افریقہ (رپورٹس)

سالانہ ریجنل جلسہ جات بواکے و فیرکےنیز افتتاح مساجد،آئیوری کوسٹ

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو امسال بفضل خدا تعالیٰ وقتاً فوقتاً ریجنل جلسہ جات کے انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔ اس ضمن میں بواکے (Bouake) ریجن نیز فیرکے (Ferkessedougou) ریجن (شمالی ریجن) کو دوران ماہ بالترتیب مورخہ 19 و 20؍فروری 2022ء بروز ہفتہ و اتوار اپنے اپنے ریجنز میں سالانہ ریجنل جلسہ جات کے انعقاد کی توفیق ملی۔

ریجنل جلسہ بواکے (Bouake)

بواکے ریجن کو امسال اپنا پہلا ریجنل جلسہ مورخہ 19؍فروری کو منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جس میں امیر صاحب آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے مع اراکین نیشنل عاملہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ جلسہ بمقام تاکاناجولاسو منعقد ہوا۔ ریجنل جلسہ کےانتظامات مکرم باسط احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ کی نگرانی میں انجام پائے، جس کے لیے جلسہ سے قبل ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا نیز انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد میٹنگز بھی کی گئیں۔ اسی طرح ریجن کی تمام جماعتوں میں باقاعدہ جلسہ میں شمولیت کے پیغامات بھجوائے گئے۔

جلسہ میں شرکت کے لیے مہمانان کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل بروز جمعۃ المبارک ہی شروع ہو گیا تھا چنانچہ اسی روز سے ہی شعبہ حاضری نے اپنا کام شروع کردیا۔ بروز جمعہ بعد از نماز عشاء مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مکرم لقمان احمد فرید صاحب مبلغ سلسلہ نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔

جلسہ کے دن کا آغازباجماعت نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد مکرم سلا ابراہیم صاحب نے یوم مصلح موعود کے پیش نظر پیشگوئی حضرت مصلح موعودؑ کے عنوان سے درس دیا۔ جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح 9 بجے لوائے احمدیت قومی پرچم لہرانے اور دعا سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ اور قصیدہ کے بعد مقامی روایات کے مطابق ابتدائی طور پر حاضرین جلسہ کو مکرم ڈالیساکا ہارون صاحب افسر ریجنل جلسہ نے ابتدائی کلمات میں خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد جلسہ کی تقاریر کا آغاز ہوا۔ پہلی تقریر مکرم سلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’نماز کی اہمیت‘‘ کی۔ جس کے بعد ریجنل مشنری باسط احمد صاحب نے ’’جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم بالو احمد صاحب لوکل معلم سلسلہ نے تقریر بعنوان ’’جماعت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کی۔ جیالو صدیق صاحب نے اس کے بعد ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں نیشنل عاملہ کے عہدیداران و جلسہ میں شامل غیر از جماعت خصوصی مہمان نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے ’’بطور مسلمان ایک احمدی کی ذمہ داریاں و فرائض‘‘ کے عنوان سے کی جس کے بعد دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

جلسہ سالانہ کا ایک مقصد احباب جماعت کی تربیت کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لیے انہیں اپنے اپنے فرائض کے سلسلہ میں رہنمائی فراہم کرنا بھی ہے۔ چنانچہ نماز ظہر عصر کی ادائیگی اور طعام کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں جلسہ میں شاملین ضلعی عاملہ و لوکل صدران جماعت کے ساتھ میٹنگ کا انتظام بھی کیا گیاجس میں امیر صاحب نے انہیں ہدایات سے نوازا۔ بواکے ریجن کے جلسہ میں امیر صاحب کے و نیشنل عاملہ کے ممبران کے ساتھ ساتھ بعض ریجنل مبلغین کرام مکرم لقمان احمد فرید صاحب اور مکرم احتشام الحسن صاحب نے بھی شرکت کی جبکہ نمائندہ پارلیمینٹ، نمائندہ گورنر، میئر اور پیراماونٹ چیف و دیگر مقامی غیر از جماعت ائمہ مساجد نے بھی شرکت کی۔ اس جلسہ کی کل حاضری753 افراد پر مشتمل رہی، الحمدللہ علی ذالک۔

