افریقہ (رپورٹس)

برکینا فاسو میں ہیومنٹی فرسٹ کے تحت آنکھوں کے فری آپریشن

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)
اس امیج کا "ALT" ٹیگ نہیں ہے. اور اس کی فائل کا نام Burkina-Faso-EYe-operation-3.jpg ہے

حضرت مرزا مسرور احمد، خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں: ’’لغات میں لکھا ہے کہ نُور اللہ تعالیٰ کی صفات حسنہ میں سے ایک صفت ہے اور اَلنُّوْر ابن اثیرکے نزدیک وہ ذات ہے جس کے نُور کے ذریعہ جسمانی اندھا دیکھتا ہے اور گمراہ شخص اس کی دی ہوئی سمجھ سے ہدایت پاتا ہے…اَلنُّوْر اس پھیلنے والی روشنی کو کہتے ہیں جو اشیاء کے دیکھنے میں مدد دیتی ہے اور یہ دو قسم کی ہوتی ہے۔ دنیوی اور اخروی… دنیوی نُور پھر دو قسم کا ہوتا ہے۔ ایک وہ نُور جس کا ادراک بصیرت کی نگاہ سے ہوتاہے اور یہ وہ نُور ہے جو الٰہی امورمیں بکھرا پڑا ہے جیسے نُور ِعقل اور نُورِ قرآن۔ دوسرے وہ نور جس کوجسمانی آنکھ کے ذریعہ سے محسوس کیا جاسکتاہے۔‘‘(خطبہ جمعہ فرمودہ 4؍ دسمبر 2009ء)

انسان کا اگر ظاہری و باطنی نور ضائع ہو جائے تو اندھیروں میں ٹکریں مارنے کے سوا جسمانی و روحانی زندگی میں کچھ باقی نہیں رہتا۔ جماعت احمدیہ دونوں قسم کے اندھیروں کو دور کرنے کے لیےخلافت کی بابرکت راہنمائی میں دن رات مصروف ہے۔ برکینافاسو مغربی افریقہ کا ایک صحرائی ملک ہے جہاں اندھے پن کی بیماری کافی زیادہ ہے۔ بہت سارے کیسز میں ایک مختصر آپریشن کے ذریعہ بینائی بحال کی جا سکتی ہے۔ الحمد للہ سال ہا سال سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو خدمت کے اس میدان میں کار ہائے نمایاں سرانجام دینے کی توفیق پا رہی ہے۔

کامیاب آپریشن اور نیک نامی

سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعا اور راہنمائی کے فیض سے جماعت احمدیہ برکینا فاسوکی طرف سے کیے جانے والے فری آپریشن کامیاب ہورہے ہیں۔ اس وجہ سے جہاں جماعت کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے وہاں ایسے ضرورت مندوں کی طرف سے درخواستوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جنہیں علاج معالجے کی سہولت اور ذرائع میسر نہیں۔ حکومتی عہدیداروں کی طرف سے بھی ایسی درخواستیں موصول ہوتی رہتی ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں آنکھوں کے علاج کے فری کیمپ لگوانا چاہتے ہیں۔

اس امیج کا "ALT" ٹیگ نہیں ہے. اور اس کی فائل کا نام Burkina-Faso-EYe-operation-2.jpg ہے

آئی کیمپ کے لیے سائٹ کا انتخاب

ہر علاقے کے ضرورت مندوں تک پہنچنے اور حتی المقدور ان کے فری علاج اور آپریشن کے لیے ہیومینٹی فرسٹ برکینافاسو مسلسل پروگرام بناتی رہتی ہے۔ ایسے پروگرام کا انعقاد اور سائٹ کا انتخاب آنے والی درخواستوں اور حکومتی نمائندوں کے تعاون اور محکمہ صحت کی تحریری اجازت سے کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزارت صحت کی جانب سے متعلقہ علاقے کے سرکاری ہسپتال کے عملے اور بالخصوص آئی ڈیپارٹمنٹ کو پابند کیا جاتا ہے کہ جماعت احمدیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ عمدہ طریق پر مستحقین تک یہ مدد پہنچ سکے۔

علاقے کا دورہ کرنے اور متعلقہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے میٹنگ کرنے کے بعد کیمپ کے دن کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔ پھر مختلف ذرائع سے اس کیمپ کی تاریخ کی تشہیر کی جاتی ہے۔ ریڈیو پر اعلانات اور عوامی آگاہی کے بینرز آویزاں کر کے لوگوں کومطلع کیا جاتا ہے۔

مریضوں کی رجسٹریشن

کیمپ کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد ضرورت مند متعلقہ میڈیکل سنٹر میں اپنا اندراج کرواتے جاتے ہیں۔ اس طرح باقاعدہ کیمپ شروع کرنے سے پہلے ہی مریضوں کی تعداد متعین ہو جاتی ہے۔

پو (PO) میں کیمپ کا انعقاد

ماہ فروری 2022ء میں برکینافاسو کے دارالحکومت واگا دوگو سے ایک صد پچاس کلومیٹرز دور سرحدی شہر پو (PO) میں آنکھوں کےفری آپریشن کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔ جماعت کی طرف سے اس علاقے میں لگنے والا یہ پہلا آئی کیمپ تھا۔ یہ شہر، گھانا کی سرحد پر واقع ہے۔ 2004ء میں اسی راستے سے سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برکینافاسو تشریف لائے تھے۔ گھانا سے نکل کر برکینا فاسو کے جس شہر نے سب سے پہلے آپ کی قدم بوسی کی توفیق پائی وہ پو PO شہر ہی ہے۔

