائے جا، آس کو بھی بڑھائے جا

اور احباب جماعت کو توجہ دلائی کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کے مشن کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے اپنا حصّہ ڈالیں اور نمازوں، دعاؤں، مالی قربانی اور وقت کی قربانی کے ساتھ اس مبارک مشن کی ترقی کے لیے ہر وقت خلیفہ وقت کے سلطان نصیر بنیں تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کی رضا کے وارث ہوں۔ آمین

اس بابرکت جلسہ میں قریباً ڈیڑھ صد احباب و خواتین نے شرکت کی جبکہ قریباً یکصد احباب نے آن لائن استفادہ کیا۔ جلسہ کے اختتام پر تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جو مکرم سیکرٹری صاحب ضیافت اور ان کی ٹیم نے تیار کیا تھا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

(رپورٹ: نعمت اللہ بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button