ریجنل جلسہ فیرکے(Ferke) اور دو مساجد کا افتتاح

ملک کے شمالی علاقہ کا ریجنل جلسہ مورخہ 20؍فروری 2022ءکو بمقام Lokaha II منعقد ہوا۔ جلسہ کی تیار ی میںLokaha II جماعت کے احباب وخواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حال ہی میں مکمل ہونے والی مسجد اور اس کے احاطہ کو متعدد وقار عمل کے ذریعہ صاف کیا گیا۔ دیگر انتظامات بالخصوص کھانے کی تیاری کے لیے باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دیکر انہیں تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ جلسہ میں شرکت کے لیے دور کی جماعتوں سے تقریباً 100مہمان 19فروری کی رات کو پہنچ گئے تھے۔ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ اس جلسہ میں بھی بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے۔

جلسہ کے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد و فجر سے ہوا۔ جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ آغازصبح 10 بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم بالو احمد معلم سلسلہ Amoriakro نے ’’توحید باری تعالیٰ‘‘ کے عنوان پر جولا زبان میں تقریر کی۔ جس کے بعد مکرم سورو سعید صاحب معلم سلسلہ نے ’’قیام نماز اور اس بارہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ‘‘ کے موضوع پر سینفو زبان میں تقریر کی۔ تیسری تقریر مکرم Sanfo Hassyml Moubaric ریجنل قائدمجلس خدام الاحمدیہ فیرکے ریجن نے بعنوان ’’آخری زمانہ کی علامات اور امام مہدی کا ظہور‘‘ کی جس کے بعدمکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب ریجنل مبلغ شمالی(فیرکے) ریجن نے ’’مقاصد مذہب‘‘ کے عنوان پر کی جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ، نمائندہ صدر مجلس انصار اللہ آئیوری کوسٹ اور صدر لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ نے مختصر خطابات کیے اور اپنی اپنی مجلس سے متعلق ہدایات دیں۔

اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے ’’تعمیر مسجد کے مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر کی نیز پیشگوئی مصلح موعودؓ کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔ یوں جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہو۔

بعدازاں امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد کی دیوار پر آویزاں یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ یوم مصلح موعودؓ کی مناسبت سے مسجد کا نام ’’مسجد محمود‘‘ رکھا گیاہے۔ مسجد کے افتتاح کے موقع پر علاقہ کے ممبر آف پارلیمنٹ کے نمائندہ اور Commandat de Brigade کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ دوپہر ڈیڑھ بجے نمازظہر اور عصر جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ میں 18جماعتوں کے تقریباً 500 افراد شامل ہوئےجن کےعلاوہ تقریباً100 غیر مسلم مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سہ پہر تین بجے مکرم امیر صاحب افراد جماعت کے ایک بڑے وفد کے ہمراہLadiokaha پہنچے جوکہ Lokaha II سے تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ یہاں پہنچ کر امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ اس مسجد کا نام ’’مسجد نور‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر تقریباً 200افراد جمع تھے جن میں غیر مسلم افراد کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ یوں دونوں تقاریب میں تقریباً800 افراد شامل ہوئے۔

دونوں مساجد کے افتتاح کی خبرالیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں شائع ہوئی۔AIPجو کہ ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی ہے کی ویب سائٹ پر دو جبکہ Operanewsپر ایک خبر شائع ہوئی۔ اسی طرح ملک کے حکومتی اخبار Fraternite Matinمیں خبر شائع ہوئی۔ دیگر دو ملکی اخبارات L‘Essor اور L‘inter میں بھی اس بارہ میں خبریں شائع ہوئیں جن کے ذریعہ ہزاروں افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ افراد جماعت کو ان دونوں جلسہ جات سے حقیقی رنگ میں بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے نیز دونوں نئی تعمیر شدہ مساجد کو بھی ایمانی جذبہ کے تحت نمازیوں سے بھرنے کی توفیق عطا کرے نیز جماعت آئیوری کوسٹ کو آئندہ بھی تعلیم وتربیت کے اس سلسلہ کو قائم رکھنے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button