اس امیج کا "ALT" ٹیگ نہیں ہے. اور اس کی فائل کا نام Burkina-Faso-EYe-operation-6.jpg ہے

مورخہ 9 فروری 2022ء کو باقاعدہ اس کیمپ کا آغاز کیا گیا۔ مکرم محمود ناصر ثاقب امیر جماعت برکینافاسو اور چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ مکرم جیالو عبدالرحمٰن صاحب کے ساتھ پو تشریف لے گئے اور دعاکے ساتھ اس کیمپ کا آغاز کیا۔ ا س موقع پر علاقے کے انتظامی عہدیدار بھی موجود تھے۔

9؍فروری سے شروع ہونے والے کیمپ کے لیے مریض اپنا اندراج کرواچکے تھے۔ اس بار کل 125 آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ 9سے 14؍فروری تک اندراج شدہ مریضوں کو چیک کیا گیا۔ جن کا آپریشن تجویز ہوا ان کو الگ کر کے مختلف دنوں کی اپائنٹمنٹ دی گئی۔ جن کا آپریشن نہیں ہوسکتا تھا ان کو حسب ضرورت طبی مشورے اور دوائی دے کر فارغ کر دیا گیا۔

15 فروری سے آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا۔ کل259 مریضوںکا چیک اپ کیا گیا۔62 مریضوں کو نظر کی عینک مفت دی گئی۔ 74مریضوں کودوائی وغیرہ دی گئی۔ 19 فروری تک کل 111 آپریشن ہوئے۔ جن میں سے دو بزرگ افراد ہمسایہ ملک گھانا سے بھی تشریف لائے اور آپریشن کروایا۔ اس بار یہ کیمپ سرکاری میڈیکل سنٹر پو کے احاطے میں لگایا گیا تھا۔ اسی سنٹر کے ایک کانفرنس روم کو آپریشن تھیٹر میں تبدیل کر کے یہ آپریشن کیے گئے۔ ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کے چھ افراد کے ساتھ ہسپتال کے سات افراد کا عملہ دن رات اس کار خیر میں مصروف رہا۔

اختتامی تقریب

18 فروری 2022ء کو میڈیکل سنٹر پو میں اس کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ دارالحکومت واگا دوگو سے ایک وفد، جس میں جیالو عبد الرحمٰن صاحب، چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ برکینا فاسو، مکرم ابراہیم تراورے صاحب اور خاکسار شامل تھا،مکرم امیر صاحب برکینا فاسو کی سربراہی میں پو پہنچا۔ شام ساڑھے پانچ بجے میڈیکل سنٹر میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔اس میں علاقے کے کمشنر کے نمائندہ، میئر آفس کے نمائندہ ، ہسپتال کا عملہ، ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم جماعت احمدیہ پو کے افراد اور دیگر معززین شہر شامل ہوئے۔ تقریب سے پہلے مکرم امیر صاحب نے آپریشن تھیٹر کا دورہ کیا او رتمام عملے کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کیمپ کوکامیاب بنانے میں مدد فراہم کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

اس امیج کا "ALT" ٹیگ نہیں ہے. اور اس کی فائل کا نام Burkina-Faso-EYe-operation-5.jpg ہے

آپریشن سے مستفید ہونے ولے افراد کی میٹنگ

مورخہ 19؍فروری کو ایسے تمام افراد کو ہسپتال بلایا گیا تھا جن کے آپریشن ہوئے تھے۔ ا س موقع پر ان کی بینائی کا جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹرز نے انہیں احتیاطی تدابیر کا بتایا اور استعمال کی جانے والی ادویات کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر ایک اجتماعی فوٹو بھی لیاگیا۔

مستقبل کا منصوبہ اور خدمت کا وسیع میدان

سیدنا حضرت امیر المومنین اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص توجہ اور راہنمائی سے برکینا فاسو میں مجلس انصار اللہ یوکے کے تحت ’’مسرور آئی انسٹیٹیوٹ ‘‘ تعمیر ہو چکا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس کا عنقریب آغاز ہونے والا ہے۔اس وقت تک بہت ساری مشینری لگ چکی ہے اور بعض چیزیں انسٹال کی جارہی ہیں۔ اس ہسپتال کے بارے میں ہمارے پیارے آقا اید ہ اللہ تعالیٰ کا نظریہ بہت واضح ہے۔ آپ کا ویژن ہے کہ یہ افریقہ میں آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کا سب سے بڑا مرکز بنے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس منصوبے کی تکمیل اور سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خواہش کو پوراکرکے خدمت انسانیت کے نئے اہداف پوراکرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جو لوگ دیکھ نہیں سکتے وہ کن محرومیوں کا شکار ہیں آنکھوں والوں کے لیے اس کا انداز ہ کرنا بھی مشکل ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم ان ظاہری بصارت سے محروم لوگوں کے لیےکیا کر سکتے ہیں۔ کس قدر ان کے کام آسکتے ہیں تھوڑی سی کوشش اور تھوڑی سی رقم سے بینائی سے محروم کسی فرد کی آنکھوں کا آپریشن کروا کر بے شمار دعاؤں کا وارث بن سکتے اور کسی کی دنیا روشن کر سکتے ہیں۔خدمت کا یہ وسیع میدان ہم سب کو دعوت عمل دے رہا ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button